News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong by Yasir Amin Hazrovi

News from Hazro City, Chhachh Valley and District Attock, Updated from Hong Kong by Yasir Amin Hazrovi +852 53 686 786.




اٹک اورمیانوالی کے درمیان مسان برج اور مکھڈ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس ٹرین پٹڑی سے اترگئی 

اٹک اورمیانوالی کے درمیان مسان برج اور مکھڈ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس ٹرین پٹڑی سے اترگئی جس کی انجن اور 8 بوگیاں الٹ گئیں ،ٹرین حادثہ میں 15مسافر زخمی ہو گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ریلوے لائن کئی گھنٹے تک بند رہی کراچی سے پشاور جانے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق اٹک اور میا نوالی کے درمیان خوشحال خان ایکسپریس جو کہ کراچی سے براستہ اٹک میانوالی اور پشاور آرہی تھی کہ اٹک اور میانوالی کے درمیان مسان ریلوے اسٹیشن پرٹرین پٹڑی سے 8 بوگیوں سمیت اتر کر الٹ گئی ،حادثہ کے فوراً بعدریلوے ٹریک کوفوری طورپربندکردیاگیااورٹرینوں کی آمدورفت کوروکا دیاگیا ریلوے احکام اور ریسکیو 1122 اٹک اور میانوالی کی ٹیموں میانوالی کے تھانہ پیر پائی اور اٹک کے تھانہ انجرأ کے عملہ کے علاوہ تھانہ انجرأ میں پراچہ ویلفیئر سوسائٹی کی ایمبولینس عملہ سمیت اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پرپہنچ گئیں جہاں ٹرین الٹی وہاں صرف ریلوے ٹریک رابطہ ہے جبکہ کوئی دیگر زمینی راستہ نہ ہونے کے سبب دشوار راستوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔جائے وقوعہ تک پہنچنے کے لیے 4 کلومیٹر کی پیدل مسافت طے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی گئی ریسکیو کی 4 ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئی اورابتدائی طبی امدادکے بعد 15 زخمیوں کو میانوالی کے قریبی ہسپتال میں منتقل کردیاگیا تاہم ریسکیو1122ذرائع کے مطابق اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواریلوے ریلیف ٹرین کندیاں سے بھجوا دی گئی ریلوے حکام اورریسکیو1122کے مطابق امدادی سرگرمیوں کاسلسلہ جاری رہا ریلوے لائن کی مرمت کے بعد راستہ ٹرین کیلئے کھول دیا گیا جس سے ٹرینوں کی آمدورفت شروع ہو گئی دیگر مسافروں کو متبادل ذرائع استعمال کر کے منزل مقصود تک پہنچایا گیا ۔ 

کامرہ کینٹ کے علاقہ میں جعلی پیر کی جانب سے دین اسلام کے خلاف کفریہ الفاظ ادا کرنے پر مذہبی ، عوامی سماجی حلقے سراپا احتجاج 
کامرہ کینٹ کے علاقہ پڑی گیٹ کے قریب جعلی پیر کی جانب سے دین اسلام کے خلاف کفریہ الفاظ ادا کرنے پر مذہبی ، عوامی سماجی حلقے سراپا احتجاج ‘علماء تاجر نمائندوں سیاسی وسماجی شخصیات کی ڈی پی او سے ملاقات ، ڈی پی او نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق صدر میلاد کمیٹی کامرہ سید ریاض حسین شاہ ،صدر انجمن تاجران کامرہ سید فاروق شاہ ، علاقہ نمبر دار ان رستم خان ، چوہدری جاوید ، امجد بیگ و دیگر نے جی ٹی روڈ شمس آبادپر عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کامرہ کینٹ تھانہ صدر اٹک کی حدود میں نوسر باز جعلی پیر شفیق اپنے مفادات کی خاطر لوگوں کو جادو ٹونہ کے نام پر دین اسلام سے دور کر رہا ہے ۔نماز، روزہ ،زکوۃ ، حج اور داڑھی سے منع کرنا اسکا معمول بن چکا جبکہ نماز کیلئے مسجد میں اذان ہو تو یہ کفریہ الفاظ ادا کر تا ہے ‘نماز سے روکنا اسکے مشن کا حصہ ہے کثیر تعداد کو جمع پونچی سے محروم کرنے کے بعد انکی شادیاں کروا کر ان میں اختلاف پید ا کر کے خود لڑکیوں سے شادی اسکا معمول ہے ۔دین اسلام کے خلاف کفریہ الفاظ ادا کرنے کی کئی شہادتیں گزر چکی لوگوں نے بیان حلفی تک جمع کرا دیئے ،پولیس چوکی کامرہ کے عملے کی بے حسی کی وجہ سے اسکے خلاف کاروائی نہ ہوسکی ،اب ہم ڈی پی او اٹک سے شکایات درج کرانے جارہے ہیں ہم پر امن لوگ ہیں اور قانون کا احترام ہم پر لازم ہے اور قانون کے رکھوالوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ علاقہ کا امن تباہ کرنیوالے اس جعلی پیر کو قانونی کٹہرے تک پہنچائیں عدلیہ سے ہمیں انصاف ملے گا ،اسکے بعد علمائے کرام تاجر نمائندئے علاقہ کے نمبرداران ،جنرل کونسلرز،میلاد کمیٹیوں کے صدرو نے 100کے قریب اہل علاقہ کے ہمراہ ڈی پی او آفس پہنچے اور ان سے علما، تاجر نمائندوں سماجی شخصیات کے10رکنی وفد نے ملاقات کی اور اس جعلی پیر کی کارستانیوں بارے انہیں آگاہ کیا جہاں پر ڈی پی او نے وفد کو یقین دلایا کے انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ انہوں نے ڈی ایس پی صدر کو انکوائرای افسر مقرر کرتے ہوئے رپورٹ دینے کا حکم دیا جنکے احکامات پر آج اٹک میں انکوائری کی گئی جسمیں اس جعلی پیر کے ہاتھوں ستائے متعدد افراد ن علمائے کرام ، تاجر نمائندوں ، سماجی شخصیات ،اہل علاقہ کے ہمراہ انکوائری افسرڈی ایس پی صدر اٹک جنکے ہمراہ ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک عابد منیر ،انچارج چوکی کامرہ کے روبرو اس جعلی پیر کی جانب سے اذان ،نماز ، روزہ ، حج ، زکوۃ کے بارے کفریہ الفاظ ادا کرنے کے حوالہ سے بیان حلفی جمع کرائے دوران انکوائری جعلی پیر نے کہاکہ میں بہاراں والی سرکاری کی جانب سے اٹک بجھوایا گیا ہوں اور مجھے حکم ملا ہے کہ اٹک جا کر کام کرومیں پیر ہوں اور پیر کا کو ئی مذہب نہیں ہوتا اسکی جانب سے ڈی ایس پی کو کوئی ٹھوس جواب نہ ملنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک ، انچارج چوکی کامرہ کو احکامات جاری کیے کہ اسکا مکمل ریکارڈ اسکے آبائی علاقہ ودیگر ذرائع سے حاصل کر کے مفصل رپورٹ تیار کر کے افسران کو بجھوائی جائے تاکہ علاقہ میں امن و امان کی صورت حال برقرار رہے ۔ 

