Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.




گاؤں باہتر(اٹک):رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میجر طاہر صادق کی ہمشیرہ رضائے الہٰی سے انتقال کر گئیں 
رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میجر طاہر صادق کی ہمشیرہ ، سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب الحاج سردار محمد صادق خان ( مرحوم ) ، پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں واحد بلا مقابلہ خاتون رکن اسمبلی بیگم الحاج سردار محمد صادق خان مرحومہ کی صاحبزادی ، چیئرپرسن ضلع کونسل اٹک ایمان طاہر ، سابق رکن قومی اسمبلی محمد زین الہٰی کی پھوپھی ، سابق سیکرٹری ڈسٹرکٹ آرمڈ بورڈ میجر سردار کامران نوازش خان کی اہلیہ اور پی آئی اے کی سابق اسٹیشن منیجر سردار عرفان نوازش خان کی بھابھی ، سابق چیف آفیسر سردار شبیر احمد خان کی سالی ، سابق وفاقی سیکرٹری حامد علی خان کی قریبی عزیزہ رضائے الہٰی سے انتقال کر گئیں ۔مرحومہ کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں باہتر میں ادا کی گئی اور باہتر ہی میں ہی ان کے آبائی قبرستان میں تدفین کر دی گئی ،نماز جنازہ میں وفاقی اور صوبائی وزرا ء ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، چیئرمین یونین کونسل ، سابق امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی ، سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ 

اٹک سٹی:ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی قیادت کا عوام کی رائے کے خلاف ٹکٹ جاری کرنا لاکھوں ووٹروں کی توہین ہے ؛ رپورٹ
اٹک کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی قیادت کا عوام کی رائے کے خلاف ٹکٹ جاری کرنا لاکھوں ووٹروں کی توہین ہے جس شخصیت نے پاکستان تحریک انصاف کو اٹک میں زیرو سے ہیرو بنایا اور عوام کے تعاون سے سات میں سے چھ سیٹیں جیت کر عمران خان کی جھولی میں ڈالیں ‘قیادت کا اُس شخصیت کو مشاورت تک کا نہ پوچھنا ،میجر طاہر صادق سے نہیں بلکہ لاکھوں ووٹروں سے زیادتی کے مترادف ہے ۔تین لاکھ اسی ہزار عوام کے ووٹوں سے تین سیٹیں جیتنے والے میجر طاہر صادق کیا اس بات کے مستحق نہیں تھے ،انہیں عوام کے اعتماد کی لاج رکھتے ہوئے کابینہ میں اہم ذمہ داری سونپی جاتی تاکہ وہ ضلع اٹک سے پسماندگی ، بے روزگاری کا خاتمہ کرتے اور تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوتا اٹک کی عوام اُن کی دو دفعہ ضلع ناظم منتخب ہونے پر اُن کی کارکردگی ضلع کی تعمیرو ترقی ، روزگار کی فراہمی ، تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات دیکھ چکی ہے ‘یہی وجہ ہے کہ ضلع بھر میں جو محبت ، پیار اور عوام کا اعتماد میجر طاہرکو حاصل ہوا ضلع بھرمیں کسی دوسری شخصیت کو حاصل نہیں ہے ضلع اٹک کی عوام عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت سے پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کیا اُن کی ووٹ کا یہی بدلہ ہے کہ ہم نے تبدیلی اور بہتری کے لیے ووٹ دیا مگر عمران خان نے ضلع اٹک کی عوام کے ساتھ استحصال اور زیادتی کی پالیسی اپناتے ہوئے میجر طاہر صادق کو نہ صرف کابینہ میں نہیں لیا بلکہ ضمنی الیکشن میں بھی ٹکٹ کے معاملہ پر اُن کو نظر انداز کیا جو اٹک کے غیور عوام کی توہین ہے اٹک کے عوام ایسی کسی حرکت کو نہ صرف ناپسند کرتے ہیں بلکہ اٹک کی عوام ایک خوددار اور غیور عوام ہے جو میجر طاہر صادق سے بے پناہ پیار کرتی ہے میجر طاہر صادق کی اتنی زیادتیوں کے باوجود قیادت کے ہر فیصلے کو تسلیم کرنا اُن کی اعلیٰ ظرفی کی مثال ہے اگر انہیں نظر انداز کرنے کا یہی پروگرام جاری رہا تو لاکھوں عوام میجر طاہر صادق کو فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں ۔

