Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.
Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong.
اٹک شہر کی سڑکوں پر رات کو بغیر لائٹس چنگ چی رکشے اور موٹر سائیکل سڑکوں پر موت بانٹنے لگے ‘ انتظامیہ بے بس ولاچار ہو کررہ گئی
اٹک شہر کی سڑکوں پر رات کو بغیر لائٹس چنگ چی رکشے اور موٹر سائیکل سڑکوں پر موت بانٹنے لگے ،قانون نافذ کرنے والوں کی مبینہ خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے ،ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر اٹک نوٹس لیں ،عوامی حلقے تفصیلات کے مطابق اٹک شہر میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی مؤ ثر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی تمام سڑکوں پر کم عمر،نابالغ ،بغیر لائسنس اور قانون سے بے خبر چنگ چی رکشوں اور موٹرسائیکل ڈرائیوروں نے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور آئے روز رونما ہونے والے حادثات میں اضافہ کر دیا ہے ،بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور قانون سے بے خبران ڈرائیوروں کی وجہ سے حادثات معمول کا حصہ بن گئے ہیں جبکہ اکثر چنگ چی رکشے اور موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ کے بازاروں میں گھوم رہے ہیں ،جنہیں پوچھنے والاکوئی نہ ہے ،ٹریفک پولیس اٹک کے اہلکاروں کا ٹریفک کو کنٹرول اور ڈرائیوروں کو قانون کے مطابق سڑکوں پر چلنے کیلئے کوئی کردار ہی نہ ہے بلکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار چوک اور چوراہوں میں کھڑے ہو کر اپنے موبائلز فون پر مصروف ڈیوٹی کا وقت گزار تے ہوئے نظر آتے ہیں اور نابالغ ،بغیر لائسنس قانون شکن ڈرائیوروں کو قانون توڑنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ، رات کے اندھیرے میں چلنے والے اکثر چنگ چی رکشے سواریوں کو بٹھا کر سڑکوں پر بغیر لائٹس چلتے ہوئے موت بانٹنے میں مصروف ہیں ، اسی طرح اکثر موٹر سائیکل سوار بھی بغیر لائٹس اپنی فیملی اور بچوں کیساتھ سڑکوں پر دوڑتے نظر آتے ہیں جو کہ کسی بھی وقت حادثے کاسبب بن سکتے ہیں ، عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او اورچیف ٹریفک پولیس راولپنڈی ریجن سے مطالبہ کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس ، بغیر لائٹس کے چلنے والے چنگ چی رکشوں اور موٹر سائیکل ڈرائیوروں کے خلاف فوری سخت قانونی وتا دیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
اٹک سٹی:اسفندیاربخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کی تعمیر نو و مرمت کیوجہ سے مردانہ وارڈ مکمل طور پر بند ‘مریضوں کو مشکلات کا سامنا
اسفندیاربخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کی تعمیر نو و مرمت مردانہ وارڈ مکمل طور پر بند ‘مریضوں کو مشکلات کا سامنا ،ٹھیکیدار ایک سال سے کام مکمل کرنے کی بجائے طول دیے جا رہا ہے کوئی پرسان حال نہیں اس صورت حال میں ایک ایک بستر پر دو دو مریض پڑے ہیں جبکہ بعض مریضوں کو آپریشن کرتے ہی چھٹی دے دی جاتی ہے ،اس صورتحال سے مریضوں کے علاوہ ہسپتال کا عملہ اور ڈاکٹر بھی پریشان نظر آتے ہیں جس مریض کو داخل نہ کریں اُس کے لواحقین احتجاج شروع کر دیتے ہیں مریضوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک کی از سر نو تعمیر و مرمت کا کام ایک سال قبل شروع کیا گیا تھا جو کہ تاحال مکمل نہ کیا جا سکا ہے اس کام کی وجہ سے چار مردانہ وارڈ جو کہ میڈیکل اور سرجیکل پر مشتمل ہیں مکمل طور پر بند ہیں جس کی وجہ سے مرد مریضوں کے لیے ہسپتا ل میں داخلہ اور علاج معالجہ مشکل بن چکا ہے جو مریض ایمر جنسی کی صورت میں لایا جائے ڈاکٹر اُسے بھی داخل کرنے سے کتراتے ہیں کیونکہ مردانہ وارڈ بند ہونے کی وجہ سے مرد مریضوں کے داخلے اور بستر کا انتظام نہ ہونے کے برابر ہے ایک ایک بستر پر دو دو مریض مجبوری بن چکی ہے گزشتہ روز بھی نواحی گاؤں بھدری کے ایک مریض پرویز کو ایمر جنسی میں لایا گیا مگر بستر نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے داخل کرنے سے انکار کیا اس مریض کی اپینڈکس پھٹ گئی جس پر مجبوری کے تحت آپریشن کر کے اگلے روز ٹانکے لگائے بغیر مریض کو گھر بھیج دیا گزشتہ ایک سال یہ صورتحال جاری ہے عوامی سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کو پابند کیا جائے کہ وہ فی الفور کام مکمل کرے۔
اٹک سٹی:نوسر باز عورتوں کا گروہ سرگرم ‘کئی خواتین زیورات اور نقدی سے محروم
نوسر باز عورتوں کا گروہ سرگرم ‘کئی خواتین زیورات اور نقدی سے محروم ‘پبلک مقامات ،ہسپتالوں اور رکشوں میں اکثر اوقات نوسر باز گروہ کی خواتین عورتوں کو نشہ آور چیز سنگھاتی ہیں جس سے عورتیں دماغی طور پر مفلوج ہو جاتی ہیں اور اس دوران نوسر باز عورتیں زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتی ہیں ۔نواحی گاؤں شکردرہ کی ایک فیملی کی خواتین گزشتہ روز ایک نجی ہسپتال میں دوائی لینے کے لیے آئیں جو کہ ساس اور بہو تھیں نوسر باز عورتوں نے نشہ آور چیز سنگھا کر انہیں ذہنی طور پر مفلوج کیا اور اُسی حالت میں گاڑی میں بیٹھا کر اٹک حاجی شاہ روڈ پر نہر سے پہلے ویران جگہ پر اُن سے نقدی اور زیورات چھین کر پھینک دیا ،دو گھنٹے بعد جب ان دونوں کو ہوش آیاتو سڑک کنارے کھیتوں میں پڑی تھیں ایسے واقعات اس سے پہلے بھی ہوچکے ہیں پولیس حکام کو چاہیے کہ اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں ۔