اٹک سٹی:حلقہ این اے 56 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں8 امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دیئے گئے 
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 37 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں اٹک میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں دونوں حلقوں سے 8 امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دیئے گئے ہیں ۔حلقہ این اے 56 کیلئے ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لودھراں ابرار احمد جتوئی نے تینوں امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دیئے ہیں جن میں مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد امیدوار ملک سہیل خان آف کمڑیال کو شیر ، تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ملک خرم علی خان کو بلا اور تحریک لبیک پاکستان کے پیر سید فیصل محمود شاہ آف چورہ شریف کو کرین کا نشان الاٹ کیا گیا ہے ،اسی طرح حلقہ پی پی 3 کیلئے الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اٹک عبدالرشید نے حلقہ سے 5 امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دیئے ہیں جن میں مسلم لیگ ( ن ) کے سردار افتخار احمد خان کو شیر ، تحریک انصاف کے محمد اکبر خان تنولی کو بلا ، تحریک لبیک پاکستان کے محمد مشتاق علی چھاچھی ایڈووکیٹ کو کرین ، آزاد امیدواران سابق ایم پی اے سردار محمد علی خان کو مٹکا اور ایاز خان بالڑہ کو بالٹی کے نشانات الاٹ کیے گئے ہیں ۔ 

اٹک سٹی: پی ٹی آئی نے عرصہ دراز سے سیاسی لحاظ سے غیر فعال پی پی پی کے سابق ایم پی اے ملک خرم علی خان کو پارٹی ٹکٹ دے دیا 
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق سے ناراض تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے پارلیمانی بورڈ کے بجائے ان کی پارٹی کے اندر سب سے بڑے مخالف وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم کے ذریعے ان کی چھوڑی ہوئی دونوں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر میجر طاہر صادق کی رائے لیے بغیر قومی اسمبلی کی نشست حلقہ این اے 56 اٹک 2 پر حالیہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کرنے والے اور عرصہ دراز سے سیاسی لحاظ سے غیر فعال پی پی پی کے سابق ایم پی اے ملک خرم علی خان کو پارٹی ٹکٹ دے دیا جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 کی نشست پر تحریک انصاف سے دیرینہ تعلق رکھنے والے اور وزیر اعظم عمران خان کی حفاظت پر معمور دستے میں شامل محمد اکبر خان تنولی کو ٹکٹ جاری کر دیئے گئے ہیں ملک خرم علی خان 2001 میں تحصیل ناظم پنڈی گھیب منتخب ہوئے اور بعدازاں انہوں نے اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کر کے میجر طاہر صادق گروپ میں شمولیت اختیار کر لی 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں انہوں نے میجر طاہر صادق کے شانہ بشانہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا تاہم تحصیل پنڈی گھیب سے کونسلروں کی اکثریت نے فیصلہ ملک لیاقت علی خان پنڈی گھیب کے حق میں کیا جس پر ملک خرم علی خان نے میجر گروپ سے اپنے سیاسی راستے الگ کر لیے اور 2008 کے انتخابات میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور اس حلقہ سے کامیابی کے بعد 2012 میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور رکن پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا اور اس حلقہ میں ضمنی انتخاب ہوا 2013 کے عام انتخابات میں اس حلقہ سے تحریک انصاف کا ٹکٹ موجودہ رکن پنجاب اسمبلی وزیر مال پنجاب کرنل ملک محمد انور خان کو ملا جو کامیابی حاصل نہ کر سکے اور اس حلقہ سے چوہدری شیر علی خان منہاس منتخب ہوئے جنہیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر معدنیات کا قلمدان دیا گیا اور 2012 سے 2018 تک ملک خرم علی خان عملی سیاست سے کوسوں دور رہے حالیہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کی بجائے مسلم لیگ ( ن ) کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ ان کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کو اپنی انتخابی تقاریر میں آڑے ہاتھوں لیتے رہے اٹک سے قومی اسمبلی کی دونوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے کامیاب ہو کر اٹک کی پارلیمانی تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے والے میجر طاہر صادق نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے دستبرداری کی تو اس دوران ان کے تعلقات تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے کشیدہ ہوتے چلے گئے جس کا نتیجہ ان دو ٹکٹوں میں ان کی رائے لیے بغیر قومی اسمبلی کا ٹکٹ مسلم لیگ ( ن ) کی حمایت کرنے والے جس نے 6 سالوں میں اپنی وفاداری کئی مرتبہ تبدیل کی اسے دے دیا گیا حلقہ این اے 56 کے ٹکٹ اختیار تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے اٹک سے وزیر اعظم کے غیر منتخب مشیر ملک امین اسلم کو دیا جن کے ساتھ ٹکٹ کی اس تقسیم میں وزیر اعظم کے سیاسی مشیر نعیم الحق نے اس سلسلہ میں رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کو نیچا دکھانے کیلئے اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار ملک سہیل خان کمڑیال سے رابطہ کر کے انہیں تحریک انصاف کا ٹکٹ دینے کی آفر کی ان کے انکار پر ان شخصیات نے ان کی منت سماجت سے بھی گریز نہیں کیا جس کا اظہار وہ کھلے بندوں کارنر میٹنگ میں کر رہے ہیں کہ انہیں تحریک انصاف کا ٹکٹ اس بنیاد پر دیا جا رہا ہے کہ وہ میجر طاہر صادق کے مخالف ہیں تاہم 10 سال تک تحریک انصاف میں رہنے والے ملک سہیل کمڑیال نے مسلم لیگ ( ن ) سے اپنی وفاداری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کر کے ان شخصیات کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تاہم وزیر اعظم کے مشیر جو گزشتہ 17 سال سے ملک سہیل کمڑیال کے انتہائی قریبی دوستوں میں شمار ہوتے ہیں نے ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ایک تیر سے دو شکار کھیلنے کا فیصلہ کیا جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب ہو گئے ہیں ملک سہیل کمڑیال کی کامیابی بھی ملک امین اسلم کی کامیابی تصور کی جائے گی کیونکہ وہ ان کے مد مقابل ایک کمزور امیدوار لے کر آئے ہیں جس کی حمایت ان کے نیچے ممبران پنجاب اسمبلی کیلئے کرنا ممکن نہیں ہو گا اور اگر ملک خرم علی خان جیت گئے تو تب بھی جیت کا کریڈٹ ملک امین اسلم ہی لیں گے اس طرح حلقہ این اے 56 کی سیاست میں شیر اور خط دونوں ملک امین اسلم کی مٹھی میں ہیں جس کا فیصلہ 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب کی شام کو ہو جائے گا ۔ 