اٹک سٹی:ریلوے پھاٹک اعوان شریف سہولیات کی عدم فراہمی کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ؛رپورٹ
ریلوے پھاٹک اعوان شریف سہولیات کی عدم فراہمی کسی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ،تفصیلات کے مطابق محلہ اعوان شریف ریلوے پھاٹک جو اب انتہائی مصرف ترین ریلوے پھاٹک ہے چند ماہ قبل ریلوے حکام نے اس ریلوے پھاٹک کو ڈبل کر دیا لیکن اہم مسلے کی طرف کوئی توجہ نہ دی اس جدید دور میں بھی ریلوے پھاٹک پر معمور ملازمین ٹرین کی آواز سن کر یا اندازے سے پھاٹک بند کرتے ہیں اکثر اوقات ریل گاڑی سامنے آ جاتی ہے تو پھاٹک بند کی جا رہی ہوتی ہے آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے انہیں پھاٹک سے سگنل دکھائی ہی نہیں دیتا اور انکے پاس انکے پاس ریلوے اسٹیشن سے رابطے کے لئے ٹیلی فون کی سہولت بھی موجود نہیں اور انٹر لاک سسٹم بھی نہیں شاہد اٹک ریلوے حکام کسی بڑے سانحے کا انتظار کر رہے ہیں 2007 میں محلہ اعوان شریف کے رہائشیوں کا ایک وفد اس وقت کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر فضل رازق سے ملا تھا جس نے اس ریلوے پھاٹک پر یہ سہولیات دینے کا وعدہ بھی کیا کیا تھا اس وقت بھی شیخ رشید احمد ہی وزیر ریلوے تھے ،اس وقت بھی مختلف قومی اخبا رات میں اس خطرناک ریلوے پھاٹک کی خبریں شائع ہوئیں تھیں لیکن گیارہ سال گزرنے کے بعد بھی اس جدید دور میں یہ ریلوے پھاٹک ان سہولیات سے محروم ہے اور شیخ رشید احمد ایک بار پھر وزیر ریلوے بن گئے ہیں یہ ریلوے پھاٹک کسی وقت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے وزیر ریلوے شیخ رشید احمدسے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

حضروسٹی:چنگیز خان اور ملک حمید اکبر کے فیصلوں سے بلدیاتی انتخابات میں اہم کردار سمیت نئی سیاسی فضا پیدا ہوگی؛زاہد میر
چنگیز خان کے میڈیا ایڈوائزر زاہد میر نے کہا ہے کہ خادم چھچھ چنگیز خان اور خادم اٹک ملک حمید اکبر کے فیصلوں سے بلدیاتی انتخابات میں اہم کردار سمیت این اے 55میں نئی سیاسی فضا پیدا ہوگی،چنگیز خان ، ملک حمید اکبر اتحاد جلد چھچھ اٹک کے عوام کوجلد خوشخبری دے گا، عوام جان گئے ہیں چنگیز خان‘ملک حمید اکبر جھکنے ، بکنے اور ڈرنے والے نہیں ہیں ان کی عوامی خدمات کے نتیجہ میں نئے لوگ ساتھ شامل ہو رہے ہیں، میرے قائد چنگیز خان کے پورے چھچھ اور اٹک میں بھی اہم رابطے ہیں جس سے ایک نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے اور حلقہ عوام کی ایک بار پھر ان پر نظریں مرکوز ہیں ، ملک حمید اکبر اور چنگیز خان کے فیصلوں سے ایک نئی تاریخ رقم ہو گی ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ چنگیز خان کے ساتھ نئے لوگوں کی شمولیت سے ہم مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہیں ،زاہد میر نے کہا کہ ملک حمید اکبر ایک دور اندیش ، نڈر اور عوامی لیڈر ہیں ، چنگیز خان کی طرح انہوں نے بھی اپنے عوام کی خاطر ثابت قدمی دکھائی جس پر چھچھ اور اٹک کے عوام دونوں قائدین پر اعتماد اور ان کے فیصلوں پر لبیک کہتے ہیں کیونکہ عوام جان گئے ہیں چنگیز خان اور ملک حمید اکبر جھکنے ، بکنے اور ڈرنے والے نہیں ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مشترکہ پلیٹ فارم سے جلد اٹک و چھچھ کے عوام کوبڑی خوشخبری دیں گے اور واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ عوام کو آئندہ بھی کسی محاذ پر تنہا نہیں چھوڑینگے اور عوام کی خدمت کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔

اٹک سٹی:عمربھرقید کی سزا پانے والے رہنما مسلم لیگ (ن) و سابق ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کر دیا گیا 
ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے رہنما مسلم لیگ (ن) و سابق ممبر قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل راولپنڈ ی سے ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کر دیا گیا ہے ،اُن کی راولپنڈی سے ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقلی ہفتہ کے روز صبح ہوئی اس موقع پر ڈسٹرکٹ جیل اٹک اور اُس کے اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ملاقاتوں کے لیے آنے والوں کی مکمل تلاشی لے کر جانے کی اجازت دی جاتی ہے یاد رہے کہ حنیف عباسی کی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرہ میں موجود ہونے کی تصویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد آئی جی جیل خانہ جات نے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی جن کی سفارشات پر آئی جی پنجاب کے حکم پر حنیف عباسی کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک منتقل کر دیا گیا ہے ۔ 