اٹک سٹی:حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی گئیں ‘پاسپورٹ آفس اٹک کے میں تعینات سیکورٹی گارڈ کو گزشتہ دس ماہ سے تنخواہ نہیں ملی
حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی گئیں ‘پاسپورٹ آفس اٹک کے میں تعینات سیکورٹی گارڈ کو گزشتہ دس ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ،گھر میں فاقوں کی نوبت پہنچ گئی ،سیکورٹی گارڈ کمپنی پہلے ہی تنخواہ کی مد میں 6300دیتی ہے جو کہ دس ماہ گزرنے کے باوجود نہیں ملی جبکہ حکومت پاکستان کے قانون کے مطابق ایک مزدور کی اجرت 13000روپے مقرر کر رکھی ہے یہ بات وہاں تعینات سیکورٹی گارڈ نے ہمارے نمائندے کو بتائی کہ میں ڈریگن سیکورٹی سروس کی طرف سے یہاں پر ملازمت کر رہا ہوں اور میری یہاں پر 6300روپے تنخواہ مقرر کی گئی ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے میں نے بے روزگاری کی وجہ سے یہ نوکری جوائین کی لیکن میری غربت اور بے بسی پر متعلقہ سیکورٹی مالکان کو کوئی رحم نہ آیا اور میری گزشتہ دس ماہ سے تنخواہ روک رکھی ہے جو کہ سرا سر ظلم اور زیادتی کے مترادف ہے میرے گھر میں فاقوں نے ڈیرے دال رکھے ہیں جبکہ میں نے یہ بات اپنے حکام بالا تک پہنچائی لیکن تا حال کوئی شنوائی نہ ہوئی ہے میری سیکورٹی گارڈ کی وردی بھی پھٹ چکی ہے اور میرے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ میں دوبارہ نئی وردی لے سکوں ،حکومت پاکستان کے قانون کے مطابق ایک مزدور کی اجرت 13000روپے بنتی ہے جبکہ مجھے 6300روپے دی جا رہی ہے جوکہ حکومتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اس سب کے باوجود میں اپنی ڈیوٹی خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہوں انہوں نے مطالبہ کیا کہ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار سے اپیل کرتا ہوں کی میری مدد کی جائے اور اس بات کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے تا کہ انصاف کا بول بالا ہو سکے۔
اٹک سٹی:نیا پاکستان ‘ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے میں ناکام ‘تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت پرائیوٹ ملازمین رکھ لیے
ٹریفک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے میں ناکام ‘صرافہ بازار اٹک کے تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کرنے اور اُسے رواں رکھنے کے لیے پرائیویٹ طور پر دو ملازم رکھ لیے ہیں ،تاجروں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس بار بار کی درخواستوں کے باوجود جب ٹریفک کنٹر ول کرنے میں ناکام ہو گئی تو ہم نے اپنے طور پر دو ملازم رکھ لیے ہیں جو نہ صرف اس روڈ پر ٹریفک کو کنٹرل کریں گے اور ٹریفک رواں رکھنے میں کردار ادا کریں گے بلکہ رکشہ اور گاڑیوں کو صحیح طریقے سے پارکنگ بھی کرائیں گے ۔
گاؤں دامان:محکمہ وائلڈ لائف کی غیر قانونی شکار کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن ‘دوپارٹیوں پر بھاری جرمانہ عائد
محکمہ وائلڈ لائف کی غیر قانونی شکار کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن ، دو پارٹیوں تحصیل حضروکے مقام پر ریڈ کرکے فالکن پروندوں کے ذریعہ غیر قانونی شکار کرنے والے افراد پر بھاری جرمانہ عائد ، میڈیا کے سامنے پکڑے گئے پرندوں کو ہوا میں آزاد چھور دیا گیا ، تفصیلات کے مطابق اسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن مہوش رؤف نے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف کے آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے ریڈ پارٹی بنا ئی گئی ہے جسکی نگرانی ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر اٹک منظور احمد کر رہے ہیں ریڈ پارٹی نے تحصیل حضرو کے گاؤں دامان میں کامیاب ریڈ کرکے فالکن کے غیر قانونی شکار کی دو پارٹیوں کا چالان کیا ہے جن سے تیس ہزار جرمانہ وصول کیاگیا ہے اور شکار میں استعمال ہونے والے اور پرندوں کو پکڑ لیا گیا ہے اور ساتھ ہی ان کے آلات کو پکڑا گیا ہے، حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق یہ کاروائی ا ن لوگوں کے خلاف کی گئی ہے جو اٹک میں پرندوں کا غیر قانونی شکار کرتے ہیں اور ان فالکن کے ذریعہ شکارہونے والے پرندوں کو فروخت کیاجاتا ہے جس کی مالیت لاکھوں میں ہوتی ہے ، محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ پورے طریقہ سے ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے کہا کہ میں خود پورے راولپنڈی ریجن کے دورے کرکے ایسے عناصر کی سرکوبی کے لئے موجود ہوتی ہوں انہوں نے تمام شکاریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی شکار سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن مہوش رؤف نے میڈیا کے سامنے پکڑے گئے فالکن پرندوں کو ہوا میں چھوڑدیا، اٹک کے دورہ کے موقع پر محکمہ جنگلات کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف راولپنڈی ریجن مہوش رؤف نے وائلڈ لائف دفتر کے لان میں پودا بھی لگا یا اس موقع پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر سید کامران کاظمی ، جنرل سیکرٹری الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن لیاقت عمر ، سینئر صحافیوں جاوید کشمیری، حر عباس، ندیم حیدر ، حاجی سلیم خان، دانش سلیم ، محکمہ جنگلات اور محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا ۔