برطانیہ:سیدنا حضرت عمر فاروقؓ رسول اللہ ﷺکے انتہائی قریبی رفیق اور تاریخ اسلام کی الوالعزم عبقری شخصیت ہیں؛ محمد عمر توحیدی
پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ خلافت اسلامیہ کے تاجدار ثانی،قیصر و کسریٰ کے فاتح سیدنا حضرت عمر فاروقؓ رسول اللہ ﷺکے انتہائی قریبی رفیق اور تاریخ اسلام کی الوالعزم عبقری شخصیت ہیں، آپؓ کے مقام عُلُو میں بیشترصحیح احادیث رسول ﷺ موجود ہیں،وہ یکم محرم الحرام یوم شہادت امام عدل و حریت ،حضرت عمرؓ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ رسالت مآبﷺکے چمن میں جس پھول نے پوری دنیا کو عدل و انصاف کی خوشبو سے معطر کیااور ظلم و استحصال کی چکی میں پسی ہوئی انسانیت جس پھول کی مہک سے پورے آب تاب سے معطر ہوئی وہ داماد علیؓسیدنا فاروق اعظمؓ تھے۔انھوں کہا کہ تاریخ ان صداقتوں پر گواہ ہے کہ دنیا کو کامل و اکمل اور مثالی نظام زندگی عطا کرنے والے آپؓ ہیں،آپؓکا دورحکومت سادہ اور عاجزی کا زندہ جاوید نمونہ تھا،آپؓنے مسجد نبوی ﷺ میں بیٹھ کرجس کمال قوت اور حسن سیاست سے ریاست مدینہ کوجو وسعت بخشی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔عمر توحیدی نے مزید کہا کہ آپؓ نے قیصر و کسریٰ کے سروں سے تاج اورپاؤں سے تخت کھینچ کر انسانیت کوان کے ظلم سے نجات دلائی، آج پاکستان میں نظامِ عدل امیر کے گھرکی لونڈی اور غریب کے گلے کا پھندہ بن کے رہ گیا ہے ،لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت عمرؓکی طرز حکومت، عدل وانصاف پر مبنی قوانین اور ان کے درخشندہ اصولوں سے ریزہ چینی کی جائے تاکہ مملکت طمانیت کے کنول سے آراستہ ہوں۔ یوکے اسلامک مشن کے رہنما حاجی حق نوازخان نے کہا کہ آج بھی جس ملک نے عہد فاروقیؓ کو مشعل راہ بنایااس نے ترقی کی معراج کو پالیا ہے۔آپؓ کے خدمت خلق کا یہ عالم تھا کہ ایک وسیع و عریض خطہ کے طاقتور حکمران ہوتے ہوئے بھی راتوں کو جاگ کر مدینہ کا گشت کرتے اور اپنے کندھوں پر سامان لاد کر غریبوں کے گھروں تک پہنچاتے،حکومتی خزانے کوذاتی مفادمیں نہ لاناعہد فاروقی کا سنہری باب ہے۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یکم محرم الحرام کو ملک بھر میں عام تعطیل کر کے نئی نسل کوفاروق اعظمؓ کی عظمت لازوال اور تعلیمات کا درس دیا جائے۔