غازی بروٹھہ جھیل سے لاش برآمد ، 20 سالہ نوجوان وقاص ولد ریاست علی سکنہ تکبیر کالونی کی لاش کو جھیل سے نکال لیا گیا 
غازی بروٹھہ جھیل سے لاش برآمد ، 20 سالہ نوجوان وقاص ولد ریاست علی سکنہ تکبیر کالونی کی لاش کو جھیل سے نکال لیا گیا جو محنت مزدوری کرتا تھا ،10 دن پہلے حاجی شاہ نہر پر اپنے 13 مزدور ساتھیوں کے ہمراہ کام کرنے کیلئے گیا جو پانی لینے کیلئے جھیل میں اترا اور پاؤں پھسل جانے کی وجہ سے وہ جھیل میں جا گرا ،اس کے دوسرے مزدور ساتھیوں کو تیراکی نہ آنے کی وجہ سے وہ اپنے ساتھی کو نہ بچا سکے ۔ریسکیو کنٹرول میں لاش ملنے کی کال آئی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملہ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو نہر سے باہر نکالا اور پوسٹ مارٹم کیلئے پیٹی میں بند کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

اٹک سٹی:قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف ، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی رہائی حق سچ کی فتح ہے ؛ شیخ سلمان سرور
قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف ، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی رہائی حق سچ کی فتح ہے ،ہائی کوٹ اسلام آبا د کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے ،نواز شریف نے ہمیشہ اصولو ں کی سیاست کی ہے انہوں نے ساری زندگی اصو لوں پر سودا بازی نہیں کی ،محمد نواز شریف عوامی لیڈ ر ہے ‘ان پر کرپشن کا الزام علظ ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر مسلم لیگ (ن)کے رہنما سابق امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا ہے انہوں نے کہا محمد نواز شریف، مریم نواز ، کیپٹن محمد صفدر ہر میدان میں سرخرو ہوگے ۔ اسلام آباد ہائی کوٹ کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے پانامہ لیک میں محمد نواز شریف کا نام نہیں تھا نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے انہوں نے عوام کی خدمت کی ہے محمد نواز شریف نے ملک و قوم کی جو خدمت کی اس کی مثال نہیں ملتی مسلم لیگ(ن)کا دور تاریخی دور تھا پانچ سالہ دور میں جتنے کام ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم ہوئی میٹر و بس سروے شروع کی ملک بھر میں موٹر وے بنایا گیا جتنے بڑے بڑے منصوبے مکمل ہوئے ان کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے مسلم لیگ (ن)نے عملی طور پر عوام کی خدمت کی ملک میں حوشخالی کے لیے سی پیک کا منصوبہ شروع کیا اس منصوبے سے پاکستان ترقی یافتہ ملک بن جائے گا بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔ محمدنواز شریف نے تما م تر دباؤ اور اربو ں ڈالر آفر کے باوجود ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا شریف بردران کی پاکستان اور عوام کے خدمات کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ 

ضلع اٹک:چیک پوسٹوں پر عوام کیساتھ روا رکھا جانے والا تذلیل آمیز سلوک کی شکایت پر مکمل قانونی کاروائی ہو گی ؛ شہریارآفریدی
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ چیک پوسٹوں پر عوام کیساتھ روا رکھا جانے والا تذلیل آمیز سلوک ، اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن کی شکایت پر صرف تبادلہ نہیں بلکہ مکمل قانونی کاروائی ہو گی اور پٹھان پاکستان کے سچے اور محب وطن پاکستانی ہیں جن کی حب الوطنی ضرب المثل ہے ،ان کی بھی چیک پوسٹوں پر کی جانے والی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ جنڈ کی چیک پوسٹ خوشحال گڑھ پر اپنے معائنہ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی ، ڈی ایس پی ساجد گوندل ، ایس ایچ او تھانہ جنڈ مظہر السلام ، رینجرز کے افسران اور وزیر مملکت کے ہمراہ آئے ہوئے وزارت داخلہ کے افسران اور ان کے حلقہ انتخاب کے معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے 100 روزہ پروگرام کا اعلان کیا ہے، اس پر دن رات کام جاری ہے اور اس چیک پوسٹ کا دورہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے تحریک انصاف کی حکومت صرف میڈیا پر بیانات کے ذریعے تبدیلی نہیں بلکہ ایسی تبدیلی لانے کی خواہشمند ہے کہ جس کے ثمرات سے عام آدمی مستفید ہو سکے انہوں نے قبضہ گروپوں کے خلاف باقائدہ مہم چلانے کی ہدایت کی ہے قانون شکنی کے مرتکب افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور لسانی بنیادوں پر کاروائی کرنے والے بھی قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے انہوں نے ڈی پی او سمیت پولیس افسران کو ہدایت کی کہ چیک پوسٹ پر مسافروں کو مزید سہولیات پہنچانے کیلئے اور ان کی شکایت کے ازالہ کے سلسلہ میں فوری اقدامات کیے جائیں ۔ 