اٹک سٹی:ضلع کونسل اٹک کا اجلاس‘ ارکان ضلع کونسل ٹھیکیداروں کی طرف سے ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے پر سراپا احتجاج
ضلع کونسل اٹک کا اجلاس ارکان ضلع کونسل ٹھیکیداروں کی طرف سے ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے اور ضلع کونسل کے اجلاسوں میں مختلف محکموں کے افسران کی عدم شرکت پر سراپا احتجاج بن گئے ۔حاجی رفاقت خان برہان نے بھی پولیس چوکی برہان کے خلاف قرارداد پیش کر دی ،اجلاس کی کاروائی آفیسر ضلع کونسل عابد رضا خان نے چلائی ہاؤس کی صدارت چیئرمین یونین کونسل ملہو والی ملک ریاض الدین اعوان نے کی حاجی رفاقت خان برہان نے کہا کہ برہان چوکی پر جو انچارج لگایا گیا ہے اس کے خلاف میں خود ڈی پی او کے پاس پیش ہوا مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی پی ٹی آئی کی حکومت ہے افسران کو اجلاسوں میں آنا چاہیے میاں حبیب الرحمن ، ملک عزیز الرحمن ، اقبال خٹک اور دیگر نے ٹھیکیداروں کی طرف سے کام مکمل نہ کرنے کی شکایت کی جبکہ چن شیر افسر ، سید تنویر حسین شاہ اور حاجی محمد خان نے کوٹ فتح خان ، گلی جاگیر ، حاجی شاہ ، ملاں منصور ، قطبال اور دیگر علاقوں میں ضلع کونسل کی طرف سے فنڈ نہ ملنے کی شکایت کی جس پر سردار واجد علی خان اور چن حسن فردوس نے کہا کہ مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت نے 5 سال ہمارے ایم این اے محمد زین الہٰی کے فنڈز روکے رکھے مگر ہمیں اس ریت کو دوہرانا نہیں چاہیے جن ارکان کو فنڈز نہیں ملے انہیں فنڈز مہیا کیے جائیں میاں حبیب الرحمن ، ملک انصار ، حاجی رفاقت اور چن شیر افسر نے مذکورہ بلدیاتی سسٹم ختم نہ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس سسٹم کو جاری رکھا جائے جبکہ نقائص دور کیے جائیں میاں حبیب الرحمن نے کہا کہ ہم نے اٹک میں تبدیلی دیکھ لی ہے میجر طاہر صادق نے 4 لاکھ ووٹ لیے اور ضلع اٹک سے بھاری اکثریت سے جیتے مگر تحریک انصاف کی قیادت نے انہیں نذر انداز کر کے ووٹرز کی توہین کی ہے کیا یہی تبدیلی ہے یوسف خٹک اور خان وزیر خان خٹک نے کہا کہ میجر طاہر صادق ہر دل عزیز عوامی لیڈر ہیں تحریک انصاف کا حصہ ہیں یہ ہمارے اندرونی معاملات ہیں بہت جلد میجر طاہر صادق ، ملک امین اسلم اور پورے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی ایک پلیٹ فارم پر ہو گی اجلاس میں سیمنٹ فیکٹریوں کی طرف سے زیر زمین پانی نکالنے پر ٹیکس لگانے ، گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی اَپ گریڈیشن کلاسیں شروع کرنے ، سٹاف مہیا کرنے ، بجلی کی ترقیاتی سکیمیں اور دیگر کئی قراردادیں اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی گئی جو ضلع کونسل ارکان نے اتفاق رائے سے منظور کر لی ۔
حضروسے اٹک جانے والی کوسٹر بس نیو ہٹیاں روڈ پر تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی ، حادثہ میں 15 افراد زخمی
نیو ہٹیاں روڈ پر کوسٹر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی ، حادثہ میں 15 افراد زخمی ، تفصیلات کے مطابق حضرو سے اٹک آنے والی کوسٹر نمبر LR-2761 تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جس کے باعث 15 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر زخمیوں کو جائے حادثہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔زخمیوں میں 48 سالہ غلام حسین گیلانی ولد ناصر حسین کو تشویشناک حالت کے سبب راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں میں 24 سالہ عنبرین زوجہ صابر علی ، 22 سالہ چکوری بی بی زوجہ طارق حسین سکنائے ریلوے کالونی جھگیاں ، 55 سالہ پشمہ بی بی زوجہ محمد افسر سکنہ ویسہ ، 29 سالہ رخسانہ زوجہ جاوید ، 34 سالہ نوشین دختر فاروق احمد سکنہ فاروق اعظم کالونی گلی نمبر 7 ، 60 سالہ جمشید بیگم زوجہ میر بیگ ، 29 سالہ نیلم بی بی زوجہ جہانگیر بیگ ، سونیا بیگ دختر میر بیگ سکنائے میاں ڈھیری تحصیل غازی ، مشتاق احمد ولد فضل الہٰی ، 24 سالہ مظہر علی ولد عبدالقیوم سکنہ محمود آباد ، 40 سالہ تعظیم اختر زوجہ عاشق حسین سکنہ پوڑ میانہ ، 22 سالہ زوبیہ دختر وزیر ، 23 سالہ عثمان ولد شبیر ساکن حضرو ، 32 سالہ شبانہ دختر چنگیز خان سکنہ حمید ، 32 سالہ غزالہ زوجہ شاہد سکنہ اٹک شامل ہیں حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
تحصیل اٹک:جھلا خان چوک کے قریب ٹریفک حادثہ 3 ‘گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، 4 افراد زخمی ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
جھلا خان چوک کے قریب ٹریفک حادثہ 3 ‘گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، 4 افراد زخمی ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، حادثہ ٹریکٹر ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا ، زخمی ہسپتال منتقل ، تفصیلات کے مطابق اٹک شہر سے 5 کلو میٹر دور جھلا خان چوک کے قریب ڈھوک جوگیاں میں ٹریکٹر ، مہران کار اور کیری وین کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔حادثہ ٹریکٹر ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیشں آیا جس نے مہران کار کو رانگ سائیڈ سے ٹکر ماردی پیچھے سے تیز رفتاری میں کیری وین بھی آکر ٹکرا گئی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیازخمیوں میں 28 سالہ عبدالرحمن ولد محمد صادق ، 35 سالہ اکرم ولد مرسلین ، 22 سالہ سونیہ دختر صفدر اور 50 سالہ سہیل ولد فضل خان شامل ہیں حادثہ اتنا شدید تھا کہ مہران کار کے دو ٹکڑے ہو گئے پولیس چوکی فقیر آباد نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ۔
