Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from San Francisco Int, Airport, USA.


Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from San Francisco Int, Airport, USA.



اٹک سٹی:قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر تحریک انصاف نے میدان مارتے ہوئے اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی 

عام انتخابات میں اٹک سے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 نشستوں پر تحریک انصاف نے میدان مارتے ہوئے قومی اسمبلی کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 5 میں سے 4 نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ،اس سلسلہ میں جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق اٹک کے 3 حلقوں سے منتخب ہونے والے رکن قومی و صوبائی اسمبلی میجر طاہر صادق نے جو وزارت اعلیٰ پنجاب کی ڈور میں سب سے آگے ہیں ‘نے 3 لاکھ 72 ہزار 401 ووٹ حاصل کر کے پاکستان بھر میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے ،انہوں نے حلقہ این اے 55 سے 145832 ووٹ حاصل کیے ،ان کے مد مقابل مسلم لیگ ( ن ) کے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد 102075 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے محمد حفیظ اللہ جان علوی 24872 ووٹ حاصل کر کے تیسری ، ایم ایم کے صاحبزادہ حافظ سعید احمد دریا شریف 11608 ووٹ حاصل کر کے چوتھی ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے ذوالفقار حیات 11154 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، اللہ ھو اکبر تحریک کے ملک آصف اقبال پنڈ تریڑ 1112 ووٹ حاصل کر کے چھٹی ، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے تیمور اسلم 965 ووٹ حاصل کر کے ساتویں اور پاکستان انسانی حقوق پارٹی کے ملک امیر افضل خان آف غورغشتی 139 ووٹ حاصل کر کے آخری یعنی آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ 

اٹک سٹی: الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کیمطابق حلقہ این اے 56 سے میجر طاہر صادق 164178 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے
الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ این اے 56 سے تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق 164178 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ،وہ حلقہ این اے 55 اور پی پی 3 سے بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو چکے ہیں ‘ان کے مدمقابل مسلم لیگ ( ن ) کے ملک سہیل کمڑیال 99688 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، تحریک لیبک پاکستان کے پیر سید فیصل محمود شاہ گیلانی آف چورہ شریف 62413 ووٹ حاصل کر کے تیسرے ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے سلیم حیدر 38833 ووٹ حاصل کر کے چوتھی پوزیشن پر رہے ،یہ 2013 کے عام انتخابات میں بھی چوتھی پوزیشن پر تھے ، آزاد امیدوار سابق ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری ملک شہریار خان آف کھنڈہ 21673 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے محرم خان ایڈووکیٹ 2815 ووٹ حاصل کر کے چھٹی اور آزاد امیدوار غلام اصغر ولد محمد اسلم سکنہ انجرأ جنڈ 1559 ووٹ حاصل کر کے ساتویں اور آخری پوزیشن پر رہے ۔ 

اٹک سٹی: الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 1 سے تحریک انصاف کے یاور بخاری 39667 ووٹ لے کر کامیاب رہے 
الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 1 سے تحریک انصاف کے یاور بخاری 39667 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ ان کے مد مقابل آزاد امیدوار ملک حمید اکبر خان چیف آف شیں باغ 24192 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، مسلم لیگ ( ن ) کے شیخ سلمان سرور جو 2002 میں قومی اور اس کے بعد اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کے ٹکٹ پر ہارنے کی ہیٹرک مکمل کر چکے ہیں 24036 ووٹ حاصل کر کے تیسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے ملک عمر ارشد ایڈووکیٹ آف ماڑی کنجور 10821 ووٹ حاصل کر کے چوتھے ، آزاد امیدوار بریگیڈیئر سردار عاصم نواز خان آف سرگ سالار 5680 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے سردار عرفان خان آف اکھوڑی 5490 ووٹ حاصل کر کے چھٹی ، ایم ایم کے محمد اقبال ملک 5262 ووٹ حاصل کر کے ساتویں اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ کے بعد انتخابی عمل سے دستبردار ہونے والے آزاد امیدوار نعمان خان 217 ووٹ حاصل کر کے آٹھویں اور آخری پوزیشن پر رہے ۔ 

حضروسٹی: الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق پی پی 2 سے PMLN کے جہانگیر خانزادہ 46002 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے 
الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 2 سے پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے سابق وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ 46002 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ،ان کے علاوہ ضلع بھر میں کامیاب ہونے والے تمام ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ‘ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے قاضی احمد اکبر 42922 ووٹ حاصل کر کے دوسرے ، ایم ایم اے کے چنگیز خان 17302 ووٹ حاصل کر کے تیسرے ، تحریک لیبک پاکستان کے سید طاہر علی شاہ 9745 ووٹ حاصل کر کے چوتھے ، پی پی پی پارلیمنٹیرین کے احمد خانزادہ 2961 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، آزاد امیدوار لیاقت محمود 526 ووٹ حاصل کر کے چھٹے اور پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے شوکت حیات 412 ووٹ حاصل کر کے ساتویں اور آخری پوزیشن پر رہے ۔ 