اٹک سٹی:جیلوں میں بند قیدیوں اور حوالاتیوں کو معاشرے کا فعال شہری بنانے کے سلسلہ میں حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے؛ طاہر صادق
رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ جیلوں میں بند قیدیوں اور حوالاتیوں کو معاشرے کا فعال شہری بنانے کے سلسلہ میں حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں جلد ہی واضح قوانین کا نفاذ کر کے انہیں معاشرے میں با عزت مقام دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اسیر سینکڑوں قیدیوں اور حوالاتیوں میں کھانا تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل محمد اشتیاق گل ، منیجنگ ڈائریکٹر مغل اعظم شیخ عامر مجید اور چیئرمین جمریز خان بھی موجود تھے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا کہ حکومت کا 100 روز کا پروگرام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلاب برپا کر دے گا اور عوام پہلی مرتبہ تبدیلی محسوس کریں گے عام آدمی کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں حکومت انصاف کی فوری اور جلد فراہمی ، تھانہ اور کچہری کلچر کے خاتمہ ، ظلم ، نا انصافی ، غنذہ گردی ، جہالت ، اقربا ء پروری ، سرکاری خزانہ کی لوٹ کھسوٹ ، قومی دولت کو شیر مادر کی طرح ہڑپ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے گی آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاکستان آرمی نے دہشت گردی کے خلاف جو جنگ لڑی ہے اور پاک آرمی کے جوانوں کی شہادتوں کا ثمر ہے۔

اٹک سٹی:پولیو کے حوالہ سے اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا 
پولیو کے حوالہ سے اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) اٹک طارق خان نیازی نے صدارت کی اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالجبارکے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے ،اجلاس میں اے ڈی سی جی اٹک کوآمدہ پولیو مہم کے سلسلہ میں تفصیلی بریفنگ دی گئی یہ مہم 24 سے 28 ستمبر تک جار ی رہے گی جس میں 2 لاکھ 82 ہزار 850 بچوں کو پولیو کے قطرے پلا ئے جائیں گے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اس سلسلہ میں ضلع بھرمیں بھر پور انتظامات کیے جا رہے ہیں پولیو مہم میں 863 ٹیمیں حصہ لیں گی ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی اس کے علاوہ رومنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو گھرگھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طارق خان نیازی نے اس موقع پرضلع کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں ۔ 

اٹک سٹی:ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ رہتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ؛ طارق خان نیازی
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل طارق خان نیازی نے کہا کہ ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ رہتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ ہم اس سے مستقل طور پر محفوظ رہ سکیں ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس میں ڈینگی سے متعلقہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہو ں نے کہا کہ اس جان لیوا موذی مرض نے اس سے قبل بھی ملک کے بہت سے علاقو ں میں جانی نقصان کیا ہے اس لئے ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے عوام الناس کی آگاہی کے لئے تمام تر ذرائع کو استعمال کیا جائے ،انہو ں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈینگی کے تدارک کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں اور محکمہ صحت کو اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا وبائی امراض کو صرف عوامی شرکت سے ہی کنٹرول کیا جاسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام الناس کو اس بارے میں مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس کے متعلق حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق تمام اپنی تیاریاں بھرپور رکھیں اور مانیٹرنگ کے ذریعے تمام علاقوں میں جہاں کہیں بھی پانی کھڑا ہے وہاں سے اس کی نکاسی کریں او ر شہریوں کو بھی اس بارے میں بتائیں کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے علاقوں میں پانی کے گھڑوں وغیرہ کو دیکھیں فوری طور پر وہاں سے نکاسی کا اہتمام کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کریں انہو ں نے کہا کہ عوام خود اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو عمل میں لائیں اس معتدل موسم میں پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھر کی صورت میں مچھر مار لوشن کا استعمال کریں شام کے اوقات میں خصوصی طور پر احتیاط کی جائے جہاں مچھروں کا خطرہ وہاں سے دور رہیں اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ماحول کو صاف اور خشک رکھیں گھروں میں موجود گملوں اور دیگر ایسی اشیاء جہاں پانی کھڑا ہونے کا احتمال ہو ان کو فوری خشک کریں انہو ں نے اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کو اپنے فرائض دیانداری اور ایمانداری سے سرانجام دینے کی ہدایت کی ۔ 

