Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Lai King, Hong Kong.
Weekly News from Attock City and Tehsil Hazro, (Punjab) Pakistan. Updated from Hong Kong, +852 53 686 786
40سال تک بھارتی قید کے دوران پاکستان مردہ باد کا نعرہ نہ لگانیکی پاداش میں زبان کٹوانے والے مقبول حسین اٹک شہر میں انتقال کرگئے
40 سال سے زائدبھارتی قید کے دوران پاکستان مردہ باد کا نعرہ نہ لگانیکی پاداش میں زبان کٹوانے والے پاک آرمی کے بہادرسپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کرگئے ،سپاہی مقبول حسین 40 سال 29 دن بھارتی قیدمیں رہے بہادرسپاہی مقبول حسین کو 1965 ء کی جنگ میں بھارت نے جنگی قیدی بنایاتھا ،سپاہی مقبول حسین کو 17 ستمبر 2005 ء میں بھارتی قیدسے رہائی ملی تھی سپاہی مقبول حسین کوستارہ جرأت سے نوازاگیا۔ سپاہی مقبول حسین کو 29 اگست کے دن فوجی اعزازکیساتھ سپردخاک کیاگیا،آرمی چیف کا سپاہی مقبول حسین کی وفات پراظہارافسوس ، قوم کے بہادر سپاہی کو ان کی اعلی خدمات کرپیش نظر آزاد کشمیر رجمنٹل سینٹر نے انہیں رہائش اور ہر طرح کی سہولتیں فراہم کیں اور وہ کرتے دم تک یہاں قیام پذیر رہے دوران قید 40 سال 29 دن مسلسل انہیں مجبور کیا گیا کہ''پاکستان مردہ باد''کا نعرہ لگاؤ اورواپس پاکستان چلے جاو تاہم مرد حریت سپاہی مقبول حسین نے وطن کی محبت میں 40 سال سے زائد زبان نہیں کھولی آخر میں بزدل انڈین آرمی نے ہارمان کر ان کی زبان کاٹ کرانہیں پاکستان بھیج دیا 17ستمبر 2005 ء کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام نے قیدیوں کا ایک گروپ پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔اس گروپ میں مختلف نوعیت کے قیدی تھے،ان کے ہاتھوں میں گٹھڑیوں کی شکل میں کچھ سامان تھا جو شاید ان کے کپڑے وغیرہ تھے لیکن اس گروپ میں ساٹھ پینسٹھ سالہ ایک ایسا پاکستانی بھی شامل تھاجس کے ہاتھوں میں کوئی گٹھڑی نہ تھی جسم پر ہڈیوں اور ان ہڈیوں کے ساتھ چمٹی ہوئی اس کی کھال کے علاوہ گوشت کا کوئی نام نہیں تھا اور جسم اس طرح مڑا ہوا تھا جیسے پتنگ کی اوپر والی کان مڑی ہوتی ہے خودرو جھاڑیوں کی طرح سرکے بے ترتیب بال جنہیں دیکھ کر محسوس ہوتا تھا کہ طویل عرصہ تک ان بالوں نے تیل یا کنگھی کی شکل تک نہیں دیکھی ہو گی اور دکھ کی بات کہ پاکستان داخل ہونے والے اس قیدی کی زبان بھی کٹی ہوئی تھی لیکن ان سارے مصائب کے باوجود اس قیدی میں ایک چیز بڑی مختلف تھی اور وہ تھیں اس کی آنکھیں جن میں ایک عجیب سی چمک تھی پاکستانی حکام کی طرف سے ابتدائی کارروائی کے بعد ان سارے قیدیوں کو فارغ کردیا گیا سارے قیدی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے لیکن یہ بوڑھا قیدی اپنے گھر جانے کی بجائے ایک عجیب منزل کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا کانپتے اور ناتواں ہاتھوں سے وہ ٹوٹے ہوئے الفاظ لکھ لکھ کر اپنی منزل کا پتہ پوچھتا رہا اور ہر کوئی اسے ایک غریب سائل سمجھ کر اس کی رہنمائی کرتا رہا اور یوں 2005 ء میں یہ بوڑھا شخص پاکستان آرمی کی آزاد کشمیر رجمنٹ تک پہنچ گیا وہاں پہنچ کر اس نے ایک عجیب دعوی کردیا اس دعوے کے پیش نظر اس شخص کو رجمنٹ کمانڈر کے سامنے پیش کردیا کمانڈر کے سامنے پیش ہوتے ہی نہ جانے اس بوڑھے ناتواں شخص میں کہاں سے اتنی طاقت آگئی کہ اس نے ایک نوجوان فوجی کی طرح کمانڈر کو سلیوٹ کیا اور ایک کاغذ پر ٹوٹے ہوئے الفاظ میں لکھا ’’سپاہی مقبول حسین نمبر 335139 ڈیوٹی پر آگیا ہے اور اپنے کمانڈر کے حکم کا منتظر ہے‘‘کمانڈر کو کٹی ہوئی زبان کے اس لاغر، ناتواں اور بدحواس شخص کے اس دعوے نے چکرا کے رکھ دیا کمانڈر کبھی اس تحریر کو دیکھتا اور کبھی اس بوڑھے شخص کو جس نے ابھی کچھ دیر پہلے ایک نوجوان فوجی کی طرح بھرپور سلیوٹ کیا تھا کمانڈر کے حکم پر قیدی کے لکھے ہوئے نام اور نمبر کی مدد سے جب فوجی ریکارڈ کی پرانی فائلوں کی گرد جھاڑی گئی اور اس شخص کے رشتہ داروں کو ڈھونڈ کے لایا گیا تو ایک دل ہلا دینے والی داستان سامنے آئی اور یہ داستان جاننے کے بعد اب پھولوں، فیتوں اور سٹارز والے اس لاغر شخص کو سلیوٹ مار رہے تھے اس شخص کا نام سپاہی مقبول حسین تھا 65 ء کی جنگ میں سپاہی مقبول حسین کیپٹن شیر کی قیادت میں دشمن کے علاقے میں اسلحہ کے ایک ڈپو کو تباہ کرکے واپس آرہا تھا کہ دشمن سے جھڑپ ہو گئی سپاہی مقبول حسین جو اپنی پشت پر وائرلیس سیٹ اٹھائے اپنے افسران کے لئے پیغام رسانی کے فرائض کے ساتھ ہاتھ میں اٹھائی گن سے دشمن کا مقابلہ بھی کر رہا تھا مقابلے میں زخمی ہو گیا سپاہی اسے اٹھا کر واپس لانے لگے تو سپاہی مقبول حسین نے انکار کرتے ہوئے کہاکہ بجائے میں زخمی حالت میں آپ کا بوجھ بنوں، میں دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے آپ کیلئے محفوظ راستہ مہیا کرتا ہوں ساتھیوں کا اصرار دیکھ کر مقبول حسین نے ایک چال چلی اور خود کو چھوٹی کھائی میں گرا کر اپنے ساتھیوں کی نظروں سے اوجھل کرلیا دوست تلاش کے بعد واپس لوٹ گئے تو اس نے ایک مرتبہ پھر دشمن کے فوجیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اسی دوران دشمن کے ایک گولے نے سپاہی مقبول حسین کو شدید زخمی کردیا وہ بے ہوش ہو کر گرپڑا اور دشمن نے اسے گرفتار کرلیا جنگ کے بادل چھٹے تو دونوں ملکوں کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا تو بھارت نے کہیں بھی سپاہی مقبول حسین کا ذکرنہ کیا اس لئے ہماری فوج نے بھی سپاہی مقبول حسین کو شہید تصورکرلیابہادر شہیدوں کی بنائی گئی ایک یادگار پر اس کا نام بھی کندہ کردیا گیا ادھربھارتی فوج خوبصورت اور کڑیل جسم کے مالک سپاہی مقبول حسین کی زبان کھلوانے کیلئے اس پر ظلم کے پہاڑ توڑنے لگی اسے 4X4 فٹ کے ایک پنجرا نما کوٹھڑی میں قید کردیا گیا جہاں وہ نہ بیٹھ سکتا تھا نہ لیٹ سکتا تھا دشمن انسان سوز مظالم کے باوجود اس سے کچھ اگلوانہ سکا تھا سپاہی مقبول حسین کی بہادری اور ثابت قدمی نے بھارتی فوجی افسران کو پاگل کردیا جب انہوں نے دیکھا کہ مقبول حسین کوئی راز نہیں بتاتا تو وہ اپنی تسکین کیلئے مقبول حسین کو تشدد کا نشانہ بنا کر کہتے ’’کہو پاکستان مردہ باد‘‘ اور سپاہی مقبول حسین اپنی ساری توانائی اکٹھی کرکے نعرہ مارتا پاکستان زندہ باد، جو بھارتی فوجیوں کو جھلا کے رکھ دیتا وہ چلانے لگتے اور سپاہی مقبول کو پاگل پاگل کہنا شروع کردیتے اور کہتے کہ یہ پاکستانی فوجی پاگل اپنی جان کا دشمن ہے اورسپاہی مقبول حسین کہتا ہاں میں پاگل ہوں ہاں میں پاگل ہوں اپنے ملک کے ایک ایک ایک ذرّے کے لئے ہاں میں پاگل ہوں اپنے ملک کے کونے کونے کے دفاع کیلئے ہاں میں پاگل ہوں اپنے ملک کی عزت و وقار کے لئے سپاہی مقبول حسین کی زبان سے نکلے ہوئے یہ الفاظ دشمنوں کے ذہنوں پر ہتھوڑوں کی طرح