اٹک سٹی:میجر طاہر صادق اور مشیر وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان کو تقسیم کردیا ؛ نقاش علی خان
پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان نقاش علی خان نے کہا ہے کہ اٹک میں نفرت کا بازار گرم رہا ‘ہم سمجھے شاید دین اسلام کو دیکھ کر نفرت ختم ہوگی لیکن افسوس ایسا نہ ہوا، رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف میجر طاہر صادق اور مشیر وزیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان کو تقسیم کردیا ،اگر یہ آپس میں اچھے تعلقات نہیں رکھتے تو اس سے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کو نقصان پہنچے گا ‘دیکھئے تبدیلی تب آتی ہے جب آپ سب دل سے مخلص ہونگے ۔پی پی سی آئی ایچ آر پاکستان نقاش علی خان نے میجر طاہر صادق اور ملک امین اسلم سے اپیل کی کہ خدارا آپس میں اچھے تعلقات رکھیئے یہ نہ ہو کہ آپ کی نفرتوں کے تحریک انصاف کو ہی نقصان دیئے جائیں میری بات سے کوئی ناراض نہ ہو ہمیں ان کے آپس کے تعلقات بہتر کروانے ہوں گے میں میجر طاہر صادق اور ملک امین اسلم سے پھر اپیل کرتا خدارا پاکستان کی خاطر ایک ہوں ۔ 

اٹک سٹی:ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں رات گئے فوری طبی امداد نہ ملنے کے سبب 60 سالہ خاتون ایڑیاں رگڑ کر دم توڑ گئیں
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک میں رات گئے فوری طبی امداد نہ ملنے کے سبب 60 سالہ خاتون ایڑیاں رگڑ کر دم توڑ گئیں، ڈیوٹی پر موجود 4 ڈاکٹروں میں سے 2 خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے تھے جبکہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر طفیل خان اپنے موبائل پر سوشل میڈیا پر مصروف رہے ،لیڈی ڈاکٹر اقراء نے مریضہ کو طبی امداد فراہم کی تاہم سینئر ڈاکٹروں کے نہ آنے کے سبب مریضہ جاں بحق ، رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری اطلاع ملنے پر ہسپتال پہنچ گئے ۔ان کی موجودگی میں مریضہ کی وفات کے بعد ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر اپنا جرم چھپانے کیلئے مریضہ کے عزیز و اقارب کو دھمکیاں اور اپنا تعلق تحریک انصاف سے ظاہر کرنے لگا ،تفصیلات کے مطابق کاملپورسیداں اٹک کینٹ میں اپنے عزیز کی فوتیدگی میں آئی ہوئی یونین کونسل بریار کے سابق کونسلر محمد نواز آف جسیاں کی 60 سالہ ہمشیرہ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ۔ریسکیو 1122 کی مثالی سروس 3 منٹ میں پہنچ گئی جنہوں نے مریضہ کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا۔ مریضہ کو ہارٹ اٹیک ہونے کے سبب سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی تھی، ایمرجنسی میں منتقل کرنے کے بعد مریضہ کے عزیز و اقارب نے فوری طور پر پرچی بنا کر ڈیوٹی پر موجود طفیل خان جو اپنے موبائل فون پر سوشل میڈیا کے استعمال میں مصروف تھے کو مریضہ کی حالت کے ارے میں آگاہ کیا تو انہوں نے مریضہ کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب کے بار بار مریضہ کو چیک کرنے کے اصرار پر ہر مرتبہ یہی فرمائش کی کہ پہلے مجھے مریضہ کے پاس جا کر مجھے مرض کے بارے میں آگاہ گیا جائے پھر میں چیک کروں گا ۔ڈیوٹی پر موجود لیڈی ڈاکٹر اقراء نے اپنے تجربہ کے مطابق مریضہ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی تاہم مریضہ کی حالت تشویشناک ہونے پر انہوں نے سینئر ڈاکٹر شریف کو بلانے کا کہا جو ہسپتال کی اوپر والی منزل میں خواب خرگوش کے مزے لے رہے تھے ،فوری طور پر طبی امداد نہ ملنے کے سبب مریضہ حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال کر گئیں ڈاکٹر شریف ان کے فوت ہونے کے بعد تشریف لائے اس دوران ان کے عزیز و اقارب نے رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری کو فون کیا جو رات سوا ایک بجے ہسپتال پہنچ گئے ان کی موجودگی میں ڈیوٹی سے غیر حاضر چوتھے ڈاکٹر عدنان غنی بھی پہنچ گئے مریضہ کی وفات کی اطلاع پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر کاشف بھی آ گئے ڈاکٹر عدنان غنی نے اپنی غیر حاضری کو چھپانے کیلئے فوت ہو جانے والی مریضہ کے قریبی عزیز و اقارب سے رکن پنجاب اسمبلی کی موجودگی میں نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ کہا کہ ان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے اور ان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور فوت ہو جانے والی مریضہ کے عزیز و اقارب سے لڑنے مرنے کیلئے تیار ہو گئے اس پر رکن پنجاب اسمبلی یاور بخاری نے ڈی ایم ایس کو ہدایت کی کہ وہ اس واقعہ کی مکمل انکوائری کر کے اس میں قصور وار ہسپتال عملہ کے خلاف قانونی کاروائی کریں ہسپتال میں طبی امداد نہ ملنے کے سبب فوت ہو جانے والی خاتون کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں جسیاں میں ادا کی گئی اور انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی:بیگم کلثوم نواز کی ملک وملت کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،انکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائے گئی ؛ شیخ آفتاب احمد
بیگم کلثوم نواز کی ملک وملت کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ،ان کی جمہوریت کے لیے قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائے گئی ‘کلثو م نواز کی موت قومی سانحہ ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اٹک آنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے ،انہوں نے کہا اس فانی دنیا میں سب نے جانا ہے لیکن چند شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کے جانے کے بعد اُن کی یادیں ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں بیگم کلثوم نواز انہتائی مخلص رحم دل خاتون تھی ساری زندگی غریبوں ، بیواؤں کی خدمت کی بیگم کلثوم نواز کی وفات سے بلا شبہ پاکستان کی سیاست کا ایک باب بند ہو گیا ہے ۔انہوں کی گھریلو خواتین کا کردار بخوبی نبھایا بیگم کلثوم نواز نے 12اکتوبر 1999تک گھریلو خاتون تھیں جنرل مشرف نے جب نواز کی حکومت کو ختم کیا تو اُن کی سیاست کا آغاز ہوا 1999سے لے کر 2002تک پارٹی قیادت سنبھالی بیگم کلثوم نواز پارٹی لیڈ ر شپ اور نواز شریف کے درمیان مشاورت کے لیے پل کا کام کیا مشرف کے مارشل لاء کے بعد بیگم کلثوم نواز نے نواز شریف ، شہباز شریف کی رہائی کے لیے سیاست کے خاردار میں داخل ہوئیں انہوں نے نواز شریف کو میدان سیاست میں کمزور نہیں ہونے دیا نواز شریف ، شہباز شریف ، مریم نواز ، حسن و حسین نواز کو جو صدمہ پہنچا ہے اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا نواز شریف ، مریم نواز جس حالت میں بیگم کلثوم نواز کو چھوڑ کر آئے تھے یہ کوئی بہادر خاندان ہی کر سکتا ہے کلثوم نواز کا صدمہ نواز شریف ، مریم نواز کو جس حالت میں برداشت کرنا پڑ رہا ہے وہی جانتے ہیں بیگم کلثوم نواز کی یاد باقی رہے گی ۔ 