حضروسٹی:پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے اعلان سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن اور اس مافیا کو کوئی رعایت نہ دینے کے اعلان سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ‘یہ آپریشن لاہور میں شروع ہو چکاہے اگلے چند دنوں میں امید ہے کہ اٹک میں بھی تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف بلا تفریق آپریشن کر کے ضلعی انتظامیہ عوام کی دعائیں لے گی ۔ان خیالات کا اظہار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اللہ راضی ، محمد بلال، اُسامہ رشید، عزت خان ،محمد انصر، عبداللہ خان، صفدر خان، عتیق احمد، شبیر احمد خان، حافظ لیاقت علی اور دیگر نے ایک سروے کے دوران تجاوزات کے خلاف بات چیت میں کیا ہے شہریوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتیں بھی تجاوزات کے خلاف بلند و بانگ دعوے تو کرتی رہی مگر عملی طور پر قبضہ اور تجاوزات مافیا کے خلاف کوئی بھی حکومت موثر کاروائی نہ کر سکی موجودہ حکومت نے آتے ہی اس مافیا کے خلا ف قبضہ چھوڑانے اور تجاوزات ختم کرنے کا اعلان کر کے عملی طور پر لاہور میں اس کا آغاز کیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن مہم شرو ع ہو گئی جس سے صوبہ بھر کے عوام نے نہ صرف موجودہ حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی بلکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ اس آپریشن کو فی الفور صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں شروع کیا جائے سروے میں شہریوں نے کہا کہ اٹک شہر میں اتنی تجاوزات ہیں کہ عام آدمی کا سڑک پر چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے ۔علاوہ ازیں حضرو ، حسن ابدال ، جنڈ ، پنڈی گھیب ، فتح جنگ اور اٹک میں بننے والی ہاؤسنگ کالونیوں میں قبضہ مافیا نے مالکان سے ملی بھگت کر کے غریبوں کے پلاٹوں پر قبضہ کر رکھا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ ہے کہ اٹک شہر میں قبضہ اور تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن شروع کر کے شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائیں ۔
اٹک سٹی:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے ممبر قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کی ہمشیر ہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ میں تعزیت کی
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے ممبر قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈ طاہر صادق کی ہمشیر ہ کی وفات پر ان کی رہائش گاہ اٹک جاکر ان سے تعزیت کی ،اس موقع پر انہوں نے میجر ریٹائرڈ طاہر صادق سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ،انہوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، بعدا زاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میجر طاہر صادق اٹک اور پی ٹی آئی کا اثاثہ ہیں جنہوں نے ضلع اٹک کی ترقی کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں ہیں گورنر پنجاب نے اس موقع پر تمام افواہوں کی تردید کر تے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور میجر طاہر ایک ہیں اور وزیر اعظم عمران خان میجر طاہر صادق کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف کو پاکستان کی معیشت خستہ حالی میں ملی اور اب اس معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے سادگی اپنانے کے ساتھ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی درآمدات اور برآمدات میں چالیس ملین ڈالر کا فرق ہے اور قر ض اتارنے کے لیے مزید قرض لینے پڑرہے ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب پاکستان کی معیشت مضبوط بنیادوں پر کھڑی ہو گی گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہو گااور ملک ایک مرتبہ پھرترقی کی منازل طے کرے گا اور ماڈل ٹاؤن سانحہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور اس میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہ نئے بلدیاتی نظام پر کا م ہو رہا ہے اور اس ضمن میں قوم کو جلد خوشخبری سنائی جائے گی اس نظام میں عوام کا اختیار عوام کے سپرد کیا جائے گا ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ انتخابات سیاسی پارٹیوں کے ہوں گے اور ان میں اداروں کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے مربوط پلان کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے اور بہت جلد عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی شروع ہوجائے گی پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترحیج عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پاکستان کا عالمی دنیا بھی کھویا ہوا مقام بحال کرنا ہے تاکہ ہم بین الاقوامی سطح پر اپنا کھویا ہوا تشخص دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں ۔