لگتے آخر انہوں نے اس زبان سے بدلہ لینے کا فیصلہ کرلیا انہوں نے سپاہی مقبول حسین کی زبان کاٹ دی اور اسے پھر 4x4 کی اندھیری کوٹھڑی میں ڈال کر مقفل کردیا سپاہی مقبول حسین نے 1965ء سے لیکر 2005ء تک اپنی زندگی کے بہترین چالیس سال اس کوٹھڑی میں گزار دیئے اب وہ کٹی زبان سے پاکستان زندہ آباد کا نعرہ تو نہیں لگا سکتا تھا لیکن اپنے جسم پر لباس کے نام پر پہنے چیتھڑوں کی مدد سے 4x4 فٹ کوٹھڑی کی دیوار کے ایک حصے کو صاف کرتا اور ا پنے جسم سے رستے ہوئے خون کی مدد سے وہاں پاکستان زندہ باد لکھ دیتا یوں سپاہی مقبول حسین اپنی زندگی کے بہترین دن اپنے وطن کی محبت کے پاگل پن میں گزارتا رہا آئیں ہم مل کر آج ایسے سارے پاگلوں کو سلیوٹ کرتے ہیں 1965کے جنگی قیدی سپاہی مقبول حسین کی نماز جنازہ اے کے سنٹر اٹک میں اداکی گئی جس میں سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر خالد بیگ اور کمانڈنٹ اے کے سنٹر نے شرکت کی ، ان کی دوسری نماز جنازہ چکلالہ ائیربیس پر ادا کی گئی ، جس میں چیف آف آرمی سٹاف سمیت دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی سپاہی مقبول حسین مرتے دم تک آزاد کشمیر رجمنٹل سنٹر میں قیام پذیر رہے انہیں ان کے آبائی گاؤں سدھنوتی آزادکشمیرمیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔
اٹک سٹی:کاغذات نامزدگی برائے ضمنی انتخابات میں دونوں حلقوں سے 35 امیدواروں میں 2 کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے 37 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں اٹک میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3 پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں کاغذات نامزدگی میں دونوں حلقوں سے 35 امیدواروں میں 2 کے کاغذات نامزدگی سکروٹی کے دوران مسترد ہو گئے جن میں سے دونوں امیداروں کا تعلق حلقہ پی پی 3 سے ہے اس طرح پی پی 3 میں امیدواروں کی تعداد 15 اور این اے 56 میں امیدواروں کی تعداد 18 ہے کل امیدواروں کی تعداد 33 ہے جن کے درمیان مقابلہ متوقع ہے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ( ن ) نے دونوں حلقوں سے ابھی تک اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا حلقہ این اے 56 سے تمام 18 امیدواروں کے کاغذات سکروٹنی کے دوران درست قرار دے دیئے گئے ہیں جن میں مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ایم این اے ملک اعتبار خان آف کھنڈہ اور 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اس حلقہ سے مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ٹکٹ ہولڈر ملک سہیل خان آف کمڑیال ، مشیر وزیر اعظم پاکستان برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم ، سابق ایم این اے محمد زین الہٰی ، چیئر پرسن ضلع کونسل ایمان طاہر کے شوہر چوہدری وسیم گلزار ، سابق امیدوار قومی اسمبلی تحریک لبیک پاکستان سید فیصل محمود شاہ ، فیصل یار خان ، ملک خرم علی خان ، ملک لیاقت علی خان ، سردارممتاز خان ماجھیا ، ملک شیر خان سدریال ، ملک ریاست علی سدریال ، ملک محمد اسماعیل خان ، شہریار نواب خان ، اعزاز آصف ، سردار شاہ نواز خان ، ملک ہارون رمضان اور ملک امانت خان راول شامل ہیں ، حلقہ پی پی 3 کیلئے الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ ریٹرننگ آفیسر / ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اٹک عبدالرشید نے سکروٹنی کے دوران 2 امیدواروں وقار علی ولد سردار غلام علی خان سکنہ بجال کوٹ فتح خان اور سردار حسیب افتخار احمد ولد افتخار حسین ساکن مکان نمبر 132 ، سٹریٹ 20 ، F-10/2 اسلام آباد کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے اس طرح اس حلقہ میں اب 15 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جن میں سردار سکندر جنگ خان ولد سردار طارق جنگ خان سکنہ نیکا فتح جنگ ، عبداللہ خان ولد محمد زبیر خان سکنہ مکان نمبر 29 سٹریٹ 31 ، F-7/1 اسلام آباد ، سربراہ ماجھیا گروپ سردار ممتاز حسین ماجھیا ولد سردار احمد خان ماجھیا سکنہ ماجھیا فتح جنگ ، سابق تحصیل ناظم حسن ابدال شفقت علی خان طاہر خیلی ولد سلطان افسر خان طاہر خیلی سکنہ کچہ منوں نگر حسن ابدال ، سابق رکن قومی اسمبلی محمد زین الہٰی ولد رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق سکنہ زین ہاؤس باہتر فتح جنگ ، چوہدری وسیم گلزار ولد چوہدری محمد گلزار سکنہ باہتر فتح جنگ ، سردار فاران افضل خان ولد عارف علی خان سکنہ باہتر ، ایاز خان بالڑہ ولد محمد ریاض خان بالڑہ ، ان کے والد محمد ریاض خان بالڑہ ولد محمد نواز خان بالڑہ سکنائے کوہاٹ روڈ محلہ نئی آبادی فتح جنگ ، سابق ایم پی اے سردار محمد علی خان ولد سردار اسد علی خان سکنہ شاہراہ سعد اللہ فتح جنگ ، محمد مشتاق علی ولد محمد ممتاز سکنہ محلہ گوشت مارکیٹ فتح جنگ ، سابق تحصیل ناظم فتح جنگ سردار افتخار احمد خان ولد سردار عزیز احمد خان سکنہ کوہاٹ روڈ نئی آبادی فتح جنگ ، سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ملک ریاست علی سدریال ولد محمد خان سکنہ نتھیں ملکاں سدریال فتح جنگ ، محمد اکبر خان ولد شیر محمد خان سکنہ گوردوارہ داخلی موری سلطان پور حسن ابدال اور شاہد محمود ولد محمد رزاق ساکن محلہ گلی قاضیاں فتح جنگ شامل ہیں ۔
ضلع اٹک:اٹک چکوال کے سنگم پر واقع ڈھوک پٹھان پل کے قریب دس ویلر ڈمپر اضافی وزن کے سبب پیچھے ریورس ہو کر گہرائی میں جا گرا
اٹک چکوال کے سنگم پر واقع ڈھوک پٹھان پل کے قریب خطرناک چڑھائی چڑھتے ہوئے دس ویلر ڈمپر گیئر بدلنے کے دوران اضافی وزن کے سبب اونچائی پر جانے کی بجائے پیچھے ریورس ہو کر 100 فٹ سے زائد گہرائی میں جا گرا جس کے سبب ٹرک کی چھت پر سویا ہوا کنڈیکٹر ٹرک اور اس پر لدے سامان کے نیچے آ کر بری طرح کچلے جانے کے سبب جاں بحق جبکہ ٹرک ڈرائیور اور اس کا دوسرے کنڈیکٹر کو معجزانہ طور پر خراش تک نہ آئی ٹرک اور سامان کے نیچے دبے کنڈیکٹر کو نکالنے کیلئے کراچی سے پشاور جانے والی ٹریفک کی ہیوی گاڑیاں رکنے سے دونوں جانب میلوں تک ٹریفک جام ہو گئی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رسہ کی مدد سے سے خطرناک گہرائی میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ٹرک اور سامان کے نیچے دبی کنڈیکٹر کی لاش کو نکالا بعدازاں ٹریفک بحال ہونے میں کئی گھنٹے لگ گئے جس کے سبب مسافروں کو دقت کا سامنا کرنا پڑا یہ امر قابل ذکر ہے کہ فتح جنگ سے لے کر ڈھوک پٹھان تک کراچی سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک کی سب سے زیادہ رش والی سڑک ہے تاہم یہ پاکستان کی ان خستہ حال اور ناہموار سڑکوں میں شامل ہے جسے آج سے 40 سال پہلے دو رویہ کرنے کی ضرورت تھی تاہم اس پر کسی حکومت نے توجہ نہیں دی یہ روڈ ناہموار ہونے کے سبب آئے روز ٹریفک حادثات کا سبب بنتی ہے اور سالانہ فتح جنگ سے ڈھوک پٹھان تک ٹریفک حادثات میں 200 سے زائد افراد جاں بحق اور زخمی ہو جاتے ہیں جن میں سے بعض ساری زندگی کیلئے معذوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں سڑک کو کارپٹ اور دو رویہ کیے بغیر ان حادثات سے چھٹکارا ممکن نہیں ہو گا کیونکہ یہ سڑک سی پیک کی بھی معاون سڑک ہے اور اسے حکومت سی پیک پروجیکٹ میں شامل کر کے اٹک اور چکوال کے اضلاع کو ترقی کی جانب گامزن کر سکتی ہے ۔