اٹک سٹی: فکرِ امام حسین وپیغام شہداء کربلاکو فروغ دینے کے لیے ’’سالانہ فکر حسین کانفرنس ‘‘ اٹک کینٹ میں اختتام پذیر ہو گئی 
حضرت امام حسین اور انکے رفقاء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور فکرِ امام حسین وپیغام شہداء کربلاکو فروغ دینے کے لیے ’’سالانہ فکر حسین کانفرنس ‘‘ مرکزی جامع مسجدخوشبوئے مدینہ اعوان آباداٹک کینٹ میں اختتام پذیر ہو گئی ۔نقابت کے فرائض قاری محمد یاسر اعوان نے سرانجام دیے ، تلاوت و نعت محمد شعبان حقانی ، اعجازاحمدچشتی گولڑوی ، عبدالواحد عطاری نے پیش کی ، کانفرنس سے ناظم اعلیٰ جامعہ ہذا صاحبزادہ انجینئر محمدطیب میلادی اور ترجمان وائے ایس او محمدفیصل نے بھی خطاب کیا جبکہ خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ ابوطیب رفاقت علی حقانی نے کہاکہ حضرت امام حسین نے اپنے خون سے گلشن اسلام کی آبیاری کی ذکر امام حسین کے ساتھ ساتھ فکر امام حسین کو بھی سمجھنے اور فروغ دینے کی ضرورت ہے اولاد کو محبت مصطفی ؐ اور محبت اہل بیت کادرس دیاجائے تاکہ اولاد تابعدار ہو حسینی فکرکے علمبردارہمیشہ سرخرو ہوئے جبکہ یزیدی فکرکے پیروکاررسوا ہوئے ا س موقع پرحاجی صوبیدار عبدالرزاق ، محمدافضل عطاری ، مسعودقادری ، حاجی بخشیش الہی ، ملک محمد خان ، نعمان اختر ، یوتھ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اوربزم فیضیہ کے اراکین سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے ، اختتام پر لنگر حسینی سے حاضرین کی تواضع کی گئی ۔ 

اٹک سٹی: ماڑی گاؤں کے قریب پھاٹک پر رکشہ الٹ گیا ،اڑھائی سالہ نائرہ رکشہ کے نیچے آکر جاں بحق
ماڑی گاؤں کے قریب پھاٹک پر رکشہ الٹ گیا ،اڑھائی سالہ نائرہ رکشہ کے نیچے آکر جاں بحق، بچی کی والدہ معجزانہ طور پر بچ گئی ،یہ فیملی لاہور سے اٹک اپنے عزیز و اقارب کے ہاں مہمان آئی ہوئی تھی جبکہ رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔بچی کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمیوں کو ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں طبی امداد فراہم کرنے کے بعدانہیں بھی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ 

باغ نیلاب:آج مسلمان حضرت امام حسینؓ کے اسو ہ پر عمل پیرا ہو کر ظالم قوتوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں؛پیر سید سجاد حسین 
اسوہ حسینی جرأت ،بہادری اور دلیری کا نام ہے، آج مسلمان حضرت امام حسینؓ کے اسو ہ پر عمل پیرا ہو کر ظالم قوتوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ‘حضرت امام عالیٰ مقام کسی خاص مسلک کے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کے امام ہیں انہوں نے کربلا میں اپنی اور اپنے خاندان کی جانوں کا نذرانہ دے کر دین کی آبیاری کی ۔ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین دربار عالیہ باغ نیلاب پیر سید سجاد حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کو اتفاق ، اتحاد، وحدت اور یکجہتی کی ضرورت ہے ہمیں چاہیے کہ تمام اختلافات بھلا کر مسلمان ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں اللہ کے احکامات ، نبی ؐ کے مبارک طریقے ، صحابہ کرام ،اہل بیت عظام اور حضرت حسین کے نقش قدم پر چل کر دونوں جہانوں میں سرخرو ہوں سید سجاد شاہ نے کہا کہ کفریہ طاقتیں آج مسلمانوں کو پارہ پارہ کرنے کے لیے مختلف محاذوں پر کام کر رہی ہیں ہمیں اُن کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنانا ہوگا محرام الحرام اور شہدائے کربلا کا یہی پیغام ہے کہ تمام مسلمان مظلوم کا ساتھ دیں اور ظالم کے مقابلے میں سر جھکانے کی بجائے سر کٹانے کو فخر محسوس کریں ۔ 