ہرونہر‘ اٹک:مچھلی کے شکار کے لیے جانے والا نوجوان خود شکار ہو گیا ‘ چند دنوں کے بعد موصوف کی شادی ہونے والی تھی
مچھلی کے شکار کے لیے جانے والا نوجوان خود شکار ہو گیا ، پاؤ ں پھسلنے سے گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی چند دنوں بعد شادی ہونے والی تھی ۔شادی کی تیاریوں میں مصروف والدین پر نواجوان کی موت کی خبر بجلی بن کر گری ،تفصیلات کے مطابق مدینہ مسجد بلاک R کا رہائشی نوجوان عدنان دریائے ہرو پر مچھلیا ں پکڑنے کی غرض سے گیا جہاں شکار کرتے ہوئے نوجوان کا پاؤں پھسلا اور وہ گہرے پانی میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار بیٹھا ۔مرحوم کی عمر 24 سال تھی اور چند دنوں بعد اس نوجوان کی شادی ہونے والی تھی ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خوشیوں کا گھر ماتم میں تبدیل ہو گیا مقامی جنازہ گاہ میں جنازہ کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی ،مرحوم کو اس کی نماز جنازہ کے بعد اس کے آبائی قرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ 

اٹک سٹی: مسلم لیگ ( ن ) ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی ؛ سردار افتخار احمد خان
مسلم لیگ ( ن ) ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی ،پارٹی قائدین نے مجھ پر اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اتروں گا‘ مرکزی صوبائی اور مقامی قائدین کا مشکور ہوں کہ جنہوں نے مجھے حلقہ پی پی 3 سے ٹکٹ دیا ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 3 سردار افتخار احمد خان نے الیکشن آفس اٹک میں ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد کے ہمراہ پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حلقہ NA-56 اور پی پی 3 کی عوام مسلم لیگ ( ن ) کے امیدواروں کو کامیاب کرے گی ۔

اٹک شہر کے صدر بازار کے گرد و نواح میں آوارہ اور بیماری زدہ کتوں کی بھرمار ‘ عوام بے بس ہو کر رہ گئی
اٹک شہر کے صدر بازار کے گرد و نواح میں آوارہ اور بیماری زدہ کتوں کی بھرمار ، صبح و شام آوارہ کتے مختلف جگہوں پر ٹولیوں کی شکل میں گلی محلوں اور سکولوں کی گزر گاہوں پر کھڑے نظر آتے ہیں ، سکول جانے والے بچے خوف کی وجہ سے اپنا راستہ بھی تبدیل کر نے پر مجبور ، کتا مار مہم شروع کی جائے ، ایگزیکٹیو آفیسر اور عوامی حلقے نوٹس لیں ۔تفصیلات کے مطابق صدر بازار کے گرد ونواح آوارہ اور بیماری زدہ کتوں کی بھرمار ہے خدشہ ہے کہ کتو ں کے کاٹنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان رونماء نہ ہو جائے،صبح شام درجنوں کے حساب سے کتے ہر طرف منڈلاتے نظر آتے ہیں خصوصاًجیکی بستی کے قریب جہاں سے ایف جی بوائز اور گرلز ہائی سکول اور آرمی پبلک سکول کے بچوں کی گزر گا ہ ہے جن میں زیادہ تر تعداد طالبات کی ہوتی ہے ان کتوں کے ڈر اور خوف کی وجہ سے گھوم کر لمبے راستے سے اپنے سکول و کالج میں پہنچتے ہیں اکثر اوقات انہیں طویل راستوں کی وجہ سے اسکول پہنچنے میں لیٹ ہو جاتے ہیں جوکہ طلباء کی پڑھائی پر بہت بڑا اثر پڑتا ہے یہ آوارہ کتے انسانوں کو دیکھتے ہی ان پر بھونکنا شروع کر دیتے ہیں اور کاٹنے سے بھی دریغ نہیں کرتے جن کی وجہ سے گزرنے والے شہری طلباء وطالبات خوفزدہ اورشدید ذہنی اذیت کا شکار رہتے ہیں قبل ازیں ان کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے کئی افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی اٹک کینٹ کے عوامی و سماجی حلقوں نے اسٹیشن کمانڈر اورایگزیکٹیو آفیسر سے اس نازک مسئلہ کا سد باب کے لئے کتا مار مہم شروع کرنے کی اپیل کی ہے ۔ 