اٹک سٹی:انتظامیہ کی ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی بر طرح ناکام ،دوکاندار من مانے ریٹس وصول کرنے لگے ،ڈپٹی کمشنر اٹک نوٹس لیں
انتظامیہ کی ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی بر طرح ناکام ،دوکاندار من مانے ریٹس وصول کرنے لگے ،ڈپٹی کمشنر اٹک نوٹس لیں،عوامی مطالبہ،تفصیلات کے مطابق اٹک انتظامیہ نے منافع خوروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے، حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آتی، پرائس کنٹرول کمیٹی بھی بے بس، عوام پریشان ،اٹک شہر اور گرد و نواح سے مہنگائی کی مرتکب، مافیہ نے انتظا میہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے اور من مرضی کے ریٹ وصول کر رہے ہیں،تمام بازاروں اور گرو نواح میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آتی شہر میں جنگل کا قانون ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں کاغذی پرائس کنٹرول کمیٹی دفتروں تک ہی محدود ہو کر رہ گئی عوام کو اشیا ءِ خورد نوش فراہم کرنے میں انتظامیہ بری طرح ناکام ہو گئی ہے ، بازار میں اسوقت تمام فروٹ اور سبزیا ں و دیگر اشیاءِ خوردو نوش بغیر پرائس کنٹرول ریٹ سٹیکر لگائے فروخت ہو رہی ہیں، بکرے کے گوشت کی قیمت 600سے850 اور900روپے فی کلو میں گائے کا گوشت 300سے 400 اور500 روپے فی کلو تک ،اسی طرح دودھ90روپے فی لیٹر اور دہی 100 روپے کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہاہے ،جس کا کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہے ،عوام کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظا میہ چیک اینڈ بیلنس پر خصوصی توجہ دے تاکہ عوام کو روزانہ کی اشیائے خوردو نوش انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہواسی طرح پھلوں کے نرخ بھی آسمان سے باتی کر رہے ہیں،مگر ان کو پوچھنے والا کوئی نا ہے اس کے برعکس پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلا س چند افراد جن کا اشیاءِ خورد ونوش کی قیمتوں کے ساتھ کوئی لین دین ہی نہ ہے انھیں بلا کر کاغذی کاروائی پو ری کردی جاتی ہے، مگر عام آدمی کو اس کا کوئی ریلیف نہیں ملتاعوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک محمد عمران قریشی سے شہر میں گراں فروشی کے مرتکب افراد سے سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
حضروسٹی:مضر صحت اور نا قص تر ین کیمیکل والے دودھ دہی کی کھلے عام فروخت ،انتظا میہ نو ٹس لے ؛ سول سوسائٹی فورم
مضر صحت اور نا قص تر ین کیمیکل والے دودھ دہی کی کھلے عام فروخت ،انتظا میہ نو ٹس لے ،عوام کو صحت مند اور محفوظ خوراک کے انتظا ما ت کر نا انتظا میہ کی ذمہ دا ری ہے ،سول سو سائٹی فورم‘تفصیلا ت کے مطابق چیئرمین سول سوسائٹی فورم منصبدار خان (نمبر دار )کی زیر صدارت اجلاس منعقدہوا جس میں سمندر خان نمبر دار ،ندیم رضا خان ،حافظ نصرت علی خان ،محمد ارشد ،محمد نا صر ،سا جد ،حافظ صدیق ،اعجاز اکرم ،ریاست خان ،آصف محمود بھٹی ،محمد سعیداعوان چیئر مین یو سی شمس آبا د ،حا جی احسان خان جنر ل کو نسلر حضرو سٹی ،محمد صدیق اعوان جنرل کو نسلر پہتی کے علاوہ دیگر نے شر کت کی ۔ اجلا س میں علاقہ میں کیمیکل والے دودھ اور دہی کی فروخت پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔شہر کے ہر کو نے میں دوکانوں پر اور گھروں میں سپلا ئی کے ذریعے انتہا ئی مضر صحت اور نا قص تر ین دودھ فروخت کیا جا رہا ہے ۔سول سوسائٹی فورم نے انتظامیہ سے اپیل کر تے ہو ئے کہا کہ دکانوں پر بھی اور سائیکل ،موٹر سائیکل کے ذریعے بھی دودھ فروخت کر نے والوں سے نمو نے حاصل کر کے ان کی کوالٹی چیک کی جا ئے کیو نکہ عوام کو صحت مند اور محفوط خوراک کے انتظاما ت کر نا ۔انتظا میہ کی ذمہ داری ہے ۔اس سلسلہ میں با قا عدہ سسٹم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر دودھ فروخت کر نے والے کے پا س با قا عدہ لا ئسنس ہو جو کسی ضابطے اور قاعدے کے مطا بق دودھ دہی کی فروخت کر یں ۔صفائی کے نظام کے با رے میں ہدایا ت پر پو ری طرح عمل در آمد کو ممکن بنایا جائے کیو نکہ اس وقت تو یہ حا لت ہے کہ دودھ کی فروخت کا کو ئی نظام ہی نہیں ۔دودھ دہی فروخت کر نے والے شتر بے مہار کی طرح کام کر رہے ہیں ۔انتظامیہ بالخصوص فوڈ ڈیپا رٹمنٹ اس معاملے کو پو ری ذمہ دا ری سے دیکھے یہ انسانی صحت کا سوال ہے ۔انتظامیہ اس معاملے میں سستی ہر گز نہ کرے ۔اس سے پہلے سپریم کو رٹ بھی دودھ کے معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکی ہے ۔
اٹک شہر میں رکشہ ڈرئیواروں نے جگہ جگہ غیر قانونی اڈے بنا رکھے ہیں جس سے شہریوں طلبا و طالبات کا پیدل گزرنا مشکل ہو گیا
اٹک شہر میں رکشہ ڈرئیواروں نے جگہ جگہ غیر قانونی اڈے بنا رکھے ہیں جس سے شہریوں طلبا و طالبات کا پیدل گزرنا مشکل ہو گیا ہے ٹریفک پولیس رکشہ اڈے نا کام ہو چکی ہے صرافہ بازار ، نئے سبزی بازار میں رکشہ ڈرائیوروں نے غیر قانونی اڈاے بنا رکھے ہیں صرافہ بازار میں صبح 10بجے سے شام 7بجے تک رکشہ ڈرائیور سڑک پر رکشہ کھڑا کر کے سواریاں بیٹھاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو جاتی ہے لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے اسی طرح نئے سبزی بازار میں یہ ہی صورت حال ہے رکشہ ڈرائیور سڑک پر کھڑے کر کے سواریا ں بیٹھاتے ہیں اگر کوئی شریف شہری ان کو سمجھاتا ہے تو وہ لڑائی جھگڑا شروع کر دیتے ہیں رکشہ ڈرائیور وں کو کوئی پچھانے والا نہیں 18سال سے کم عمر بچے بھی رکشہ چلا رہے ہیں اٹک کے شہریوں نے ایس ایس پی ٹریفک راولپنڈی ، ڈی پی او اٹک سے اپیل کی ہے کہ ان غیر قانونی رکشہ اڈاے فوری طور پر ختم کروائے جائے ۔
اٹک سٹی:کنٹریکٹ پربھرتی معذور افراد کا احتجاج ، جنرل بس اسٹینڈ کے قریب 15 پولیس کے دفتر کے سامنے اٹک تین میلہ روڈ بلاک کر دی