اٹک سٹی:الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 3 سے PTI کے میجر طاہر صادق 62391 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے 
الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 3 سے تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق 62391 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے ،یہ اٹک کے حلقہ این اے 55/56 سے بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں ۔ان کے مدمقابل چوہدری نثار علی خان کے بہنوئی پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے آصف علی ملک ایڈووکیٹ 31089 ووٹ حاصل کر کے دوسری ، پی پی پی پارلیمینٹرین کے محمد ریاض خان بالڑہ 25341 ووٹ حاصل کر کے تیسری ، تحریک لبیک پاکستان کے راحت علی خان 13606 ووٹ حاصل کر کے چوتھی ، ایم ایم اے کے مولانا تاج الدین 3629 ووٹ حاصل کر کے پانچویں ، پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے عمران علی خان 810 ووٹ حاصل کر کے چھٹی اور پاکستان سنی تحریک کے محمد ارشد 368 ووٹ حاصل کر کے ساتویں اور اخری پوزیشن پر رہے ۔ 

ضلع اٹک:الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 4 سے PTI کے ملک محمد انور خان 49823 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے 
الیکشن کمیشن کے حتمی نتائج کے مطابق حلقہ پی پی 4 سے تحریک انصاف کے سابق وزیر کرنل ملک محمد انور خان 49823 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل پنڈی گھیب کی سیاست میں 200 سال سے سیاہ اور سفید کے مالک نواب زادگان پنڈی گھیب کے داماد اور بنیادی طور پر چکوال سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن ) کے سابق وزیر چوہدری شیر علی خان منہاس 40635 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے یاد رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں انہوں نے پنجاب میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ حاصل کیا تھا ، تحریک لبیک پاکستان کے ملک امانت خان راول 39820 ووٹ حاصل کر کے تیسرے ، آزاد امیدار ملک ریاست علی سدریال 18658 ووٹ حاصل کر کے چوتھے اور پی پی پی پارلیمنٹیرین کے محمد اختر آف غریب وال 9712 ووٹ حاصل کر کے پانچویں اور آخری نمبر پر رہے ۔ 

اٹک سٹی:پنجاب حکومت نے ضلع اٹک میں ترقی کا عمل روکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ‘ ماہانہ گرانٹ تک جاری نہیں کی ؛ایمان طاہر
چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک محترمہ ایمان طاہر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ضلع اٹک میں ترقی کا عمل روکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ‘ضلع حکومت کی ماہانہ گرانٹ تک جاری نہیں کی ،اپوزیشن میں ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے زیادتی کا ہر حربہ استعما ل کیا ۔نا مساعد حالات میں ہم نے تعمیر و ترقی کا عمل شروع کیا اور اپنے ذرائع سے ضلع کونسل اٹک کی آمدن بڑھانے میں کوشاں رہے ،لائسنس فیس کی مد میں 23کروڑ روپے حاصل ہوئے جن سے ترقیاتی سکیمیں مکمل کیں سال 2018-19میں تمام چیئرمین حضرات کو تیس لاکھ روپے فی یونین کونسل دیں گے۔ ہمارے لیے تمام ارکان برابر کی حیثیت رکھتے ہیں ‘ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے جنہیں پہلے گرانٹ نہیں ملی ‘اب انہیں بھی گرانٹ دیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل اٹک میں بجٹ اجلاس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر کاروائی اجلا س کونسل آفیسر عابد رضا خان نے چلائی اجلاس کی صدارت سابق وائس چیئرمین ملک جمشید الطاف کے استعفیٰ اور سردار عارف خان کی وفات کی وجہ سے سینئر رکن ضلع کونسل ملک ریاض الدین اعوان نے کی اجلا س کی صدارت کے لیے سینئر رکن کا نام سردار واجد علی خان نے پیش کیا جس پر تمام ارکان نے ملک ریاض الدین اعوان کو اجلاس کی صدارت کے لیے متفقہ طور پر نامزد کر دیا اجلاس میں ملک ریاض الدین کی ہمشیرہ اور خود کش حملوں میں شہید ہونے والوں کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی ایمان طاہر نے کہا کہ اٹھارہ کروڑ تیس لاکھ روپے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی مد میں ،غرباء کی مالی امداد کے لیے 75لاکھ روپے ، ترقیاتی اخراجات کے لیے 66کروڑ 16لاکھ روپے ، کھیلوں کی سرگرمیوں پر 42لاکھ روپے، سول ڈیفنس 21لاکھ روپے ، جبکہ گرین اٹک پروگرام میں پودے لگانے کے لیے بھی خطیر رقم رکھی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ سیمنٹ فیکٹریوں سے سالانہ 30کروڑ 50لاکھ روپے آمدن متوقع ہے جس سے پانی کے ذخائر محفوظ بنانے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔

گاؤں جلالیہ:تحریک انصاف کی واضح کامیابی پر پوری قوم کے مشکورہیں ،عمران خان غریب اور متوسط طبقہ کی آواز بنیں گے ؛ سیٹھ محمد پرویز
سیٹھ محمد پرویز نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی واضح کامیابی پر پوری قوم کے مشکورہیں ،قائد تحریک انصاف عمران خان غریب اور متوسط طبقہ کی آواز بنیں گے ،22سالہ طویل جدوجہد اور سخت محنت نے قائد تحریک انصاف عمرا ن خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا ۔ضلع اٹک میں میجر طاہر صادق ہی عوام کے سچے اور حقیقی لیڈر ہیں ،3 حلقوں سے کامیابی نے یہ بات سچ ثابت کر دی ہے ،دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو غیر جانبدار اور شفاف الیکشن میں غائبانہ ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے مایوسی کا شکارہیں ۔ضلع اٹک کی غیور عوام نے عر صہ دارز کی محرومیوں اور موروثی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی پوری قوم کی امیدوں کا محور قائد تحریک انصاف عمران خان ہیں آنیوالا دور انصاف کا اور تحریک انصاف کا ہوگا ۔