ضلع اٹک:تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود میں نوادرات کی تلاش میں قبریں کھودنے والے گروہ کے خلاف پولیس کی کاروائی
تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود میں نوادرات کی تلاش میں قبریں کھودنے والے گروہ کے خلاف پولیس کی کاروائی میں ایک شخص گرفتار اور 3 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،عرصہ دراز سے رات کو قبروں کی کھدائی کی شکایات پولیس کو مل رہی تھیں ۔تھانہ سٹی حسن ابدال نے کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔
اٹک سٹی:ضلع اٹک کے پولیس ملازمین کو قانون کی تعلیم کیلئے لاء کالج میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی ؛رپورٹ
ضلع اٹک کے پولیس ملازمین کو قانون کی تعلیم کیلئے لاء کالج میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی ،اس سلسلہ میں ڈی پی او نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف لیگل اسٹڈیز کے پرنسپل اور ڈائریکٹر کیساتھ معاہدہ پر دستخط کئے جسکے تحت لاء کالج میں ایڈمیشن لینے والے پولیس اہلکاران کو پچاس فیصد ڈسکاوٗنٹ دیا جائے گا اٹک پولیس اپنے ملازمان و افسران کی ویلفیئر کیلئے بہت سے منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے اس موقع پر ڈی پی او نے انچارج ویلفیئر برانچ اٹک سب انسپکٹر خانزادہ شہروز کو اٹک پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے کی جانے والی کاوشوں پر شاباش دی ۔
اٹک سٹی:ماں بچے کی صحت ، صحت مند معاشرہ کی ضامن ہے ‘بچوں میں غذائی کمی کے تدارک کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا ؛ہفتہ غذائیت رپورٹ
ماں بچے کی صحت ، صحت مند معاشرہ کی ضامن ہے ‘خواتین اور بچوں میں غذائی کمی کے تدارک کیلئے تمام طبقات کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ۔ یہ بات سی ای اومحکمہ صحت اٹک ڈاکٹر عبدالجبار نے یکم تا 6 اکتوبر تک ہفتہ غذائیت منانے کے سلسلے میں سکول ہیلتھ نوٹروشن سپروائزر اور لیڈی ہیلتھ سپروائزر کی ایک تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے بتایا کہ ضلع اٹک میں محکمہ صحت اور یونیسف کے اشتراک سے ہفتہ غذائیت کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ طارق خان نیازی (ADCG) نے یکم سے چھے نومبر تک نیوٹروشن اور بریسٹ فیڈنگ ویک کی اہمیت کے حوالے سے آج کے سیمینار میں اہم خطاب کیا ۔ڈاکٹر محسن اشرف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (پی ایس) نے شرکاء کو متعلقہ ہفتہ کی آفادیت کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر کنیز فاطمہ ڈسٹرکٹ گائنا کالوجسٹ نے متعلقہ ہفتہ کے حوالے سے ماں اور بچے کی صحت اور ماں کا دودھ پلانے کی اہمیت پرخطاب کیا۔میڈیم فہمیدہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر اور میڈیم نزہت ایم ای او آفیسر نے بھی اس ہفتے کی اہمیت کے متعلق خطاب کیا۔ ڈاکٹرآصف نیازی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر IRMNCH & NP اٹک کے زیر نگرانی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ یونین کونسل کی سطح پر لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور سکول ہیلتھ نوٹروشن سپروائزر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے اور تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ، دیہی مراکز صحت ، بنیادی مراکز صحت میں سکریننگ اور ریفرل ڈیسک قائم کرنے کیلئے تمام متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں تمام یونین کونسل میں ماں بچوں کی رجسٹریشن کا جائزہ ہیلتھ سیشن کا انعقاد اور معلوماتی لٹریچر اور لڑکیوں میں ماں کے دودھ پلانے کی ترغیب کیلئے wrist band تقسیم کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ سکولوں اور کالجوں میں بچوں اور والدین کو ذاتی صفائی اور غذائیت پر لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہفتہ کے دوران دو سے پانچ سال کے ایک لاکھ اکاون ہزار چھ سو چھبیس نو عمر بچے بچیوں میں پیٹ کے کیڑے مار گولیاں کھلانا ، چھ سے چوبیس ماہ کے سہڑسٹھ ہزار تین سو اسی بچوں میں ملٹی مائیکرونیوٹرینٹ ساشے کی تقسیم سہڑسٹھ ہزار تین سو نوے دودھ پلانے والی ماؤ ں کی رجسڑیشن ، سکریننگ اور دودھ پلانے میں مسائل کی صورت میں ریفرل تینتیس ہزار چھ سو چرانوے شدید غذائی کی کمی کا شکار بچوں کی سکریننگ و علاج معالجہ اور ایک لاکھ چونتیس ہزار سات سو اسی اوسط غذائی کمی کا شکار بچوں کی سکریننگ اور غذائی ساشے کی تقسیم ،نوجوان لڑکیوں میں انیمیا کی نشاندہی اور فولاد کی گولیوں کی تقسیم، حاملہ خاتون کی رجسڑیشن ، دوران حمل معائنہ ، دو لاکھ اونہتر ہزار پانچ سو ستاون کے قریب اہل جوڑوں میں خاندانی منصوبہ بندی کی اشیاء کی فراہمی اور سب سے آخر میں دست کی بیماری کا شکار پانچ سال کے کم عمر بچوں میں زنک اور او آر ایس کی تقسیم شامل ہے۔
اٹک سٹی:بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے سب کیمپس اٹک میں 4 سال سے جاری پری ایگریکلچر کے داخلے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا
بارانی زرعی یونیوسٹی راولپنڈی کے سب کیمپس اٹک میں 4 سال سے جاری ایف ایس سی پری ایگریکلچر کے داخلے اپنی مقررہ تاریخ سے 15 روز گزر جانے کے باوجود لسٹ آویزاں کرنے سے انچارج شعبۂ تعلیمات ڈاکٹر رفعت حیات مبینہ طور پر انکاری ، اٹک کے درجنوں طلبہ و طالبات کا مستقبل تاریک ہونے کا اندیشہ ، تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کالج اٹک میں عارضی طور پر 4 سال قبل بارانی زرعی یونیوسٹی راولپنڈی کے سب کیمپس اٹک کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے لیے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر رفعت حیات کو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا اور انہیں اسپیشل ترقی بھی دی گئی بعدازاں ان کا تبادلہ ہو گیا اب دوبارہ وہ اٹک کیمپس میں تعینات ہو گئے اور انہوں نے چارج سنبھالتے ہی مبینہ طور پر ایف ایس سی پری ایگریکلچر پروگرام بند کرنے کیلئے ایک انوکھی شرط رکھی کہ انہیں ہائیر ایجوکیشن اور یونیورسٹی انتظامیہ تحریری طور پر کہے گی کہ ایف ایس سی پری ایگریکلچر پروگرام شروع کیا جائے تو شروع کریں گے جبکہ یہ پروگرام یونیورسٹی کے آغاز سے اٹک میں جاری ہے دلچسپ امر یہ ہے کہ یہی ایف ایس سی پری ایگریکلچر پروگرام اٹک کیمپس میں انہوں نے بطور انچارج شروع کروایا تھا زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں بھی کامیابی سے جاری ہیں طلبہ و طالبات کے والدین نے گورنر پنجاب جو یونیورسٹی کے چانسلر بھی ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بارانی زرعی یونیوسٹی راولپنڈی کے سب کیمپس اٹک میں ایف ایس سی پری ایگریکلچر پروگرام شروع کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں تاکہ اٹک کے طلبہ و طالبات کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے ۔
***********************************
انچارج شعبۂ تعلیمات ڈاکٹر رفعت حیات سے اس سلسلہ میں موقف لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ الزامات درست نہیں انہوں نے طلبہ و طالبات کی لسٹ بنا کر اپنے پاس رکھی ہوئی ہے تاہم وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام کی اس پروگرام کی منظوری تک داخلہ شروع نہیں کریں گے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ 2 سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد منظوری نہ ہونے پر طلبہ و طالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے جب ان سے یہ بات معلوم کی گئی کہ جب یہ پروگرام شروع ہوا تھا آپ اس کیمپس کے پہلے انچارج تعینات تھے اور یہ پروگرام اس دور سے جاری ہے اور اب آپ کن مقاصد کیلئے اعلیٰ حکام سے اجازت طلب کر رہے ہیں جو کسی بھی طرح درست نہیں ہے اس پر انہوں نے کہا کہ وہ ڈرائیونگ کر رہے ہیں پیر کے روز آپ میرے دفتر آ جائیں میں آپ کے سوالوں کی وضاحت کر دوں گا ۔
ضلع اٹک:سول ڈیفنس آرگنائزیشن کے مختلف فلور ملز، پٹرول پمپس پر چھاپے، فائر پروٹیکشن ودیگر آلات نہ ہونے پر پمپس کے چالان
ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس آرگنائزیشن اٹک عقیل خٹک کے مختلف فلور ملز، پٹرول پمپس پر چھاپے، فائر پروٹیکشن آلات نہ ہونے پر باہتر ملز، حمزہ پی ایس او پمپ کے چالان ، ، فلور ملز، پیٹرول پمپس پر سیکیورٹی اور آگ بجھانے والے آلات نہ رکھنے والوں کو آخری وارننگ، میڈیا کوآرڈینیٹر سول ڈیفنس کے مطابق ڈسٹرکٹ آفیسر عقیل عالم خٹک نے پیٹرول پمپوں اور فلور ملوں پر چھاپے مار کر آگ بجھانے والے آلات چیک کئے اور کارروائیاں کیں ، باہتر فلور ملز اور حمزہ پی ایس او پمپ مالکان کے چالان کئے جبکہ کچھ کو آخری وارننگ دی ، اس موقع پر عقیل خٹک نے کہا کہ گزشتہ دنوں کیمبلپور فلور مل کو اسی وجہ سے آگ سے نقصان پہنچا کہ وہاں پر آگے بجھانے والے آلات نہیں تھے خدانخواستہ مالی نقصان کے ساتھ جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا اس لئے قانونی تقاضے پورے نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور چالان کے ساتھ ساتھ جیل بھی دیکھنا پڑے گی ۔
حضروسٹی:پنجاب بھر کی طرح اٹک میں بھی محکمہ صحت اور یونیسف کے اشتراک سے ہفتہ غذائیت منایا جا رہا ہے؛رپورٹ
پنجاب بھر کی طرح اٹک میں بھی محکمہ صحت اور یونیسف کے اشتراک سے ہفتہ غذائیت منایا جا رہا ہے ، اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ماں بچے کی صحت ، صحت مند معاشرے کی ضامن ہے پر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس طارق نیازی تھے مہمان خصوصی نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب میں کہا کہ ہفتہ غذائیت 29ستمبر سے 6 اکتوبر تک منایا جائے گا جس میں لیڈی ہیلتھ سپر وائزر اور سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر اپنا بھر کردار اداکریں گے اس کے علاوہ ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز، دیہی مراکز صحت، بنیادی مراکز صحت میں سکریننگ اور ریفرل ڈیسک قائم کرنے کے لئے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں، تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالجبار ، گائنی کالوجسٹ ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے کہا کہ اٹک کی تمام یونین کونسلوں میں ماں بچوں کی رجسٹریشن کا جائزہ، ہیلتھ سیشن کا انعقاد اور معلوماتی لٹریچر، ماں کے دودھ پلانے کی ترغیب کے لئے تقسیم کئے جائیں گے، ہفتہ کے دوران سکولوں، کالجوں میں بچوں اور والدین کو ذاتی صفائی اور غذائیت پر لیکچر دئیے جائین گے، عملی طور پر دو سے پانچ سا ل کے ایک لاکھ 51 ہزار بچوں اور بچیوں میں پیٹ کے کیڑے مار گولیاں کھلانا، 6 سے 24 ماہ کے 67 ہزاربچوں میں ملتی مائیکر نیوٹریٹ ساشے کی تقسیم، عورتوں میں انیمیا کی نشاندہی اور فولاد کی گولیوں کی تقسیم، حاملہ خواتین کی رجسٹریشن، دوران حمل معائنہ، 2 لاکھ 69 ہزار کے قریب اہل جوڑوں میں خاندانی منصوبہ بندی کی اشیاء کی فراہمی اورپروگرام کے آخرمیں دست کی بیماری کا شکار 5 سال کے کم عمر بچوں میں زنگ اور ا وآرایس کی تقسیم شامل ہے تقریب میں لیڈی ہیلتھ سپروائزر اورسکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر نے شرکت کی ۔