کنٹریکٹ پربھرتی معذور افراد کا احتجاج ، جنرل بس اسٹینڈ کے قریب 15 پولیس کے دفتر کے سامنے اٹک تین میلہ روڈ بلاک کر دی ، سڑک بلاک ہونے کے سبب گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ، شدید ٹریفک جام میں حساس اداروں کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں ، احتجاجی مظاہرین کا سرکاری محکموں میں ریگولر کرنے ، نکالے گئے معذور افراد کو بحال کرنے کا مطالبہ ، ریلوے کرایوں میں 50 فیصد رعایت کامطالبہ کیا انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈی سی اٹک کی جانب سے انہیں لال جھنڈی دیکھا دی گئی ہے جو ان کے ساتھ زیادتی ہے ، معذور افراد کے ساتھ ڈی ایس پی اٹک سید ضیغم عباس نے مذاکرات کیے جو ناکام ہو گئے ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے معذور افراد سے مذاکرات سے انکار کردیا احتجاج تین گھنٹے تک روڈ بلاک کی صورت میں جاری رہا جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ کوٹہ کے مطابق معذور افراد کو بھرتی کیا جائے معذور افراد نے اس عزم کا فیصلہ کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا انہوں نے بتایا کہ حکومت نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن،سپورٹس،پبلک ہیلتھ اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے 24 افراد کونکالنے کے احکامات جاری کئے ہیں اس دوران اسسٹنٹ کمشنر اٹک مذاکرات کے لئے پہنچ گئیں اور انہوں نے معذور افراد سے ہمدردی کرتے ہوئے انہیں اپنے دفتر میں بلا کر ان کے ساتھ احسن طریقہ سے مذاکرات کیے اس موقع پر معذور افراد نے ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی کے رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تین ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں اس پر اے سی اٹک نے انہیں ایک ہفتے میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی اس موقع پر خصوصی افراد نے انتظامیہ کو اپنی مختلف شکایات بھی پیش کیں ۔
ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں قائم پی او ایل کھوڑ کمپنی کے ڈیلی ویجیز 200 ملازمین کا احتجاج تیسرے روز میں داخل
ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب میں قائم پی او ایل کھوڑ کمپنی کے ڈیلی ویجیز 200 ملازمین کا احتجاج تیسرے روز میں داخل ، دھرنا جاری.جب تک تنخواہیں نہیں ملتیں احتجاج جاری رہے گا ، پنڈی گھیب سے 25 کلو میٹر کے فاصلے پر لگا سو سالہ پرانا ویل جو اب پی او ایل کے نام سے مشہور ہے پی او ایل میں ڈیلی ویجیز میں کام کرنے والے سینکڑوں مزدورں کو اگست کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقے پڑنا شروع ہو گئے ہیں تمام مزدوروں نے کمپنی افس کے باہر دھرنا دیا ہوا ہے جس کا آج تیسرا روز ہے،مزدورں کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے نارتھ ویل نمبر ایک میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے کمپنی رول کے مطابق جب بھی ایسی کامیابی ہوتی ہے کمپنی کے تمام ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہیں اضافی دی جاتی ہیں وہ بھی ہمیں ادا نہیں کی گئیں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس اف پاکستان ثاقب نثار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمارا حق لے کر دیا جائے اور ان افسران کا رویہ بھی ٹھیک کیا جائے ہم مزدوروں کی بھی عزت نفس ہے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے تب تک یہ دھرنا جاری رہے گا ۔
تحصیل حضرو:ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر نے متعدد میڈیکل سٹورز کا معا ئنہ کرتے ہوئے مختلف مقامات پر خلاف قانون اقدامات پر سیل کر دیا
ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر سید طارق مسعود شاہ گیلانی نے محکمہ صحت پنجاب وصوبائی ڈرگ کنٹرولر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اچانک متعدد میڈیکل سٹورز کا معا ئنہ کرتے ہوئے بے ضابطگیاں برتنے اور خلاف قانون اقدامات پر شاھد میڈیکل سٹور رنگو تحصیل حضرو کو سرکاری ادویات برآمد ہونے پر سیل کر دیا جبکہ حسن میڈیکل سٹور بالمابل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو کو پروپرائٹر اور کوالیفائیڈ پرسن کی عدم موجودگی اور بغیر وارنٹی ادویات فروخت کرنے کے جرم میں سیل کر دیا گیا ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر صاحبزادہ سید طارق مسعود شاہ گیلانی نے واضح کیا ہے کہ قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے والے میڈیکل سٹورز کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی کسی سفارش کو بالائے طاق لایا جائے گا ۔
اٹک سٹی:کامسیٹس یونیوسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس اور سمیڈا پنجاب کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہو گئے
کامسیٹس یونیوسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس اور سمیڈا پنجاب کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہو گئے ، کامسیٹس یونیوسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس نے سمیڈا پنجاب کیساتھ کیمپسی کی سطح پر طلباء کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کر دیئے ہیں اس موقع پر سمیڈا کے سی ای او شیر ایوب خان اور ڈائریکٹر کامسیٹس یونیوسٹی اٹک کیمپس ڈاکٹر عبدالرحمن خان بھی موجود تھے مفاہمت کی یاد داشت پر جنرل منیجر سمیڈا ارو سمیڈا کے ایکٹنگ صوبائی سربراہ راجہ حسنین جاوید اور کامسیٹس اٹک کیمپس کے شعبۂ منیجمنٹ سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر صدام حسین نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے دستخط کیے تقریب میں یونیوسٹی کے اساتذہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی اس موقع پر سی ای او سمیڈا شیر ایوب خان نے کامسیٹس اٹک کیمپس کی اس سلسلہ میں کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمیڈا پنجاب اٹک کیمپس کے طلباء و طالبات کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹس اٹک کیمپس ڈاکٹر عبدالرحمن خان نے مفاہمت کی یاد داشت کو علاقہ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایک اہم قدم قرار دیا جس سے طلباء و طالبات اور انڈسٹری کے درمیان روابط قائم ہوں گے اور طلباء و طالبات میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اس سے وہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم خدمات سر انجام دے سکیں گے اور اس سے اٹک میں ایس ایم ایز کی تعداد بڑھائی جا سکے گی سمیڈا اٹک کے ایس ایم ایز کی صلاحیت بڑھانے کیلئے پروگرام بھی شروع کرے گا اور یونیوسٹی کے طلباء و طالبات کو دوران تعلیم انٹرن شپ کی سہولیات بھی فراہم کرے گا ۔
اٹک سٹی: کامسیٹس انفارمیشن یونیورسٹی اٹک کے پرانے کیمپس میں آگ لگ گئی