گاؤں ویسہ:ملک امین اسلم کے بروقت صحیح فیصلے کی بدولت آج پاکستان تحریک انصاف کو این اے 55 میں کامیاب ہوئی ؛ محمدرفیق 
متحدہ عرب امارات (دبئی )سے آبائی گاؤں ویسہ آئی ہوئی معروف کاروباری شخصیت محمد رفیق نے کہاہے کہ ملک امین اسلم کے باصلاحیت اور بروقت صحیح فیصلے کی بدولت آج پاکستان تحریک کو انصاف این اے 55 میں کامیاب ہوئی، ضلع اٹک کی با شعور عوام نے موروثی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرینگے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی نظریہ کی بنیاد ہے ‘قائد تحریک انصاف عمران خان پہلے 100روزہ منصوبہ سے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ، لچھے دار تقریں اور بلند و بانگ اشتہاری ترقی کے دعوے داروں کو عوام نے ووٹ کی طاقت سے گھر اور جیل کا راستہ دکھا دیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ایک ٹیلیفو نک گفتگو میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تورخم سے گوادر اور کراچی تا سوست پوری قوم نے قائد تحریک انصاف عمرا ن خان کے نظر یہ اور طویل جدوجہد پر منتخب کیا ،عمران خان قوم کی امیدوں کا مرکز ہیں اورعوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے مایوس نہیں کرینگے ۔

حضروسٹی:پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور پر عمل در آمد کر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغا زکرنے جار ہی ہے؛ طفیل خان
پاکستان تحریک انصاف (بریڈ فوڑڈ ) UKکے رہنماء اور سابق کونسلر بلدیہ حضرو ممبر طفیل خان نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور پر عمل در آمد کر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغا زکرنے جار ہی ہے ،چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے وکٹری خطاب میں جس عزم کا اظہار کیا اس سے پاکستانی عوام اور بڑے بڑے دانشوروں کو اس بات کا اندازہ ہو گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف صحیح معنوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے جا رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرو سٹی نیوز کے ایڈمن حفیظ میر سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ میں جس مقصد کیلئے انگلینڈ سے پاکستان آیا تھا اللہ تعالیٰ نے اس میں ہمیں سر خروئی نصیب فرمائی اور حضرو شہر اور چھچھ بھر سے لوگوں نے جس طرح پی ٹی آئی کا ساتھ دیا وہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ میں چھچھ بھر کی عوام با لخصوص حضر وشہر کی عوام اور اپنی پارٹی کے عہدیداران وکارکنان کا بے حد مشکور ہوں کہ جنہوں نے الیکشن 2018 میں پی ٹی آئی کی کامیابی کیلئے اپنا تن من دھن لگایا اور دن رات جد وجہد کی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے چھچھ اور اٹک مسلم لیگ (ن ) کا گڑھ ہے ‘انہیں ا ب تسلیم کر نا ہوگا کہ آج کے بعد چھچھ اور ضلع اٹک پی ٹی آئی کا گڑھ بن چکا ہے ،طفیل خان مزید کہا کہ میں اپنی جانب سے اور اپنے پارٹی کارکنا ن کین جانب سے میجر طاہر صادق کو اٹک کے تینوں حلقوں سے شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور قاضی احمد اکبر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے اپنی 8سالہ سیاسی جدو جہد میں پارٹی کا مورال بلند کیا ،ہار جیت کسی بھی کھیل کا حصہ ہوتی ہے انشاء اللہ قاضی احمد اکبر نے جس طرح اپنے حلقے سے 43ہزار ووٹ لیے یہ ان کی ہار نہیں بلکہ جیت ہے ،ہم انشاء اللہ ہمہ وقت قاضی احمد اکبر کے شانہ بشانہ ان کے کاندھے کے ساتھ کاندھا ملائے کھڑے ہیں ہمیں وہ کسی موڑ پربھی اپنے آپ سے پیچھے نہیں پائیں گے ۔

اٹک سٹی: عام انتخابات 2018ء میں ریکارڈ ساز دھاندلی نے ماضی کے تما م ریکارڈ کو توڑ دیاہے؛ محمد سلیم شہزاد 
ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد نے کہاہے کہ عام انتخابات 2018ء میں ریکارڈ ساز دھاندلی نے ماضی کے تما م ریکارڈ کو توڑ دیاہے ،عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی روایت کے نتائج پرخطر اور دور اندیش ہوسکتے ہیں ۔مسلم لیگ ( ن ) نے واضع اکثریت حاصل کی جس کو سازشی عناصر نے شکست میں تبدیل کردیا ہے ‘الیکشن کمیشن مکمل طور پر جانبدار اور لاڈلے کی جماعت پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ،چیف الیکشن کمشنر اپنی ناکامی کا اعتر اف کرتے ہوئے فی الفور مستعفیٰ ہوجائیں ،مسلم لیگ ( ن ) ملک میں جمہوریت کو خطر ے میں ڈالنے کے بجائے پارلیمنٹ میں اس اہم مسئلہ کو اجاگر کرے گی تاکہ حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور سازشی عناصر کو بے نقاب کیاجائے ۔ 