حضروسٹی:تھانہ حضرو کی حدود سے 26 ستمبر کو اغواء ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی لاش نرتوپہ گاؤں کے کھیتوں سے برآمد
تھانہ حضرو کی حدود سے 26 ستمبر کو اغواء ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی لاش نرتوپہ گاؤں کے کھیتوں سے برآمد ، سفاک قاتلوں نے مقتول کے دونوں ہاتھ کاٹنے کے علاوہ تیز دھار آلے کی مدد سے اس کے جسم پر شدید ضربات بھی لگائیں۔ پولیس نے نا معلوم قاتلوں کے خلاف مقدمہ قتل درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ،تفصیلات کے مطابق بیوہ محمد صدیق سکنہ ریتلہ منڈی نے تھانہ حضرومیں ایف آئی آر درج کرائی کہ اس کا جواں سالہ بیٹا افتخار احمد عرف بھالو جو رکشہ ڈرائیور ہے اسے کسی نے اغواء کر لیا ہے اس پر تھانہ حضرو نے مقدمہ درج کر لیا اس دوران افتخار عرف بھالو کی لاش نرٹوپہ سے ملی جسے کسی نا معلوم سفاک قاتل نے مقتول دونوں ہاتھ کاٹنے کے علاوہ جسم کے دوسرے حصوں کو بھی ظالمانہ طریقہ سے تشدد کا نشانہ بنایا پولیس نے لاش برآمد کر کے مقتول کا پوسٹ مارٹم کرا کر ورثاء کے حوالہ کر دی پولیس حکام نے قتل کی اس بیہمانہ واردات پر ڈی ایس پی حضرو سرکل حیدر حسین کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دی ہے جس میں ایس ایچ او تھانہ حضرو سب انسپکٹر جاوید اقبال ، انچارج ایچ آئی یو سرکل حضرو سب انسپکٹر زبیر حیات ، جدید ٹیکنالوجی و انچارج آٹی لیب اٹک سب انسپکٹر جہانزیب خان ، انچارج سٹی چوکی حضرو سب انسپکٹر سہیل محمد خان اور دیگر پولیس افسران و عملہ شامل ہے نے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
حضرو شہر اورگردونواح میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پکڑگیا ،دکانوں پر سر عام پتنگ بازی کے سامان کی دھڑلے سے فروخت جاری
حضرو شہر اورگردونواح میں پتنگ بازی کا سلسلہ عروج پکڑگیا ،دکانوں پر سر عام پتنگ بازی کے سامان کی دھڑلے سے فروخت جاری کوئی پوچھنے والا نہیں ، تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود حضرو شہر اور گردونواح کے دیہاتوں نرتوپہ ، کالوکلاں ، پہتی ، پیرزئی ، حمید ، شاہ ڈھیر اور دیگر درجنوں دیہاتوں میں دکانوں پر کیمیکل ڈور یں اور پتنگیں دھڑلے سے فروخت ہو رہی ہیں معصوم بچے ، نوجوان لڑکے مکانوں کی چھتوں اور کھلے میدانوں میں پتنگ بازی کا شوق پورا کرتے دکھائی دے رہے ہیں پتنگ بازی کے اس خونی کھیل سے اب تک کئی معصوم بچے مکانوں کی چھتوں سے گر کر زخمی اور جاں بحق ہو چکے ہیں اور اب ایک بار پھر اس خوفناک مگر دلچسپ شوق نے پورے علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جمعہ اور اتوار کے روز پتنگوں سے آسمان بھرا ہوا نظر آتا ہے ، پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود حضرو شہر اور گردونواح میں سر عام پتنگ بازی کے سامان کی فروخت قانون نافذکر نے والے اداروں کیلئے کھلا چیلج بنی ہوئی ہے ، عوامی حلقوں نے ڈی پی اور اور ڈی سی او سے اپیل کی ہے کہ وہ پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو سکے ۔
گاؤں غورغشتی:غازی بھر وٹھہ نہر کی دونوں سائیڈوں پر لوہے کے حفاظتی جنگلے لگائے جائیں ؛یاسربٹ
غازی بھر وٹھہ نہر کی دونوں سائیڈوں پر لوہے کے حفاظتی جنگلے لگائے جائیں ،اب تک کئی قیمتی جانیں حفاظتی جنگلے نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہو چکی ہیں ان خیالات کا اظہار یاسر بٹ کسان کونسلر یونین کونسل غورغشتی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ غازی بھر وٹھہ نہرکی دونوں سائیڈوں پر حفاظتی جنگلے نہ ہونے کی وجہ سے اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں گزشتہ دنوں غورغشتی کے جواں سالہ رکشہ ڈرائیور حافظ ابرار کا رکشہ الٹنے کی وجہ سے حافظ ابرار نہر میں گر گیا جس کی لاش 5 دن گزرنے کے باوجود بھی تاحال نہ مل سکی اور اس قسم کے دلخراش واقعات اس سے قبل بھی رونما ہو چکے ہیں مگر ہمارے علاقہ کے سیاستدان اس طرف توجہ نہیں دیتے حضرو کی عوام نے موجودہ حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ غازی بھروٹھہ نہر کی دونوں سائیڈوں پر حفاظتی جنگلے لگائے جائیں تا کہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہو سکیں ۔
اٹک سٹی:سرپرست جمعیت علمائے اسلام اٹک مفتی امیر زمان حقانی کے والد محترم امیر حاتم میاں بقضائے الٰہی سے انتقال کر گئے