کامسیٹس انفارمیشن یونیورسٹی اٹک کے پرانے کیمپس میں آگ لگ گئی ،یونیورسٹی کی کینٹین میں گیس سلنڈر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، بروقت اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 اٹک کی ایمبولینس اور فائر وہیکل فورا موقع پرپہنچ گئی ۔ریسکیو 1122 اٹک کے فائرفائٹرنے نہایت تکنیکی مہارت سے آگ پرقابوپالیا ریسکیو 1122 اٹک کے ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوا جس کوطبی امدادکے بعدڈی ایچ کیوہسپتال اٹک منتقل کردیایونیورسٹی انتظامیہ نے ریسکیو 1122 اٹک کی بروقت کاروائی پرتہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ریسکیو 1122 کے عملہ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے کامسٹس انفارمیشن یونیورسٹی اٹک کی بلڈنگ کومزیدکسی بڑے نقصان سے بچالیا ۔
ضلع اٹک: کھوڑ روڈ ھلیاں چوک کے قریب 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل سے بھرے آئل ٹینکر اور ٹریلر کے درمیان تصادم، سڑک 15 گھنٹے بند
کھوڑ روڈ ھلیاں چوک کے قریب 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل سے بھرے آئل ٹینکر اور ٹریلر کے درمیان تصادم، سڑک 15 گھنٹے بند رہی جس کے سبب کراچی سے پشاور جانے والی ہیوی ٹریفک کی کئی ہزار گاڑیوں کو متبادل راستے اختیار کرنے پڑے جس کے سبب دیگر علاقوں کی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا آئل ٹینکر کوہاٹ سے کھوڑ آئل فیلڈ جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹریلر نے پیچھے سے آ کر ٹکر مار دی جس کے باعث آئل ٹینکر سے تیل رسنا شروع ہو گیا اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ایمبولینس اور فائر وہیکل فوراً موقع پر پہنچ گئی اور روڈ کو عام ٹریفک کے لئے بند کردیا کافی مقدار میں تیل رس چکا تھا کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 اور پولیس موقع پر موجود رہی ۔
اٹک سٹی:بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن امتحان میٹرک ضمنی 2018 مورخہ 08ستمبر 2018 بروز ہفتہ سے شروع ہو رہا ہے
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی کے زیر اہتمام امتحان میٹرک ضمنی 2018 مورخہ 08ستمبر 2018 بروز ہفتہ شروع ہو رہا ہے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تمام طلباء و طالبات کو رول نمبر سلپس ارسال کر دی گئی ہیں پرائیویٹ طلباء و طالبات کی رول نمبر سلپس ان کے داخلہ فارم پر دیئے گئے پتہ پر ارسال کر دی گئی ہیں اگر کسی طالب علم کو رول نمبر سلپ وصول نہیں ہوئی تو وہ بورڈ آفس واقع مورگاہ یا کنٹرولر امتحانات کے فون نمبر051-5450917،051-5450918 پر رابطہ کر سکتے ہیں ، ترجمان بورڈ ارسلان چیمہ کے مطابق امتحان میٹرک ضمنی 2018 کے لیے 33 امتحانی مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں جن میں طلباء کے امتحانی مراکز کی تعداد 09 اور طالبات کے امتحانی مراکز کی تعداد 07 جبکہ مشترکہ17 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ضلع اٹک میں 07، چکوال میں03، جہلم میں 05، راولپنڈی لوکل 08 اور راولپنڈی مفصل میں 10 امتحانی مراکز تشکیل دیئے گئے ہیں اسی طرح33 ناظم /ناظمہ مرکز، 51نائب ناظم / ناظمہ مرکز تعینات کئے گئے ہیں ۔
اٹک سٹی:ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کی
ضلعی امن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کی ،اجلاس میں ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی،اسسٹنٹ کمشنرز،ضلعی افسران اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام میں امن اور مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ اہم ہے جو ہمیں اتحاد و یگانگت کے ساتھ ساتھ ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے اس موقع پر ضرورت اس امر کی ہے کی تمام مکاتیب فکر کے عوام اس موقع پر اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کا بھر پور مظاہرہ کریں جس کا درس ہمیں دین اسلام سے ملتا ہے اور جو ہمارے لیے مشعل راہ ہے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اٹک حسن اسد علوی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پو لیس اٹک نے محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں ضلع بھر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں کو بھر پور سیکورٹی فراہم کی جائے گی انہوں نے اس موقع پر تمام ممبران امن کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ حفاظتی منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے بھی خطاب کیا اور تمام مکاتیب فکر کے علماء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بھرپور عوامی تعاون کا یقین دلایا اجلاس میں مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جن پر قانون کے مطابق عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی گئی ۔
اٹک سٹی:ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا
ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)اٹک طارق خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنر ز،چیف افسران ،پرائس مجسٹریٹس اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیا گیا۔چاول سپر کرنل پرانا135 روپے فی کلو،چاول سپر کرنل نیا110،دال چنا موٹی105-115،دال چنا باریک100،دال مسور 90،دال ماش ایس کیو100،دال مونگ 100،سفید چنا (باریک)100،سفید چنا(موٹا)150 بیسن110،سرخ مرچ 300 روپے فی کلو فروخت ہو گی۔ا یڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)اٹک طارق خان نیازی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس متعین کردہ قیمتوں پر قانون کے مطابق عمل درآمد کروائیں۔
اٹک کے حلقہ این اے 56اورپی پی 3 کے ضمنی انتخابات کے حوالہ سے قاضی احمد اکبر نے بذریعہ مفصل رپورٹ اعلیٰ قیادت کو آگاہ کر دیا
اٹک کے حلقہ این اے 56اورپی پی 3 کے ضمنی انتخابات کے حوالہ سے پی ٹی آئی ضلع اٹک کے صدر و ممبر سی ای سی قاضی احمد اکبر نے زمینی حقائق کے پیش نظر اپنی مفصل رپورٹ سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کر دیا ، پارٹی موجودہ حالات میں کسی نئے تجربے اور ایڈوانچر کی متحمل نہیں ہو سکتی ، ٹکٹوں کے حوالہ سے میجر (ر) طاہر صادق کی مشاورت اور رضا مندی سے ضمنی الیکشن میں عام الیکشن جیسے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ،رپورٹ، تفصیلات کے مطابق 14اکتوبر کو ہونے والے اٹک کے حلقہ این اے 56اورپی پی 3 کے ضمنی انتخابات کے حوالہ سے اعلیٰ قیادت کی طرف سے ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر سے رپورٹ اور مشاورت مانگی گئی جس میں ضلعی صدر قاضی احمد نے زمینی حقائق اور امیدواروں کی مقبولیت کے پیش نظر اپنی تفصیلی رپورٹ مشاورت کے ساتھ اعلیٰ قیادت کے سپرد کر دی عام انتخابات کی طرح آمدہ ضمنی انتخابا ب میں 100فیصد کامیابی کیلئے ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کی مشاورت اور رضا مندی از حد ضروری ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کسی نئے تجربے اور ایڈوانچرکی متحمل نہیں ہو سکتی اس حوالہ سے جب ضلعی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان قاضی احمد اکبر عمران خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی صدر کی جانب سے رپورٹ میں پارٹی کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ مذکورہ حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم میں میجر طاہر صادق اور مقامی تنظیم کو اہمیت دیکر 100فیصد نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔
دبئی سٹی:6ستمبر 1965کو افواج پاکستان نے انڈیا کی طرف سے کیے گئے بزدلانہ حملے کو ہر محاذ پر ناکام کیا ؛ محمد رفیق آف ویسہ
6ستمبر 1965کو افواج پاکستان نے انڈیا کی طرف سے کیے گئے بزدلانہ حملے کو نہ صرف ہر محاذ پر ناکام کیا بلکہ افواج پاکستان نے ملک کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے جان کے نذرانے پیش کیے 6ستمبر ایک تاریخی دن ہے اس مرتبہ یوم دفاع کو یوم شہداء کی یاد میں منانے کا اعلان کر کے آرمی چیف نے عوام کے دل جیت لیے ہیں ،ان خیالات کا اظہار گاؤں ویسہ سے تعلق رکھنے والی معروف سماجی وکاروباری شخصی محمد رفیق مقیم دبئی (متحدہ عرب امارات ) نے یاسرامین سے اپنی ایک آن لائن ٹیلیفونک بات چیت میں کیا، انہو ں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جس طرح ہماری افواج نے ہر محاذ پر دشمن کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے اُن کے دانت کھٹے کیے اور انہیں شکست سے دو چار کیا مبادہ جب بھی کبھی ایسی کوئی صورتحال سامنے آئی تو ملک کا بچہ بچہ اپنی جان پر کھیل کر نہ صرف ملکی حفاظت کر ے گا بلکہ اپنی فوج کے ساتھ ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے وطن عزیز کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا ،محمد رفیق نے مزید کہا کہ اس مرتبہ یوم شہداء کے حوالے سے اس دن کو منانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل کو معلوم ہو سکے کہ اس ملک کی آبیاری اور حفاظت کے لیے ہماری افواج نے کتنی قربانیاں دی ہیں ‘پوری قوم ان قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور پاک فوج کو یقین دلاتی ہے کہ پوری قوم فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
اٹک سٹی:پاکستان سمیت ضلع اٹک میں کرکٹ کا تاریک دور اب ختم ہو چکا ؛آفتا ب احمد قریشی
پاکستان سمیت ضلع اٹک میں کرکٹ کا تاریک دور اب ختم ہو چکا ہے کیونکہ دنیا کرکٹ کے منجھے ہوئے کھلاڑی عمران خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف ہیں عمران خان کے اقتدار سنبھالتے ہی جو تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں عوام تک اس کے ثمرات پہنچانا شروع بھی ہو چکے ہیں احسان مانی کا چیئرمین کرکٹ بورڈ منتخب ہونا پاکستان میں کرکٹ کے اندر نئی روح ڈالنے کے برابر ہے ان خیالات کا اظہار سابق چیئرمین الفیصل کرکٹ کلب آفتاب احمد قریشی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع ہو جائے گی کیونکہ احسان مانی دنیا بھر میں کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اٹک میں بھی کرکٹ پر چھائے کالے بادل اور چور دروازے سے داخل ہونے والے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے نام نہاد لوگوں کا بوریہ بستر گول ہونے والا ہے کیونکہ ہر شعبہ میں اب میرٹ کا بول بالا ہو گا ۔
اٹک سٹی:ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی اٹک کا ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا
ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی اٹک کا ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا ،اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) اٹک طارق خان نیازی نے کی، اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اٹک اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (توسیع) کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں ضلع میں کسان پیکیج کے تحت جاری سکیموں کا جائزہ لیا گیااور ان پر عمل درآمد کی رفتار کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس کو تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز (توسیع) نے اپنی اپنی تحصیلوں میں جاری کاموں پر بریفنگ دی اور ان کی موجودہ پوزیشن کے بارے میں بتایا گیا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) اٹک طارق خان نیازی نے تمام متعلقہ افسران کو ان سکیموں کی فوری تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے وافر مقدار میں فنڈز فراہم کررہی ہے اور کسانوں کی سہولت کے لئے انہیں مالی معاونت کے علاوہ ہر قسم کی فنی معاونت بھی فراہم کررہی ہے تاکہ کسانو ں کی معاشی حالت کو بہتر بنایا جاسکے اور ملک کو خوراک کے معاملے میں خود کفیل بنایا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ زراعت ہماری ملک کی معیشت کا سب سے اہم فیکٹر ہے اور اس کی ترقی سے ہی ملکی ترقی جڑی ہوئی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم اس شعبہ سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ملک خوشحال ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ افسران کسانوں کی شکایات کا فوری ازالہ کریں ،انہو ں نے کہا کہ حکومت جس طرح آبپاش رقبے میں اضافہ کے لئے پانی کے وسائل کی فراہمی کے لئے اسی فیصد سبسڈی فراہم کررہی ہے اور ٹنل ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے بھی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے فیلڈ سٹاف اور افسران کسانوں کو اس بارے مکمل آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہر طرح معاونت اور راہنمائی بھی فراہم کریں ۔
اٹک سٹی: اٹک میں تحریک انصاف کو صف اول کی جماعت بنانے کا تمام تر سہرا قائد رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کے سر ہے ؛ اکرم خان
اٹک میں تحریک انصاف کو صف اول کی جماعت بنانے کا تمام تر سہرا قائد رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کے سر ہے ،ان کے مشورے سے دونوں ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دیئے گئے تو تحریک انصاف کامیابی سے ہمکنار ہو گی ورنہ تحریک انصاف کو دونوں نشستوں سے ہاتھ دھونے پڑیں گے ضلع بھر کی عوام میجر طاہر صادق کے علاوہ کسی کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ان خیالات کا اظہار رہنما میجر گروپ کونسلر بلدیہ اٹک حاجی محمد اکرم خان نے چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب اٹک ملک عطاء محمد خان اعوان کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ 100 روزہ پلان کامیابی کیساتھ جاری ہے 3 ماہ میں پوری قوم اس کے نتائج دیکھے گی پاکستان تحریک انصاف صدارتی الیکشن واضع اکثریت سے جیتے گی اپوزیشن کو ما یوسی ہوگی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر انقلابی اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کرتے ہوئے واضع پیغام دیا ہے پوری قوم وزیر اعظم کے اقدام پر انکی مشکور ہے وزیر اعظم عمران خان اقوام عالم میں پاکستان کی درست انداز میں نمائندگی کررہے ہیں پوری قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