اٹک سٹی:کنٹریکٹ ملازمین کی یکجہتی ، حکومت پنجاب کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرے ؛ عوامی حلقے
کنٹریکٹ ملازمین کی یکجہتی ، حکومت پنجاب کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرے اوردوران ملازمت پنجاب پولیس کی فوت شدہ ملازمین کے زیر تعلیم بچوں کا ماہانہ وظیفہ بحال کرے جبکہ متوفی ملازمین کے تعلیم یافتہ بچوں کو فیملی کلیم قانون کے مطابق گورنمنٹ پنجاب کے محکموں میں ملازمت دینے کا عملی طور پر اہتمام کرے ۔چند روز قبل محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت اور پولیس ملازمین کی بیوگان کی ایک تقریب ہوئی اٹک پریس کلب میں ایپکا کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے مطالبہ کیا ہے کہ گزشتہ ادوار کے سیاسیوں نے ملازمین کو گزشتہ 10 سے 12 سالوں میں بڑا نقصان پہنچایا ہے اور کنٹریکٹ کا لفظ ایجاد کر کے فرعونیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے جنہوں نے موجودہ پنجاب حکومت کو معاملات درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اپنا حق حاصل کرنے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان بھی جانے کا پروگرام بھی زیر غور رکھا ہوا ہے ۔ 

اٹک سٹی:ایم پی اے یاور بخاری نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کا تفصیلی دورہ کیا 
ایم پی اے یاور بخاری نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک کا تفصیلی دورہ کیا ،کالج میں جاری تعمیراتی کام کی رفتار اور کوالٹی چیک کی ، کلاسز کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات سے ان کے مسائل دریافت کئے ،ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے حکام کو موقعہ پر بلا کر ان کے زیر نگرانی چلنے والے کاموں کو جلدی مکمل کرنے اور کوالٹی کو بہتر بنانے کی ہدایات دی گئیں ۔میٹنگ میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر آفتاب جاوید ، گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل مسز غزالہ جاوید ، عثمان عزیز ، پرنسپل گورنمنٹ کامرس کالج ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد عثمان صدیقی ، ایکسین بلڈنگ شاہدبٹ ، مس فریحہ تجرب ، ایس ڈی او بلڈنگز شیخ صفدر ، ایس ڈی او واپڈا ریاض احمد ، سب انجینئر عبدالرشید ، ایس ڈی او بلڈنگز سب ڈویژن منور خان ، سب انجینئر بلڈنگز اور کالج کے پروفیسرز نے شرکت کی ۔ 

اٹک سٹی: تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر انتظام امتحان انٹرمیڈیٹ ( ضمنی ) 2018ء مورخہ 22-10-2018 سے شروع ہوگا 
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، راولپنڈی کے ترجمان ارسلان چیمہ کے مطابق تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر انتظام امتحان انٹرمیڈیٹ ( ضمنی ) 2018ء مورخہ 22-10-2018 سے شروع ہوگا ۔بورڈ نے آن لائن داخلہ فارموں کی وصولی کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم وصول کرنے کی آخری تاریخ مورخہ 27-09-2018 دوگنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم وصول کرنے کی آخری تاریخ مورخہ 02-10-2018 جبکہ تین گنا فیس کے داخلہ فارم وصولی کی تاریخ مورخہ 05-10-2018 مقرر کی گئی ہے ۔داخلہ فارم کی قیمت بمعہ پروسسنگ فیس مبلغ 395/- روپے ہے داخلہ فارم آن لائن کرنے کے بعد فارم اور فیس مقررہ شیڈول کے مطابق آخری تاریخ سے پہلے دفتر کو وصول ہونا لازمی ہے مزید معلومات کے لیے بورڈ ہذا کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pk وزٹ کریں کسی بھی دشواری کی صورت میں کنٹرولر امتحانات کے ٹیلی فون نمبر 051-5450917 ، 051-5450918 یا انٹر برانچ کے ٹیلی فون نمبر 051-5450920 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔ 

اٹک سٹی: محرم الحرام کے سلسلہ میں آر پی او راولپنڈی فیاض احمد دیو نے قائم مقام کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ اٹک کا دورہ کیا 
محرم الحرام کے سلسلہ میں سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں آر پی او راولپنڈی فیاض احمد دیو نے قائم مقام کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ اٹک کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ضلعی سربراہان بھی موجود تھے ، آر پی او راولپنڈی فیاض احمد دیو نے قائم مقام کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ اٹک کا دورہ کیا ،انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں اٹک شہر میں ہونے والے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آر پی او راولپنڈی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔پولیس پوری محنت اور لگن کیساتھ عوام کی حفاظت کے مشن پر کمر بستہ ہے اور کسی ملک دشمن عناصر کو وطن عزیز کی سا لمیت پر آنچ لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی بعد ازاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس اٹک میں سیکورٹی کے حوالہ سے میٹنگ صدارت کی جس میں انہوں سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اٹک پولیس کو اسی لگن کیساتھ کام کرنے کی ہدایات دیں ۔ 

اٹک سٹی:چھوڑی ہوئی 2 نشستوں پر مسلم لیگ ( ن ) اور تحریک انصاف نے میرٹ اور پارٹی سے وابستگی کا جنازہ نکال دیا ہے ؛ رپورٹ
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی 3 نشستوں کی کامیابی کے بعد ان کی چھوڑی ہوئی 2 نشستوں پر مسلم لیگ ( ن ) اور تحریک انصاف نے میرٹ اور پارٹی سے وابستگی کا جنازہ نکال دیا ہے ۔دونوں جماعتوں نے حالیہ انتخابات میں مخالفت کرنے والوں کو ٹکٹ دے کر عام ووٹر کو کیا پیغام دیا ہے ،اس کا فیصلہ 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب میں پولنگ کے روز ہو گا حلقہ این اے 56 میں ملک سہیل کمڑیال جنہیں گزشتہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ( ن ) کا ٹکٹ ملا وہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے تک تحریک انصاف میں شامل تھے اور اس مرتبہ بھی وہ مسلم لیگ ( ن ) کے امیدوار ہیں ان کے مد مقابل تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ملک خرم علی خان جنہوں نے عام انتخابات میں ان کی حمایت کی تھی اب مسلم لیگ ( ن ) چھوڑ کر تحریک انصاف کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی بن چکے ہیں اسی طرح حلقہ پی پی 3 میں عام انتخابات میں میجر طاہر صادق کی حمایت کرنے والے سابق تحصیل ناظم سردار افتخار احمد خان المعروف مٹھو خان جو 2001 میں میجر طاہر صادق کے گروپ سے تحصیل ناظم منتخب ہوئے تھے وہ 2005 میں انہیں چھوڑ گئے اور بعدازاں 2008 میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی 2016 کے بلدیاتی انتخابات میں انہوں نے دوبارہ میجر گروپ میں شمولیت اختیار کر لی اور حالیہ عام انتخابات میں میجر گروپ کی حمایت کی تاہم حلقہ پی پی 3 سے ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے میجر گروپ دوسری مرتبہ چھوڑ کر مسلم لیگ ( ن ) میں شمولیت اختیار کر لی اور انہیں اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے صرف حلقہ پی پی 3 سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار محمد اکبر خان تنولی وہ واحد امیدوار ہیں جن کی روز اول سے وابستگی تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور انہوں نے حالیہ عام انتخابات میں اس حلقہ سے ٹکٹ نہ ملنے کے باوجود پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی نہیں کی ۔ 