اٹک سٹی:موجودہ الیکشن میں جس طرح سے رزلٹ آئے ہیں ‘وہ ساری قوم کے سامنے ہیں ؛ شیخ آفتاب احمد 
سابق امیدوار قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن میں جس طرح سے رزلٹ آئے ہیں ‘وہ ساری قوم کے سامنے ہیں ‘قوم کو خود سوچنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عوام کی کس طرح خدمت کی ہے ،ہم نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی میں جب بھی منتخب ہوا اٹک کی عوام کے لیے ترقیاتی منصوبے لے کر آیا ، عوام کی بھر پور خدمت کی اور عوام کی خدمت میں کبھی کوئی کوتاہی نہیں برتی ‘عوام نے میرے ساتھ بھر پور ساتھ دیا ،میں اٹک کی عوام طے دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں بھر پور طریقے سے ساتھ دیا اور مجھ پر اعتماد کیا ہم ہارنے کے باوجود بھی عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گے ۔ 

اٹک سٹی:ضلع اٹک کی عوام نے ووٹ کی پر چی سے تبدیلی لا کر جو لاج رکھی ہے ،اس پر ضلع بھر کی عوام کا تہہ دل سے مشکو رہوں ؛ طاہر صادق 
نو منتخب ممبر قومی و صوبائی اسمبلی میجر طاہر صادق نے کہا ہے کہ ضلع اٹک کی عوام نے ووٹ کی پر چی سے تبدیلی لا کر جو مان اور لاج رکھی ہے ،اس پر ضلع بھر کی عوام کا تہہ دل سے مشکو رہوں ‘انشاء اللہ جس طرح عوام نے مجھ پر اعتماد کیا ہے عمران خان کی قیادت میں بننے والی وفاقی حکومت اور پنجاب میں صوبائی حکومت دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کر ے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے سینئر ارکان سید قمرالدین ، لالہ محمد صدیق اور حافظ عبدالحمید خان سے بات چیت میں کیا ہے ،یادر رہے کہ ان کی قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی ایک سیٹ سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کے بعد دارالسلام کالونی اٹک میں ان کی رہائش گاہ پر ضلع بھر سے مبارکباد کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں عوام انہیں کامیابی پر مبارکباد دینے آرہی ہے ،میجر طاہر صادق نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال پہلے جو ملک میں تبدیلی کے لیے ایک تحریک اٹھائی تھی آج اللہ رب العزت نے ملک بھر میں عمران خان کو کامیابی سے نوازا ہے عمران خان کی قیادت میں ہم حکومت میں آکر بے روزگاری کا خاتمہ ، لوڈ شیڈنگ ، تعلیم ، صحت سمیت تمام شعبوں میں بہتری لائیں گے ۔داخلی اورخارجہ پالیسی نئے سرے سے استوار کر یں گے تحریک انصاف کی حکومت عوام کی حکومت ہو گی جس میں عوام کو ریلیف ملے گا، انہوں نے مزیدکہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس طرح کے پی کے میں عوام کو کرپشن سے چھٹکارا ملا ہے ،اب پنجاب اور وفاق میں کرپشن سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل ہو گاعوامی حکومت عوامی فیصلے کرے گی ضلع اٹک میں عوام کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو ں گے اور دور نظامت کی طرح عوامی خدمت کا راج ہو گا۔

اٹک سٹی:تحصیل اٹک کی عوام نے صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں سید یاور بخاری پر اعتماد کا اظہار کر کے ہماری عزت افزائی کی ہے؛یاور عباس 
تحصیل اٹک کی عوام نے صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں سید یاور بخاری پر اعتماد کا اظہار کر کے ہماری عزت افزائی کی ہے، اٹک کی عوام کا یہ احسان میں زندگی بھر یاد رکھوں گا ،پنجاب اور وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد انشاء اللہ اٹک میں تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے کاموں کا آغاز ہو گا عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار اپنے بھتیجے سید یاور عباس بخاری کی کامیابی پر مبارکباد کے لیے آنے والے وفود سے سابق رکن پنجاب اسمبلی و رہنما تحریک انصاف سید اعجاز بخاری نے گفتگو میں کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تبدیلی کی ہوا چلی ہے اور عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اور دیگر جماعتوں کو مسترد کر کے عمران خان اور تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جس طرح تحریک انصاف کی کے پی کے صوبائی حکومت نے ہر شعبہ میں ترقی کی اور عوام کو ریلیف دیا اسی طرح اب پنجاب اور وفاق میں حکومتیں بنا کر تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کر ے گی اور عوام کو ہر شعبے میں ریلیف مہیا ہو گا او ر ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا ۔