اٹک سٹی:جبری مشقت اور چائلڈ لیبر سمیت کسی قسم کی دیگر قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہ برتیں ؛ عمران قریشی
ڈپٹی کمشنر اٹک عمران قریشی نے کہا ہے کہ اٹک میں جبری مشقت اور چائلڈ لیبر سمیت کسی قسم کی دیگر قانون کی خلاف ورزی پر محکمہ محنت اور دیگر محکمہ جات کسی قسم کی رعایت نہ برتیں اور قانون کے مطابق قانون شکنی کی مرتکب کے خلاف کاروائی کی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویلجنس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں اے ڈی سی ( ایف اینڈ پی ) طاہر خان نیازی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر پشلام عمائل ، سوشل سکیورٹی آفیسر عبدالستار ، ایگزیکٹو آفیسر ای او بی آئی میر افضل ، ڈپٹی دسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر عبدالرب ، ضلعی آفیسر سوشل ویلفیئر محمد اکرم ، سوشل موبلائزر آئی پی پروجیکٹ محمد برہان ، صدر بھٹہ خشت ایسوسی ایشن طاہر محمود ، انسپکٹر پولیس اشفاق ملک ، ورکر بھٹہ خشت یونین علی شان اور دیگر موجود تھے ڈی سی نے جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے حوالہ سے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ اس سلسلہ میں خلاف ورزی کے مرتکب کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے حکومت کی جانب سے کم از کم نتخواہ 15 ہزار روپے مقرر ہے اس کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب کے چلان کیے جائیں انہوں نے تفصیلی بریفنگ لی جس میں انہیں بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کا کوئی کیس نہیں بھٹہ خشت پر 76 بچوں کو رجسٹرڈ کر کے سکولوں میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی تعلیم کے تمام تر اخراجات حکومت برداشت کر رہی ہے ۔
حضروسٹی:چیف جسٹس نے ویب چینلوں کے خلاف نوٹس لے لیا
چیف جسٹس نے ویب چینلوں کے خلاف نوٹس لے لیا ۔جعلی ویب ، چینل اور جعلی صحافیوں کے خلاف آپریشن شروع رپورٹ طلب ، جعلسازی کی ہر قسم کے خلاف سخت کاروائی ہدایات جاری کر دی گی چیف جسٹس نے معروف ٹی وی چینل اونر کی اپیل پر سوشل میڈ یا پر صحافی بن کر عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایات جاری کر دی جعلی ویب چینلز اور ان ویب چینلز کے جعلی صحافیوں کیخلاف پیمرا میں کمپلین نمبر 0619210220 درج کروائیں اور کمپلین ویب سائٹ پر بھی درج کروائی جا سکتی ہے جس پر فوری کاروائی کی جائے گی اور کمپلین کرنے والے کا نام راز میں رکھا جائے گا ۔
گاؤں مرزا‘اٹک:انتخابات میں آزاد امیدوار کی حمایت کرنے کی پاداش میں کھالیں جمع کرنے پر مدرسے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
انتخابات میں آزاد امیدوار کی حمایت کرنے کی پاداش میں مخالف نے سیاسی مخالفت کے سبب عرصہ 20 سال سے سالانہ 100 سے زائد اجتماعی قربانی کرنے والے ادارہ مدرسہ عبداللہ بن زبیر گاؤں مرزا میں جہاں درجنوں طلبہ دین کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ‘میں قربانی کی کھالیں برآمد ہونے پر سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے زیر دفعہ 188 ت پ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی بجائے دہشت گردی کی دفعات اور بغیر ثبوت کالعدم تنظیم سے تعلق ظاہر کرنا بد ترین ریاستی دہشت گردی اور ایک مسلک کو دیوار کے ساتھ لگانے کے مترادف ہے جس سے موجودہ حکومت کی نیک نامی کو داغ لگانے کی کوشش کی گئی ہے دین کی تعلیم سے سالانہ 50 لاکھ سے زائد طلبہ طالبات کو دین کی تعلیم سے آراستہ کرنے والے مدارس جو ان ہی کھالوں اور علاقہ کے لوگوں کے عطیات و خیرات سے یہ فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ان کو دہشت گردی کے مراکز سے جوڑنا زیادتی کی انتہا ہے ان خیالات کا اظہار مدرسہ عبداللہ بن زبیر گاؤں مرزا کے مہتمم مولانا عبدالرشید نے اپنے مدرسہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پریس کانفرنس سے سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ملک حمید اکبر خان ، شیخ القرآن مولانا حبیب احمد آف ویسہ ، ضلعی امیر جے یو آئی ( ف ) رہنما ایم ایم اے مولانا شیر زمان ، وائس چیئرمین مرزا یونین کونسل ملک فیاست خان ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) مولاناحفیظ الرحمن ، رہنما مسلم لیگ ( ن ) ملک محمد خان ، ٹھیکیدار جمیل احمد ، وقار احمد اعوان اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر چیئرمین الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن اٹک لالہ صدیق ، لیاقت عمر ، طارق محمود ، حر عباس ، طاہرنقاش ، شیخ باہر قیوم ، حافظ نصرت علی خان ، سابق چیئرمین اٹک پریس کلب رجسٹرڈ ڈاکٹر مہتاب منیر خان ، علاقہ بھر کے علماء کرام ، معززین علاقہ ، مدارس کے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی مہتمم مولانا عبدالرشید نے کہا کہ یہ مدرسہ عقیدہ توحید پر کام کر رہا ہے ایک عرصہ سے دین اشاعت پر کام ہورہا ہے قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنا کہاں کا جرم ہے مدرسہ عبداللہ بن زبیر کو دہشتگردی سے جوڑنا زیادتی ہے مولانا عبدالرشید مہتمم جامعہ ہذا مدرسہ میں ہر سال قربانی کی جاتی ہے ہرسال 70 سے 100 جانور ذبح کیے جاتے ہیں جبکہ پولیس نے ذبح شدہ جانور اور کھالیں اٹھا لیں ان کھالوں کو بیچ کر مدرسہ کے بچوں پر خرچ کیا جاتاہے مجھ پر یہ الزام ہے کہ میرا تعلق دہشت گرد تنظیم سے ہے مقدمہ سیاست کی بنیادپر کیا ہے آزاد امیدوارملک حمید اکبر کی حمایت کرنے پر مجھ پر مقدمہ بنایا گیا میرے بھانجے اور شاگرد کے خلاف ایف آئی آر جھوٹی ہے ایسے اقدام پر وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس سے جھوٹی ایف آئی آر کے اخراج کا مطالبہ ہے سکیورٹی ایجنسیوں نے مسجد کی بے حرمتی کی ہے 6 گھنٹوں تک پورے علاقہ کا محاصرہ کیے رکھا علماء کرام کی مشاورت سے آ ئندہ لائحہ طے کریں گے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ملک حمید اکبر نے کہا کہ جوتوں سمیت مسجد میں گھسنے پر مذمت کرتے ہیں ،کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا ۔