اٹک سٹی: جے یوآئی ( ف ) کی رکنیت سازی مہم کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں نظماء انتخاب کا تقرر کردیا گیا 
جے یوآئی ( ف ) کی رکنیت سازی مہم کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں نظماء انتخاب کا تقرر کردیا گیا ،4 ماہ تک جاری رہنے والی رکنیت سازی مہم کی تکمیل ہوتے ہی یونین کونسل کی سطح سے لیکر صوبائی سطح تک مرحلہ وار جماعتی دستور کے مطابق جماعتی عہدیداران کا انتخاب کیا جائے گا ۔جے یو آئی میڈیا سیل کے سینئر رکن چوہدری عبدالجبارتلہ گنگ نے بتایا کہ رکن سازی مہم کے لئے 24 ستمبر کو ملتان میں مرکزی ناظم انتخاب مولانا راشد سومرو کے زیرصدارت پنجاب کے تمام نظماء انتخاب کا اجلاس ہوگا جس میں رکنیت سازی کا لائحہ عمل دیا جائے گاپنجاب کے صوبائی ناظم انتخاب مولاناخلیل الرحمن درخواستی نے پنجاب کے 36 اضلاع میں ضلعی نظماء انتخاب کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق اٹک سے سیدبادشاہ ، راولپنڈی سے مفتی مسرت اقبال ، جہلم سے مولانا مصباح ، لاہورسے پروفیسر محمد ابو بکر چوہدری ان کے معاونین میں طارق احمد شاہ ، حافظ محمد قاسم افضل ، مولانا محمد میاں ، مولانا گل نایاب ، قصور سے مولانا مسعودالحسن جمال ، شیخوپورہ سے مولانا امتیاز احمد کشمیری ، نعیم احمد ضیاء معاون ننکانہ صاحب ، محمد ارشد قاسمی گوجرانوالہ ، سید احمد حسین زید شاہ ، گجرات عبدالرشید وڑائچ منڈی بہاؤالدین ، مولانا محمد شفیق حافظ آباد ، حافظ اللہ دتہ چکوال ، محمد خالدسیالکوٹ ، مولانا محمد قاسم اعوان نارووال ، مولانا محمد نصراللہ رانجھا سرگودھا ، قاری عبیدالرحمن خوشاب ، حاجی محمد ساجد منظور بھکر ، مولانا عبدالرؤف ، میانوالی ، مولانا عبدالجواد ملتان ، زاہد مقصود قریشی وہاڑی ، مولانا حنیف الرحمن لودھراں ، مولانا حسین احمد مدنی خانیوال ، مولانا عطاء المنعم بہاولپور ، مولانا غلام مصطفی شاہدرحیم یارخان ، شائستہ خان بہاولنگر ، مولانا محمد عثمان وٹوساہیوال ، حافظ حبیب اللہ چیمہ ، حافظ حفیظ اللہ گجر معاون اوکاڑہ ، سید محمد انظر شاہ پاکپتن ، مولانا عبدالطیف ڈیرہ غازی خان ، مولانا امان اللہ قیصرانی راجن پور ، مولانا محمد ابو بکر عبد اللہ لیہ ، حافظ اللہ نواز سرگانی مظفر گڑھ ، محمد حذیفہ شاکرفیصل آباد ، حاجی محمد رفیق طاہرٹوبہ ٹیک سنگھ ، مولانا محمودالحسن چنیوٹ ، مولانا محمد ہارون اور جھنگ سے حافظ عبدالرحمن عزیزکو ناظم انتخاب مقرر کیا گیا ہے ۔

اٹک سٹی:محکمہ داخلہ حکو مت پنجاب نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے داخلہ امتحانات 2018 پر دفعہ 144 نافذ کر دی 
محکمہ داخلہ حکو مت پنجاب نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے داخلہ امتحانات 2018 پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت تمام غیر متعلقہ افراد کا امتحانی مر کز کے 100 گز کی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے امتحانی مر کز کی حدود میں کسی بھی قسم کے مظاہرے پر پابندی ہو گی کوئی بھی شخص ایسا مواد اپنے ساتھ امتحانی مرکز کی حدود میں نہیں لاسکتا جو طلباء و طالبات کی کسی غیر قانونی طریقہ سے مدد کرے اور نہ ہی کو ئی غیر قانونی اقدام کر سکتا ہے پابندی کا یہ حکم 23 ستمبرکو مؤثر ہو گا ۔ 