اٹک سٹی:عام انتخابات کے عمل کو شفاف ، منصفانہ بنانے کے سلسلہ میں آئے ہوئے یورپین یونین کے وفد نے اٹک پریس کلب کا دورہ کیا
عام انتخابات کے عمل کو شفاف ، منصفانہ بنانے کے سلسلہ میں پاکستان میں آئے ہوئے یورپین یونین کے وفد کی نائب سربراہ اور دنیا بھر میں سب سے طویل عرصہ اور دنیا کے 136 ممالک میں بطور آبزرور فرائض سرانجام دینے والی یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن پاکستان 2018 ChristaF.Mueller جن کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منصب حال اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنی 14 صفحات پر مشتمل ابتدائی رپورٹ کی کاپی چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان کو پیش کی اور عام انتخابات میں اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کے فعال کردار کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب ملک عطاء محمد خان اعوان ، سرپرست اعلیٰ سینٹرل یونین آف جنرنلسٹس حاجی پرویز خان ، ضلعی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جنرنلسٹس پاکستان آفتاب احمد قریشی ، سیکرٹری اطلاعات عدنان قریشی اور چیف فوٹو گرافر اٹک پریس کلب رجسٹرڈ صوفی فیصل بٹ بھی موجود تھے ،وفد نے چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان اور دیگر صحافیوں سے طویل ملاقات کی جس میں میڈیا پر قدغن ، انتخابی عمل کی شفافیت، الیکشن کمیشن ، میڈیا مالکان ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صحافیوں کو اپنے فرائض سرانجام دینے میں ہونے والی مشکلات اور دیگر مسائل ان کے حل سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان نے وفد کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا میڈیا کیساتھ رویہ صحافت پر قدغن کے مترادف تھا ۔ایکرڈیشن کارڈ جاری کرنے کے سلسلہ میں بھی اٹک سمیت ملک بھر میں میڈیا کے اراکین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی تمام تر ذمہ داری چیف الیکشن کمشنر پر عائد ہوتی ہے ،انہوں نے من مانے قوانین کا نفاذ کر کے اور اپنی ساکھ کو برے طریقہ سے نقصان پہنچایا جس سے انتخابی عمل پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں اور صحافیوں کی ملک گیر تنظیم پی ایف یو جے اور اسلام آباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ جیسے بڑے پریس کلبوں کے صدور نے بھی اس سلسلہ میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ۔یورپین یونین کے وفد نے اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ عام انتخابات کی مکمل رپورٹ میں کئی ماہ درکار ہوتے ہیں آئندہ بھی اٹک پریس کلب رجسٹرڈ سے اس سلسلہ میں معلومات لی جائیں گی ۔ 

اٹک سٹی:ضلع کونسل اٹک کے بجٹ اجلاس میں ایمان طاہر نے میزانیہ بجٹ جس کا ٹوٹل حجم 85 کروڑ 86 لاکھ 68 ہزار روپے پیش کیا 
ضلع کونسل اٹک کے بجٹ اجلاس میں چیئر پرسن محترمہ ایمان طاہر نے ضلع کونسل کے میزانیہ بجٹ جس کا ٹوٹل حجم 85 کروڑ 86 لاکھ 68 ہزار روپے ہے پیش کیا ۔اس میں ترقیاتی کاموں کیلئے 67 کروڑ 16 لاکھ 24 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ غیر ترقیاتی کاموں کیلئے 18 کروڑ 30 لاکھ 44 ہزار روپے جو کل بجٹ کا 21% فیصد ہے ‘مختص کیے گئے ہیں ۔ترقیاتی بجٹ کل بجٹ کے 79% فیصد پر مشتمل ہے پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا کونسل آفیسر عابد رضا خان نے اجلاس کی کاروائی میں معاونت کی صدارت سینئر رکن ضلع کونسل ملک ریاض الدین اعوان نے کی اجلاس میں ممبران ضلع کونسل جن میں خواتین اقلیت اور دیگر مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،قائم مقام چیف آفیسر کے فرائض ڈی او فنانس عبدالعزیز آصف نے سر انجام دیئے ڈسٹرکٹ انجینئر شہزاد طفیل اور ان کا عملہ جبکہ بجٹ اسٹاف کے سید ظہور حسین شاہ ، سید اعجاز حسین شاہ ، محمد زبیر ، مظہر خان نے جنہوں نے بجٹ کی تیاری میں دن رات ایک کیا کی ‘خصوصی تعریف کی گئی چیئر پرسن محترمہ ایمان طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متوقع آمدنی میں 55 کروڑ 5 ہزار روپے حکومت کی طرف سے متوقع اور ضلع کونسل اٹک کی آمدن کو شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کا بقایا 33 کروڑ 96 ہزار 44 ہزار روپے ضلع کونسل اٹک کے اکاؤنٹ میں موجود ہے اس میں آمدن شامل کر کے یہ 88 کروڑ 96 لاکھ 44 ہزار روپے کی آمدن متوقع ہے اس میں 85 کروڑ 46 لاکھ کے متوقع اخراجات ہیں فنڈز ممبرانوں کی سکیموں پر ترقیاتی اخراجات کی مد میں فی چیئرمین یونین کونسل 30 لاکھ روپے اور خصوصی نشستوں پر کامیاب ہونے والوں کیلئے 10 لاکھ روپے کا فنڈز مختص کیا گیا ہے آمدنی میں حکومت کی طرف سے دی جانے والی سالانہ گرانڈ اور ضلع کونسل کی جانب سے ہونے والی آمدن بھی شامل ہے ۔ 

اٹک سٹی: اٹک پولیس کے تمام جوان اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے انتخابات کے دوران اپنا کردار پیش کیا ؛ ڈی پی او اٹک
عام انتخابات کے دوران اٹک پولیس نے موسم ، حالات اور کسی بھی صورتحال کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے عام انتخابات کے انعقاد کو جس طرح منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف بنانے کے علاوہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھ کر جو فرائض سر انجام دیے ہیں ‘وہ اٹک کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او حسن اسد علوی نے میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ اٹک پولیس کے تمام جوان اور افسران مبارکباد کے مستحق ہیں اور وہ اپنی اس جرأت مندانہ اور فرض شناس فورس کو شاباش دیتے ہیں کہ انہوں نے عام انتخابات کے موقع پر جس طرح اپنی ڈیوٹی بہادری اور تند دہی سے انجام دی وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اٹک پولیس کے جوان اور افسران آئندہ بھی اسی جوش اور جذبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی بطریقہ احسن سر انجام دیں گے ،اٹک پولیس کی یہ ڈیوٹی جو انہوں نے عام انتخابات میں لی اور اس کے علاوہ یہ تمام جس طرح وطن عزیز کی حفاظت کا جو فریضہ سر انجام دے رہے ہیں قابل تعریف امر ہے اٹک پولیس آئندہ بھی عوام کی خدمت کے جذبے کو اپنا نعرہ بنا کر عوام کی جان ، مال اور آبرو کی حفاظت کرتی نظر آئے گی ،انہوں نے ڈیوٹی سر نجام دینے والے تمام سیکورٹی اداروں کی بھی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے اسی طرح ہم آہنگی کے ساتھ عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھ کر ادا کرینگے تو وہ دن دور نہیں جب ارض پاک دنیا کے نقشہ پر ایک عظیم طاقت بن کر ابھرے گی ۔ 