نئے پاکستان میں ایسے لوگوں سے ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے ،عید والے دن بے گناہ لوگوں کو بند کرنا ظلم ہے 20 سال سے مدارس اور مساجد کی خدمت کی جارہی ہے سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے جھوٹے مقدمہ کو خارج کیا جائے دیگر مقررین نے کہا کہ مولانا عبدالرشید پر ایف آئی آر درج کرنا ناانصافی ہے ، اجتماعی قربانی کی کھالیں تھانہ لے کر جانا ایک سوالیہ نشان ہے اس مدرسہ کو غلط تنظیموں سے جوڑنا ٹھیک نہیں ہے مولانا عبدالرشید نے کہا کہ وہ کچھ عرصہ قبل ضلعی عدلیہ اٹک سے اپنی 30 سال سروس مثالی کردار اور ایمانداری سے مکمل کرنے کے بعد بطور ریڈر ریٹائرڈ ہوا ہوں،میں نے ساری زندگی قانون کے دائرے میں رہ کر گزاری جسکا ثبوت یہ ہے کہ موجودہ مقدمہ سے قبل میرے خلاف تمام زندگی کسی قسم کا کوئی مقدمہ درج نہ ہوا ہے حتی کہ میرے خلا ف کوئی درخواست تک نہ ہے اور یہ کہ میری زندگی میں کبھی بھی کسی کالعدم، جہادی تنظیم یا کسی بھی شدت پسند تنظیم سے کسی بھی طرح کا کوئی تعلق واسطہ نہ رہا ہے اور نہ ہی میں نے کسی ایسی تنظیم کے لئے کبھی چندہ دیا ہے میں وطن عزیز پاکستان کا ایک محب وطن شہری ہوں اور بحیثیت پیش امام فرائض نمازوں کے بعد بالعموم اور جمعہ کے اجتماع پر بالخصوص پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے لئے دعا کرواتا ہوں میں جامعہ حسینیہ تعلیم القرآن کا مہتمم اعلیٰ ہوں جسکا سنگ بنیاد 1999 میں اس وقت کے ممبر قومی اسمبلی اور وطن عزیز کے جید شیخ الحدیث،رہنماء جمیعت علماء اسلام (ف) مولانا حسن جان شہید رحمۃ اللہ علیہ نے رکھا اور یہ کہ مدرسہ ہذا 2001 سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحق ہے،جہاں بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فرقہ واریت سے پاک قرآن وسنت کی تعلیم دی جاتی ہے انہوں نے اس امر کی وضاحت کی کہ جامعہ حسینیہ تعلیم القرآن ملک کی مشہور ومعروف دینی جماعت اشاعت التوحید والسنہ کا علاقائی مرکز ہے اور یہاں پر ہمیشہ اشاعت التوحید والسنۃ کے پروگرام اور منشور کے مطابق منعقدپروگرامز میں اس جماعت کے اکابرین تشریف لاتے ہیں جن میں علامہ احمد شعیب خان ، شیخ القرآن علامہ محمد طیب طاہری پنج پیری، شیخ القرآن مولانا غلام حبیب اور علامہ عطاء اللہ بندیالوی قابل ذکر ہیں اور یہ میں یہاں یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ میں جماعت اشاعت التوحید والسنہ کی شوریٰ کا رکن ہوں انہوں نے میڈیا کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ گزشتہ 20 سال سے مسلسل مدرسہ میں معززین علاقہ مل کر اجتماعی قربانی کرتے ہیں جن میں قربانیوں کی تعداد 70 سے 100 کے درمیان ہوتی ہے اس سال بھی حسب روایت عید الاضحیٰ کے موقع پر(427) لوگوں نے مدرسہ کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کی جس میں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھتے ہیں اوراس سال بھی اجتماعی قربانیوں کا سلسلہ جاری تھا کہ ان قربان شدہ جانوروں کی کھالیں ذبح ہونے والی جگہ پر مدرسہ میں پڑی ہوئی تھیں کہ پولیس نے اپنے قبضہ میں لے لیں انہوں نے اس امر کی بھی وضاحت کی کہ صدقات خیرات اور اجتماعی قربانی کی کھالوں سے حاصل ہونے والی آمدنی جامعہ کے مسافر، یتیم، غریب اور مستحق طلباء پر صرف کی جاتی ہے اس سال میں نے یا مدرسہ کی انتظامیہ نے حکومت کی طرف سے اجازت نامہ نہ ملنے کی وجہ سے کسی بھی شخص سے یاکسی بھی دیگر شحص کے ذریعے سے قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کیں اور نہ ہی اس مقصد کے لئے اسپیکر سے کوئی اعلان کیا اور نہ ہی ہم نے کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے کوئی کیمپ لگایا یہ مقدمہ بدنیتی کی بنیاد پر سیاسی مخاصمت اور پوشیدہ مقاصد کے حصول کے لئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر درج رجسٹرڈ کیا گیا ہے انہوں نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں آزاد امیدوار ملک حمید اکبر خان کی سیاسی سپورٹ کی بعد ازاں ملک حمید اکبر خان ایم پی اے کا الیکشن ہار گئے اور پولیس کے ساتھ مل کر مخالف امید وار نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا،عید الاضحیٰ کے مقدس تہوار پر میرے سگے بھانجے عثمان معاویہ کو بھی اسی بے بنیاد مقدمہ میں گرفتار کرلیا گیا میرے ایک شاگرد عبد اللہ کو بھی اسی بے بنیاد مقدمہ میں ملوث کیا گیاہم مکمل طور پر بے گناہ ہیں ۔
اٹک سٹی:ضلعی انتظامیہ اٹک نے محرم الحرم کے حوالے سے مجوزہ منصوبہ جاری کر دیا
ضلعی انتظامیہ اٹک نے محرم الحرم کے حوالے سے مجوزہ منصوبہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سیکورٹی سے متعلق تمام ذمہ داریاں ڈی پی او اٹک،اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی او سپیشل برانچ اٹک نبھائیں گے۔شہری دفاع سے متعلق ڈی پی او اٹک،ڈی او شہری دفاع،صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے سی او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،ضلع کے تما م ایم ایس اور ریسکیو1122،فائر بریگیڈ کی ذمہ داریاں اے ڈی سی جی اٹک اور ضلع بھر کے تمام چیف افسران،سٹریٹ لائٹس ایکسین بلڈنگ اور تمام میونسپل کمیٹیاں،صفائی کا انتظام ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ،سی او ضلع کو نسل اور تمام میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران ،روشنی کے متبادل انتظام کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز،بجلی کی فراہمی کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایکسین واپڈا،وال چاکنگ کی صفائی کے لیے ڈی پی او اٹک اور میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران،کنٹرول روم کے لیے اے ڈی سی جی ااور تمام اے سی،آرمی اور رینجرز کی رہائشوں کے لیے ڈی ڈی کالجز،سی ای او ایجوکشن اور تمام اے سی،ٹرانسپورٹ کی سہولت کے لیے اے ڈی سی ایف اینڈ پی ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے،کئیر ٹیکر ڈی سی آفس،ٹریفک پلان کے لیے ڈی ایس پی ٹریفک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے،جلوس کے راستوں میں آنے والے تعلیمی اداروں کی بندش کے لیے سی ای او تعلیم،ڈی ڈی کالجز اور پرنسپل پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی،جلوس اور مجالس کی براہ راست کوریج کے لیے ایس این اے اور ایکسین بلڈنگ،ہیلی پیڈ کی تیاری کے لیے تمام اے سی اور تمام واک تھرو گیٹس کی مرمت کے لیے تمام چیف افسران اور کئیر ٹیکر ڈی سی آفس اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اس سلسلہ میں باقاعدہ احکامات جاری کر دہیے گئے ہیں ۔














Comments
Post a Comment