اٹک سٹی:حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے گیس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ظالمانہ سلوک کر رہی ہے؛ شیخ سلمان سرور
حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے گیس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام سے ظالمانہ سلوک کر رہی ہے‘ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ماہ کے دوران عوا م کا جینا محال کر دیا ہے الیکشن مہم کے دوران تحریک انصاف نے بڑے بڑے دعوے کیے تھے کہ ہم عوام کو ریلیف دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلیمان سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ منی بجٹ ظالمانہ بجٹ ہے جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا سوئی گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کر کے غریب عوام سے ظلم کیا ہے دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ایک ماہ کے دوران حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے آچکی ہے تحریک انصاف نے الیکشن مہم کے دوران عوام سے بڑے بڑے وعدے کیے تھے کہ ہم اقتدار میں آکر ریلیف دیں گے مہنگائی کو کنٹرول کریں گے لیکن موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اُن کی زندگی اجیرن بنا دی ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو ریلیف دیا سرکاری ملازمین کو ٹیکس میں سے چھوٹ دی گیس کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا سرکاری ملازمین ، پنشنراور بیواؤں میں پنشن میں اضافہ کیا (ن) لیگ حکومت نے عملی طور پر عوام کی خدمت کی خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں بجٹ کے خلاف آواز اُٹھا کر ثابت کر دیا ہے کہ (ن) لیگ ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے کام کرے گی۔

کالوکلاں کا 50 سالہ محمد حسین ایک ہفتہ سے لا پتہ ، گھر والے غم سے نڈھال
کالوکلاں کا 50 سالہ محمد حسین ایک ہفتہ سے لا پتہ ، گھر والے غم سے نڈھال‘ تفصیلات کے مطابق 11 ستمبر برو ز منگل کو حضرو کے نواحی گاؤں کالوکلاں کا 50 سالہ رہائشی محمد حسین اپنے گھر سے صبح 9 بجے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو دوائی لینے کیلئے گیا مگر آج ایک ہفتہ گزر نے کے بعد بھی اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا اس کے گھر والے بہت زیادہ پریشان ہیں اگر کسی شخص کو ان کے بارے میں علم ہو تو درج ذیل نمبر 0312-9140158 پر اطلاع کریں ۔ 

اٹک سٹی:پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ فضائیہ کا قوت بخش ادارہ ہے؛ ارشاد علی 
پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ فضائیہ کا قوت بخش ادارہ ہے ،پی اے سی کے اعلیٰ افسران سے لے کر عام اہلکار تک مجاہدانہ سرگرمی سے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں ۔چیئرمین پی اے سی احمر شہزاد لغاری ایک بہترین منتظم ہیں فضائیہ سے یکجہتی میں ہم سب کی بقاء ہے یہ بات کارکن سول سوسائٹی ارشاد علی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام شعبوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے خاص طور پر پاک فضائیہ کو ہر دم فعال اور اس کی صلاحیتوں کو فنی اعتبار سے تیار و کامران کرنے میں پی اے سی کا نمایاں کردار ہے قبل ازیں چیئرمین ہائے پی اے سی کی ادارہ سے لگن اور محنت کو آگے بڑھاتے ہوئے اس ادارہ کی موجودہ فعالیت اور ترقی کا سہرا چیئرمین پاکستان ایر وناٹیکل کمپلیکس احمر شہزاد لغاری کے سر ہے سول سوسائٹی اور عوام ہر دم فضائیہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں او ر اپنے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

اٹک سٹی:پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے ؛ شاہ رفیع الدین 
پنجاب حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے ،مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سرکاری ملازمین سے ہونے والی زیاتیوں کا فوری ازالہ کیا جائے ۔پرائمری ایلیمنٹری ایسوسی ایشن اٹک کا حکومت پنجاب سے مطالبہ میڈیا کو اپنے تحریری بیان میں ضلعی صدر پرائمری ایلیمنٹری ایسوسی ایشن اٹک شاہ رفیع الدین اور صوبائی سیکرٹری سردار وقاص خان نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کو بجٹ میں نظرانداز نہ کیا جائے اور مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اس سے قبل مسلم لیگ ن نے بھی ہمیشہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو نظرانداز کیا اور روز بروز بڑھتی مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کی بناء پر سرکاری ملازمین کو مالی پریشانی کا سامنا رہتا ہے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی معاشی زیادتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور آنے والے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔

ضلع اٹک:نیم حکیم خطرہ جان عطائی اور زمین پر بیٹھے ہوئے نیم حکیم خطرہ جان عوام کی جانوں سے کھیلنے لگے 
نیم حکیم خطرہ جان عطائی اور زمین پر بیٹھے ہوئے نیم حکیم خطرہ جان عوام کی جانوں سے کھیلنے لگے ،محکمہ صحت کی غفلت سے ان نیم حکیم خطرہ جان اور عطائی ڈاکٹروں کے ہاتھوں لوگ موت کے منہ میں چلے گئے ،انتظامیہ کی ان لوگوں کو لمبی چھٹی شہریوں کا وزیر اعظم پاکستان ، وزیر صحت سے اصلاح و حوال کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق اٹک اور گردو نواح میں عطائی اور جعلی حکیموں نے عوام کی زندگی سے کھیلنا مشغلہ بنا لیا ۔لوگوں سے ہزاروں روپے بٹورنا ان کا وطیرہ بن گیا غریب اور سادہ لوگ ان کے ہاتھوں اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دو بیٹھے محکمہ صحت کے علم میں ہونے کے باوجود انتظامیہ ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریز اں اور تو اور ان جعلی حکیموں نے لاری اڈاوں اور مختلف چوکوں میں بیٹھ کر سرے عام مضرصحت ادویات فروخت کر رہے ہیں ‘شہریوں نے ارباب اختیار سے اس خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