سرپرست جمعیت علمائے اسلام اٹک مفتی امیر زمان حقانی کے والد محترم امیر حاتم میاں بقضائے الٰہی سے انتقال کر گئے ہیں، مرحوم کی نماز جناز ہ مینگورہ سوات میں ادا کر دی گئی ہے ۔جے یو آئی ضلع اٹک کے امیر مولانا شیر زمان ، سیکرٹری جنرل قاسم خان، سر پرست قاضی خالد محمود، مولانا عبدالطیف، قاری محمد اقبال ، مفتی تاج الدین، شاہد ملک، حافظ ہارون الرشید اور دیگر نے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی بخشش اور مغفرت کی دعا کی ہے ۔
حضروسٹی:سودنوں میں عوام کو ریلیف دینے والوں نے 30دنوں میں ہی عوام کو تارے دکھا دےئے ؛ حاجی احسان خان
سودنوں میں عوام کو ریلیف دینے والوں نے 30دنوں میں ہی عوام کو تارے دکھا دےئے ،پرانے ٹھیکیداروں سے نیا پاکستان نہیں بن سکتا ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن حضرو کے رہنماء اور جنرل کونسلر بلدیہ حضرو حاجی احسان خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بجلی اور سوئی گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر کے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ،گزشتہ ماہ کی طرح اس ماہ کے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافی ٹیکس اور قیمتیں بڑھاکر عوام پر ظلم کی انتہا کر دی ہے ،پہلے 100دنو ں میں عوام کو ریلیف فراہم کر نے والے اور نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو بھیک مانگنے پر مجبور کرد یا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ انشاء اللہ ہمارے قائد میاں نواز شریف پاکستانی عوام کء دلوں کی دھڑکن ہیں اور رہیں گے ،میاں نواز شریف نے اپنے درو اقتدار میں پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا اور ملک میں کئی ایک منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے ،پی ٹی آئی کی حکومت نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر کشکول اٹھائے ڈیموں کے ناموں پر اپنی عوام سے بھیک مانگ رہی ہے ،ایسے کبھی بھی حکومتیں نہیں چلا کرتیں ۔
اٹک سٹی: ضلع اٹک کے صحافیوں کیلئے پی پی ایف اور یونیسکوصحافیوں سے فیلوشپس کے لیے درخواستیں طلب کر رہے ہیں ؛ ندیم رضا خان
چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ندیم رضا خان کے توسط سے ضلع اٹک کے صحافیوں کیلئے پاکستان پریس فاؤنڈیشن (پی پی ایف) اور اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی انجمن (یونیسکو) ان صحافیوں سے فیلوشپس کے لیے درخواستیں طلب کر رہے ہیں جنہوں نے 2018ء کے عام انتخابات کی کوریج کو بہتر بنانے کے لیے منعقدہ ورکشاپس میں شرکت کی تھی ، فیلوشپ ایک وسیع تر جغرافیائی علاقے کے لیے اور بعد از انتخابات جمہوری مکالمے کے مختلف پہلوؤں کا احاطہ کرنے کے لیے خبریں بنانے کے شعبے میں حاصل کردہ نئی مہارتوں کو استعمال کرنے کے کامیاب مواقع دے گی ، فیلوشپ کا ہدف اپنے کیریئر کے وسط میں موجود صحافی ہیں یہ فیلوشپ اس شعبے میں مختلف مہارتوں کو آزمانے اور ملک میں جمہوریت کے فروغ کو چیلنج دینے مسائل کی معلومات حاصل کرنے میں مدد دے گی ، صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ورکشاپس کے ساتھ ساتھ فیلوشپ میں ادارتی اور تکنیکی مدد بھی شامل ہوگی جو ایسی تفتیشی خبریں بنانے میں معاون ہوگی جوصحافت میں بہترین پیشہ ورانہ، اخلاقی و قانونی مقام کی حامل ہوں۔ نصاب ایسے طریقوں پر توجہ دیتا ہے جن میں ذرائع ابلاغ کو ذمہ دار قرار دیا جائے، اور وسیع تر تناظر میں ان طریقوں پر سیاسی ادارے کام کرتے ہیں صحافت کی اخلاقیات تمام مباحث کا مغز ہے ، فیلوشپ کی رقم پچاس ہزار روپے ہے فیلوز کو دس ہزار روپے تک کے سفری اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے ، ایسے انتخابی مسائل اور علاقوں پر انتخابات کے حوالے سے خبریں بنانے کے لیے صوبے کے اندر سفر کرنے پر شرکاء کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ جن سے عموماًمرکزی میڈیا صرفِ نظر کرتا ہے۔ یہ تربیت یافتہ صحافیوں کو اس صورت میں انتخابات کی زیادہ متنوّع اور مکمل کوریج کے قابل بنائے گا جس میں انہیں اپنے اداروں کی محدود مالیاتی و سفری مدد میسر ہوتی ہے۔ خصوصی توجہ خاتون صحافیوں کو سہولت دینے پر ہوگی جو عام طور پر رسائی اور نقل و حرکت میں بہت محدود ہیں اور زیادہ تر انہیں الیکشن بیٹ دی ہی نہیں جاتی فیلوشپ کا دورانیہ تین مہینے ہے اور ہر فیلو کو چھ جامع اور تجزیے پر مشتمل خبریں بنانی اور شائع یا نشر کرنا ہوں گی شرکاء سینئر صحافیوں کی زیر نگرانی کام کریں گے جو فیلوشپ کے عرصے کے دوران پروجیکٹ ایڈیٹرز کا کردار ادا کریں گے ادائیگی ہر خبر کی اشاعت یا نشر ہونے پر چھ اقساط کی صورت میں کی جائے گی، جس کی منظوری پروجیکٹ ایڈیٹرز دیں گے انتخابات 2018ء پر یونیسکو پی پی ایف کی جانب سے کروائی گئی ورکشاپس میں شرکت کرنے والے صحافی ہی فیلوشپس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں درخواست گزاروں کو لازمی ارسال کرنا ہوگا 1۔ پروفیشنل ریزیومے/سی وی تازہ تصویر کے ساتھ2۔ فیلوشپ درخواست کا پُر کیا گیا فارم (ڈاؤنلوڈ کے لیے کلک کیجیے)3۔ شائع یا نشر شدہ خبروں گے کم از کم پانچ لنکس/نمونے درخواستیں fellowships@pakistanpressfoundation.org پر بھیجی جائیں درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ اتوار 7 اکتوبر 2018ء رات 11 بجکر 59 منٹ ہے اس کے بعد بھیجی جانے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا ۔















Comments
Post a Comment