اٹک سٹی:بڑا لیڈر ‘بڑی فتح ‘میجر طاہر صادق نے ضلع اٹک سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے سیاست کا لوہا منوا لیا؛ سروے رپورٹ
بڑا لیڈر ‘بڑی فتح ‘میجر طاہر صادق نے ضلع اٹک سے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے اپنی سیاست کا لوہا منوا لیا۔ مستقبل کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی ڈور میں شامل ہو گئے ،سابق ضلع ناظم اٹک میجر طاہر صادق کی عوامی مقبولیت سے متاثر ہو کر عمران خان نے 2 قومی اسمبلی اور ایک صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ دیا ۔میجر طاہر صادق نے تینوں نشستوں پر تاریخی کامیابی حاصل کر کے اٹک سے مسلم لیگ ( ن ) کے بڑے بڑے برج الٹ دیئے ‘مبارکبادوں کا سلسلہ جاری قافلے ، ریلیاں اور کاروان زین ہاؤس باہتر پہنچنا شروع ہو گئے ۔باہتر میں ٹریفک جام عوام کا حجم غفیر ڈی ایس پی فتح جنگ اعظم بٹ ، ایس ایچ او حامد کاظمی اور پولیس کی بھاری نفری بھی میجر طاہر صادق کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئی ۔چیئرپرسن ایمان طاہر کی مؤثر انتخابی مہم مسلم لیگ ( ن ) کوششوں کے باوجود کامیاب نہ ہو سکی ‘سہیل کمڑیال کو 64 ہزار ، شیخ آفتاب احمد کو 45 ہزار جبکہ چوہدری نثار کے بہنوئی آصف ملک کو 32 ہزار کی ووٹوں سے شکست فاش دے کر اٹک میں تحریک انصاف کا پرچم بلند کر دیا ،میجر طاہر صادق کی شاندار کامیابی کے بعد اٹک میں جشن کا سماں کئی لوگوں نے تو مسلم لیگ ( ن ) کے سٹکر اور پوسٹر اتار کر میجر طاہر صادق اور تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھا لیے ‘تاریخ میں پہلی مرتبہ فتح جنگ شہر سے بھی میجر طاہر صادق کو واضح کامیابی حاصل ہوئی ،فتح جنگ کے شہریوں نے قبل ازیں بلدیاتی انتخابات میں بھی مسلم لیگ ( ن ) کی مقامی قیادت کے خلاف فیصلہ دیا تھا مگر لیگی قیادت نے اقتدار کی چھڑی کے ذریعے شہریوں کا مینڈیٹ چوری کر کے چیئرمینی تو بنا لی مگر اپنی پوزیشن نہ بناسکے ،شہر کے اکثر پولنگ اسٹیشنز سے شیر کی آواز دب گئی بیلٹ باکس کھلنے پر پی پی پی کی حمایت کرنے والے کئی اہم مقامی لیڈروں کی اصل پوزیشن بھی عیاں ہو گئی ۔سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کو ماضی میں اٹک سے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور سابق ڈپٹی وزیر اعظم چوہدری پرویز الہٰی کو بھی کامیاب کرانے کا اعزاز حاصل ہے ،تحریک انصاف کے میجر طاہر صادق نے واضح کامیابی حاصل کی فتح جنگ شہر کی کامیابی کیلئے سابق تحصیل ناظم سردار افتخار احمد خان ، ملک نصرت ماجھیا ، سردار ممتاز ماجھیا ، حاجی اشتیاق احمد خان ، کونسلر ایم سی عابد عزیز ایڈووکیٹ ، میجر گروپ کے سردار پھتی خان ، کونسلران زبیر خان ، حاجی شفیق ، حاجی ضیاء الدین ، سابق وائس چیئرمین بلدیہ اعجاز احمد خان ساحر ، مظہر علی خان اور دیگر کا مرکزی کردار رہا میجر طاہر صادق نے اٹک کی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے اٹک کی عوام نے میجر طاہر صادق کیساتھ اپنی امیدیں وابستہ کر لی ہیں ۔ 

اٹک سٹی: پاکستان کی غریب عوام کی تقدیر بدلنے والی ہے؛ آفتاب احمد قریشی 
رہنما آئی ایس ایف ‘میجر گروپ آفتاب احمد قریشی نے کہاکہ قا ئد تحریک انصاف عمران خان ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں ،حلف اٹھانے کے بعد تحریک انصاف کے منتخب کھلاڑی پہلے 100روزہ ایجنڈا کو عملی جامعہ پہنائیں گے ۔اٹک سے میجر طاہر صادق کی کامیابی دراصل غریب عوام کی کامیابی ہے تحریک انصاف کی فتح مفاد پرست اور ملک دشمن عناصر کوہضم نہیں ہورہی ہے ،ملک میں جمہوریت کی بقاء اور عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے تمام جماعتوں کو اپنا پنا کردار اداکرنا ہوگا ۔جمہوری روایت کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کریگی، پاکستان کی غریب عوام کی تقدیر بدلنے والی ہے ۔ 