اٹک سٹی:بیگم کلثوم نواز کی وفات پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر وکلاء نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا
بیگم کلثوم نواز کی وفات پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے صدر اور دیگر وکلاء کا سابقہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور شریف خاندان سے اظہار تعزیت اور بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کی بقاء کے لئے کی جانے والی جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار اٹک کے صدر ملک اسرار احمد ، سینئر وکلاء شیخ وقار عظیم صدیقی ، شیخ سہیل احمد صدیقی ، چوہدری محمد اختر ، سردار ہمایوں اکبر خان ، ملک فخر ، ملک ربنواز حیات ، امتیاز احمد اعوان ، عمر سلیم ، شیخ ذیشان ، شیخ مدثر ، سردار توصیف احمد خان ، ملک خالد محمود اعوان ، مبارس خان علی زئی ، ملک شفقت الرحمن اور دیگر نے تعزیت کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ آمریت کے بد ترین دور میں بیگم کلثوم نوا ز کی جمہوریت کی بقاء کے لئے کی جانے والی جدو جہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا مرحومہ نہایت ہی نڈر ، دلیر اور بہادر عورت تھیں دکھ کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں اور ہمدردیاں شریف خاندان کے ساتھ ہیں اللہ تعالی مرحومہ کی بخشش فرمائے ۔ 

ضلع اٹک:سول ایوی ایشن اتھارٹی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ فتح جنگ نے 200 سے زائد کارکنوں کو برطرفی کا حکم سنا دیا 
سول ایوی ایشن اتھارٹی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ فتح جنگ نے 200 سے زائد کارکنوں کو برطرفی کا حکم سنا دیا ،ایک ہفتے کے اندر اندر کارکنوں کو نوکریوں سے نکال دینے کا فیصلہ ، کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، ظالمانہ اقدام کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے مزدور ایکشن کمیٹی نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی میڈیا نمائندوں سے گفتگو ، تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر کے آغاز سے علاقہ کے 200 سے زائد افراد پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف شاہ نے میں مذکورہ ملازمین کو برخاستگی کے زبانی احکامات صادر کیے ہیں ملازمتوں سے نکالے جانے کے حکم پر غریب ورک چارج ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ‘یہ تمام ملازمین گزشتہ 10 سال سے نیو ایئرپورٹ اسلام آباد میں ملازمتیں کر رہے تھے مزدور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سید جعفر شاہ ، ملک قدیر ، ملک طارق ، ظہیر احمد اور حاجی فراقت نے کہا ہے کہ نئی حکومت کے آتے ہی ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے غریب ملازمین کو بے روزگار کیا جا رہا ہے جو انتہائی ظلم اور نا انصافی ہے اتھارٹی کے نادر شاہی حکم سے سینکڑوں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے ہو جائیں گے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایئرپورٹ پر کام کرنے والے سینکڑوں غریب ملازمین کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے ۔ 

تحصیل اٹک:سقہ آبادتا باہتر 20کلو میٹر کا ٹکڑا ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے ٹریفک بہاؤ ناممکن ہو گیا 
سقہ آبادتا باہتر 20کلو میٹر کا ٹکڑا ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک پر جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے ٹریفک بہاؤ ناممکن ہو گیا ،روڈ خستہ حالی کے باعث کئی نوجوان موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی ٹکر لگنے سے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں ،نئی آنے والی حکومت اس روڈ کی فی الفور تعمیر اور مرمت کر کے اہلیان علاقہ کا مطالبہ پورا کرے ۔ان خیالات کا اظہار اٹک سے سنجوال باہتر روڈ پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان ڈرائیور حضرات اور اہلیان علاقہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کیا ، ان حضرات نے بتایا کہ گزشتہ دس سالوں سے یہ روڈ ٹو ٹ پھوٹ کا شکار ہے اور خستہ حالی میں اپنی مثال آپ بن چکا ہے کہ اس روڈ پر سفر کرنا ناممکن ہو چکا ہے گزشتہ دور میں ایم پی اے شاویز خان اور دیگر مسلم لیگی قیادت نے متعدد مرتبہ مذکورہ روڈ کی مرمت اور تعمیر کا وعدہ کیا مگر وہ اپنے اس وعدے کو نبھانے میں ناکام رہے اور روڈ کی حالت خراب سے خراب تر ہوتی چلی گئی ٹرانسپورٹر ، ڈرائیور اور عوام نے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت مشیر ماحولیات کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور محکمہ ہائی وے حکام سے اس روڈ کی فی الفور تعمیر کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔

ضلع اٹک کی کرکٹ کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں ‘حالیہ دور حکومت کا بورڈ میں تبدیلیاں کرنا خوش آئندہیں ؛آفتاب احمد قریشی
ضلع اٹک کی کرکٹ کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں ‘حالیہ دور حکومت کا پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں کرنا خوش آئند عمل ہے ،ان خیالات کا اظہا رپلےئرزایسوسی ایشن اٹک کے ایڈوایزر آفتاب احمد قریشی نے صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا ،آفتاب قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین سے اپیل کی ہے کہ یہ اگرپاکستان کی کرکٹ کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم دیکھنا چاہتے ہیں تو گزشتہ 15سالوں سے کرکٹ گرواؤنڈوں پر قابض لوگوں کا احتساب کیا جائے اور ان کی کرپشن سامنے لا کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ ہمارے بچوں کا آگے مستقبل اور ٹیلنٹ محفوظ ر ہے ۔

ضلع اٹک:پیٹرولنگ پوسٹ خوشحال گڑھ کی پیٹرولنگ ٹیم نے گھر سے بھاگا ہوا بچہ والدین کے حوالہ کر دیا 
پیٹرولنگ پوسٹ خوشحال گڑھ کی پیٹرولنگ ٹیم نے گھر سے بھاگا ہوا بچہ والدین کے حوالہ کر دیا ،تفصیلات کے مطابق شفٹ انچارج پیٹرولنگ پوسٹ خوشحال گڑھ اے ایس آئی فخر عباس نے دوران پیٹرولنگ رات ساڑھے 3 بجے 14 سالہ نو عمر احسن محمود ولد اشرف محمود سکنہ ڈھاک کو لنگر سٹاپ کے قریب آواراہ گھومتے ہوئے دیکھا جو کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا ،شک ہونے پر انہوں نے معلومات حاصل کی تو پتہ چلا کہ یہ اتوار کی صبح ناراض ہو کر گھر سے بھاگا ہوا ہے جس کو گھر والے ہر جگہ ڈھونڈتے پھر رہے ہیں جس پر اس کے ماموں میاں لعل ولد فتح محمد سکنہ لنگر کے حوالہ کر دیا گیا عوامی حلقوں نے پیٹرولنگ پوسٹ خوشحال گڑھ کے عملہ کی انسان دوستی کی تعریف کی ہے ۔ 

ضلع اٹک:ملک بھر کی طرح اٹک میں بھی اینٹوں والے بھٹے 2 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان
ملک بھر کی طرح ضلع اٹک میں بھی اینٹوں والے بھٹے 2 ماہ کیلئے بند کرنے کا اعلان ، محکمہ تحفظ ماحولیات نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے تمام بھٹہ مالکان اور بھٹہ ایسوسی ایشن کو مطلع کردیا ہے کہ 20 اکتوبر سے 30 دسمبر تک تمام بھٹے بند رہیں گے اور آئندہ سے صرف انہیں بھٹوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی جو زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال کریں گے ،بھٹے بند کرنے کا فیصلہ سموگ سے بچاؤ کیلئے کیا گیا ہے ۔ 

ہٹیاں‘ حضرو:یاسر بٹ نے برمنگھم میں مقیم چھچھ کے گاؤں غورغشتی کی جانی پہچانی شخصیت حنیف خان دعویٰ کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیا 
یونین کونسل غورغشتی کی معروف نوجوان سماجی و سیاسی شخصیت کسان کونسلر یو سی غورغشتی یاسر بٹ نے گزشتہ روز برمنگھم میں مقیم چھچھ کے گاؤں غورغشتی کی جانی پہچانی شخصیت حنیف خان دعویٰ کے اعزاز میں عمانیہ ریسٹورنٹ میں پر تکلف عشائیہ دیا ۔اس موقع پر یوتھ کو نسلر سعد خان ،مراد خان ،مانو چوہدری ،سینئر صحافی حافظ محمد حفیظ میر ،دلشاد جلالیہ ،رضوان ، عارف ،ذاکر خان ،شاکر خان نے عشائیہ میں خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر یاسر بٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حنیف خان دعویٰ جیسی شخصیت کی سر پر ستی میرے لئے باعث فخر ہے آئندہ بلدیاتی الیکشن حنیف خان دعویٰ کے کندھے سے کندھا ملا کر لڑینگے، حنیف خان دعویٰ نے اگر چےئرمین یوسی غورغشتی کی سیٹ پر الیکشن لڑا تو ان کی الیکشن کمپین گھر گھر جا کر خود سے چلاؤنگاانہوں نے مزیز کہا ہے کہ حنیف خان دعویٰ کی عوامی وفلاحی خد مات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں حنیف خان دعویٰ غورغشتی کی غریب عوام کے مسیحا ہیں جو اپنے اخلاق و کردار کی بنا پر غریب عوام کے دلوں میں راج کرتے ہیں غورغشتی ہو یا انگلینڈ حنیف خان دعویٰ کے ڈیرے دوستوں سے سجے رہتے ہیں ، مہمانوں اور اہل علاقہ کاان کے ڈیرے پر آنا جانااللہ تعالی ٰکی حنیف خان دعویٰ پر خصوصی عنائیت ہے کیونکہ مہمان نوازی ہمارے نبی ﷺ کا شیوا ہے میں ذاتی طور پر حنیف خان دعویٰ کی دل سے قدر کرتاہوں اورانہیں اپنا بڑا بھائی سمجھتا ہوں عشائیہ کی تقریب کے موقع پر حنیف خان دعویٰ نے کونسلر یاسر بٹ کی طرف سے خوبصورت دعوت پر ان کا شکریہ ادا کیا ،حنیف خان دعویٰ نے مزیز کہا کہ ہمیں رب کی مخلوق سے پیار ہے میرے لئے چھچھ کا ہر فرد قابل احترام ہے ۔













Comments

Popular posts from this blog

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.

Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong S.A.R. +852 53 686 786