تحصیل حضرو:موضع دامان کاملپور عالم میں ’’ الشفاء ہومیو پیتھک کلینک ‘‘کے افتتاح کے موقع پر میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد
ماسٹر فضل شاہ کے فرزند ڈاکٹر آفاق احمد کے’’ الشفاء ہومیو پیتھک کلینک ‘‘کے افتتاح کے موقع پر موضع دامان کاملپور عالم میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں علاقہ بھر سے کے جید علماء کرام ،معزز اساتذہ کرام ،ڈاکٹرز صاحبان اور سیاسی وسماجی شخصیات نے جن میں علاقہ چھچھ کی مشہور و معروف شخصیت شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق ،مولانا حافظ عبداللہ ،مولانا وقار احمد ،مولانا محمد خرم ،مولانا طارق محمود ،ڈاکٹر محمد اسلم بلوچ ،ڈاکٹر شائد اقبال ،ڈاکٹر محمد حسین ،ڈاکٹر افتخار احمد،ڈاکٹر خالد محمود بھٹی ،ڈاکٹر عمر فاروق ،ڈاکٹر قاضی یاسر محمود،ڈاکٹر امجد محمود ،ڈاکٹر منور خان،ماسٹر محمد اشفاق ،ماسٹر محمد رفیق ،ماسٹر ریاست خان ،ماسٹر عاقب محمود ،ماسٹر طارق محمود ڈار،ماسٹر محمد طفیل،ماسٹر محمد الیاس،ماسٹر امجد محمود صاحب ،منصور الحق ،خان ،یونین کونسل حمیدکے چیئرمین جمریز خان ،کونسلرمحمدساجد ، سینئر صحافی حافظ محمد حفیظ میر اور موضع حمید ، دامان ،کاملپورعالم اور موضع ہارون کے بہت سے احباب نے اس تقریب میں شرکت کی ،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری طارق محمود کے حصہ میں آئی آیات قرآنی کی تفسیر شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق نے نہایت مدلل انداز میں بیان فر مائی ،اس کے بعد ڈاکٹر آفاق احمد کے والد ماسٹر فضل شاہ نے حمد و ثناء کے بعد تمام شر کائے تقریب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اپنے بیٹے کو نصیحت کی کہ بیٹایہ پیشہ بہت مقدس ہے اس کی لاج رکھنا ،مریضوں خصوصاًخواتین کو اپنی ماں اور بہن کی نگاہ سے دیکھنا ،مجبور اور لاچار مریضوں کی بلا اجرت خدمت کرنا اور ہر قدم اٹھانے سے قبل اللہ تعالی کی رضا اور حضرت محمد ؐ کی سنت کو مدِنظر رکھنا انشا ء اللہ کا میابی آپ کے قدم چومے گی آخر میں اس پر وقار تقریب کے مہمان خصوصی محترم ڈاکٹر محمد اسلم بلوچ نے اپنے پر تاثیر خطاب میں ڈاکٹر آفاق احمد کو بہترین اور انمول گا ئیڈلائن دی ،اور ان کے اچھے اخلاق اور شرافت کو داد تحسین پیش کرتے ہوئے نصیحت فر مائی کہ بیٹا یاد رکھنا ،رازق اللہ ہے ڈاکٹر ایک قابل احترام پیشہ ہے ،ڈاکٹر کا فرض ہے کہ وہ اپنے آپ کو ایک مسیحا ثابت کرے خدمت خلق کو اپنا شعار بنائے اور پھر دیکھے کہ اللہ تعالی اس کی کامیابی کے کیسے دروازے کھولتا ہے ڈاکٹر اسلم بلوچ نے اپنے دست مبارک سے بہت سے احباب سے مل کر الشفا ء ہومیو پیتھک کلینک کا افتتاح فر مایا اور پھر جملہ احباب نے شیخ الحدیث حضرت مولانا ظہور الحق کے ساتھ مل کر ڈاکٹر آفاق احمد کی کا میابی و کا مرانی کیلئے دعا فر مائی اور یوں یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔ 















Comments

Popular posts from this blog

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong by Yasir Amin Hazrovi

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong S.A.R. +852 53 686 786