اٹک سٹی:تجارت پیشہ پیغمبری ہے ،اسلامی اصولوں کو اپنا کر نہ صرف دنیاوی فائدہ بلکہ دینی فائدے بھی اٹھائے جا سکتے ہیں؛ سید عابد شاہ
تجارت پیشہ پیغمبری ہے ،تجارت میں اسلامی اصولوں کو اپنا کر نہ صرف دنیاوی فائدہ بلکہ دینی فائدے بھی اٹھائے جا سکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار برطانیہ میں مقیم تاجر سید عابد شاہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کے قریب حق باھو کمپوزنگ سنٹر کے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رہنما تحریک انصاف میجر گروپ سید قاسم شاہ ، سید کاشف شاہ ، چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان ، جنرل سیکرٹری سید قمر الدین ، چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان ، سینئر صحافی جاوید کشمیری ، لیاقت عمر ، حافظ نصرت علی خان ، ندیم حیدر ، تفسیر احمد خان ، آفتاب احمد قریشی ، سعید ارشد ، حاجی سلیم خان ، شہزادہ محمد اسلم قریشی ، حکیم محمد اسلم اعوان ، محمد سعید ، حر عباس اور دیگر صحافی بھی موجود تھے ۔ 

اٹک سٹی:عمران خان قومی لیڈر ہیں ،الیکشن سے پہلے مخالفت اور تنقید کرنا جمہوریت کا حسن تھا ؛نقاش علی خان 
مرکزی چیئرمین نقاش علی خان پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان نے کہا ہے کہ عمران خان قومی لیڈر ہیں ،الیکشن سے پہلے مخالفت اور تنقید کرنا جمہوریت کا حسن تھا ‘اب وہ وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں لہٰذا تحریک انصاف کے کارکنان کسی کی مخالفت نہ کریں کیونکہ یہ جمہوری اصولوں کے خلاف ہے ۔عمران خان کی کامیابی داراصل وطن عزیز اور ملک دشمنوں کے درمیان ایک جنگ تھی جو الحمداللہ پاکستان جیت گیا ،اس لیے اب ہمیں پاکستان کے لیے مزید بہتر کام کرنے ہونگے ،اس وقت دشمن پاک فوج پر سخت تنقید بھی کر رہا ہے اور دہشت گردی بھی کروانا چاہتا ہے لہٰذا حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو جائے تاکہ دشمن آخری وار میں ناکام ہو جائے اور پاکستان کامیابی کی جانب گامزن ہو یہی ہمارا مقصد ہے ۔ 

گاؤں شینکہ: میجر طاہر صادق نے پونے چار لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کر کے تاریخی فتح حاصل کی ؛ زاہد خان 
میجر طاہر صادق نے پونے چار لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کر کے تاریخی فتح حاصل کی ہے ‘ضلع اٹک کی عوام کا ان پر اس طر ح کا اعتماد پہلے کسی بھی سیاست دان کے حصہ میں نہیں آیا ،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ، میجر طاہرصادق کو ان کی صلاحیتوں اور قابلیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم عہدہ تفویض کریں تاکہ ضلع اٹک کے عوام کی محرومیاں ختم ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار علاقہ چھچھ کے گاؤں شینکہ سے تعلق رکھنے والے زاہد خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، انہوںں نے کہا کہ اپنے دور نظامت میں میجر طاہر صادق نے عوامی خدمت کو شعار بنایا اور عوام سے وسیع رابطہ و خدمت پر ضلع اٹک کی عوام کے دل میں گھر کیا ‘وہ بے پناہ صلاحیتوں اور انتظامی امور کے ماہر لیڈر ہیں جنہیں دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر تین لاکھ ستر ہزار افراد نے ووٹ پول کیے جو ایک ریکارڈ ہے ،زاہد خان نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ میجر طاہر جیسے نڈر ، بہادر اور صاف گو عوامی سیاست دان کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا قلم دان سونپیں تاکہ پورا صوبہ ان کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرے ۔ 

اٹک سٹی:ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا 
ڈینگی سے متعلق ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں تمام محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے کہا کہ ہمیں موجودہ موسم میں ڈینگی؂ کے خطرے سے آگاہ رہتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے تاکہ ہم اس سے مستقل طور پر محفوظ رہ سکیں ،انہو ں نے کہا کہ اس جان لیوا موذی مرض نے اس سے قبل بھی ملک کے بہت سے علاقو ں میں جانی نقصان کیا ہے ،اس لئے ہمیں اس سے ہوشیار رہنا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی آگاہی کے لئے تمام تر ذرائع کو استعمال کیا جائے انہو ں نے تمام متعلقہ محکموں کو ڈینگی کے تدارک کے لئے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں اور محکمہ صحت کو اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ،انہوں نے مزیدکہا کہ وبائی امراض کو صرف عوامی شرکت سے ہی نٹرول کیا جاسکتا ہے ،اس لئے ضروری ہے کہ عوام الناس کو اس بارے میں مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس متعلق حکومت کا ہاتھ بٹا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق تمام اپنی تیاریاں بھرپور رکھیں اور مانیٹرنگ کی ذریعے تمام علاقوں میں جہاں کہیں بھی پانی کھڑا ہے وہاں سے اس کی نکاسی کریں او ر شہریوں کو بھی اس بارے میں بتائیں کہ وہ جہاں کہیں بھی اپنے علاقوں میں پانی کے گھڑوں وغیرہ کو دیکھیں فوری طور پر وہاں سے نکاسی کا اہتمام کریں اور متعلقہ محکموں کو فوری آگاہ کریں انہو ں نے کہا کہ عوام خود اور اپنے بچوں کو اس جان لیوا بیماری سے بچانے کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات کو عمل میں لائیں اس معتدل موسم میں پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں اور مچھر کی صورت میں مچھر مار لوشن کا استعمال کریں شام کے اوقات میں خصوصی طور پر احتیاط کی جائے جہاں مچھروں کا خطرہ وہاں سے دور رہیں اپنے گھروں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور ماحول کو صاف اور خشک رکھیں گھروں میں موجود گملوں اور دیگر ایسی اشیاء جہاں پانی کھڑا ہونے کا احتمال ہو ان کو فوری خشک کریں انہو ں نے اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کو اپنے فرائض دیانداری اور ایمانداری سے سرانجام دینے کی ہدایت کی ۔ 

اٹک سٹی:خسرہ مہم کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہو ؛رپورٹ
خسرہ مہم کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہو ،اڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے اجلاس کی ۔ صدارت کی اجلاس میں محکمہ صحت ،تعلیم اور دیگر محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران نے شرکت کی اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے فوکل پرسن ڈاکٹر محسن اشراف نے کہا خسرہ مہم 15سے27اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں صبح 9 سے شام 4 بجے تک 6 ماہ سے لے کر 7 سال کے 2,91,951 بچوں کو خسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ،اس سلسلہ میں 75 یونین کونسلوں میں 197 ٹیمیں اور دیگر سٹاف کام کرے گا اور یہ مہم پورے پاکستان میں شروع کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ مہم میں محکمہ صحت کے ساتھ دیگر متعلقہ محکموں کا کردار بھی اہم ہے ،انہوں نے اس موقع پر محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ضلع اٹک کے ہر بچے تک اس مہم کے ثمرات پہنچ سکیں ۔ 

گاؤں تاجک:سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف برطانیہ ناصر خان علی زئی تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے برطانیہ سے گاؤں آئے؛رپورٹ
سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف برطانیہ ناصر خان علی زئی عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے خصوصی طور پر برطانیہ سے تحصیل حضرو کے گاؤں رنگو تاجک آئے اور انہوں نے تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی میجر طاہر صادق اور امیداور پنجاب اسمبلی قاضی احمد اکبر کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سابق وفاقی وزیر امیدوار مسلم لیگ ( ن ) حلقہ این اے 55 شیخ آفتاب احمد کے آبائی گاؤں میں ڈور ٹو ڈور مہم چلا کر تحریک انصاف کے دونوں امیدواروں کو مسلم لیگ ( ن ) کے مضبوط قلعہ رنگو تاجک سے کامیاب کرایا ،انہوں نے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ اب عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد پاکستان میں کرپشن ختم اور روز گار کے وسیع مواقع فراہم ہونگے ۔ معمار اٹک میجر طاہر صادق سے عوام کی بہت توقعات ہیں ،اسی وجہ سے عوام نے سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کے آبائی گاؤں رنگو تاجک سے تحریک انصاف کے امیدواروں کو جتوایا اور ثابت کیا کہ عوام اب موروثی سیاست سے عاری ہو چکی ہے اور تبدیلی چاہتے ہیں ۔ 

اٹک کے عوام کے مشکورہے جنہوں نے مجھے ووٹ دیئے ‘شریف بردارن نے ملک اور قوم کے لیے بے مثال کام کیئے؛ شیخ سلمان سرور
اٹک کے عوام کے مشکورہے جنہوں نے مجھے ووٹ دیئے ،تاریخ ثابت کرے گی شریف بردارن نے ملک اور قوم کے لیے کام کیئے مسلم لیگ ن کی حکومت کو 2008 ء اور 2013 ء میں عوام نے جو مینڈیٹ دیا تھا اورضلع اٹک میں واضح اکثریت سے کامیاب کیا تھا ۔دوران اقتدار ہم نے عوام کی خدمت کی اور خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کی ،ان خیالات کا اظہار سابق امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے ان نے کہا کہ ہم عوام اور اللہ کے حضور سرخرو ہوئے حالیہ انتخابات کے نتائج قوم اور دنیا کے سامنے ہیں عوام ان نتائج سے بخوبی آگاہ ہے ‘مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت نے اپنے دور اقتدارمیں عوام کی بے لوث خدمت کی عوام کے درینہ مسائل حل کیے ۔میرے والد شیخ آفتاب احمد نے اٹک عوام کی جوخدمت کی اس کی مثال نہیں ملتی اللہ تعالیٰ نے جب بھی موقع دیا ‘عوام کی خدمت کرتے رہے گے ۔حلقہ عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے ان حالات کے باوجود بھی مجھے ووٹ دیئے ،اب ایک نئی حکومت ملک میں قائم ہونے جا رہی ہے نئے حالات عوام کے سامنے آ چکے ہیں میری دعا ہے کہ ملک ٹھیک طریقہ سے چلتا رہے ۔حالات بہتر سے بہتر ہوں اور عوام خوش و خرم زندگی گزارے جنہوں نے مجھے ووٹ دیا میں ان کا بھی مشکور ہوں اور جنہوں نے ووٹ نہیں دیا ان کا بھی مشکور ہوں انہوں نے اپنا جمہوری حق استعمال کیا ۔



















Comments

Popular posts from this blog

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong by Yasir Amin Hazrovi

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong S.A.R. +852 53 686 786